پاکستان سپرلیگ11 :زلمی کاراج، ریکارڈزکی برسات
پی ایس ایل 11 کے لاہور میں کھیلے جانے والے فائنل میں شائقین کو شرکت کی اجازت دے دی گئی:پشاور زلمی کے کوشل مینڈس اس وقت بیٹنگ چارٹ پر راج کر رہے ہیں اور’’گرین کیپ‘‘اپنے نام کر رکھی ہے
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کا گیارہواں ایڈیشن اپنے اختتامی اور سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ پہلے مرحلے کے آخری روز یعنی آج کراچی میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں حیدر آباد کنگز مین اور راولپنڈیز جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز مدمقابل ہوں گے۔ شائقین کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ حکومت نے پی ایس ایل کے فائنل میں شائقین کو شرکت کی اجازت دے دی ہے جو 3 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا ۔
بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے پلے آف کیلئے سب سے پہلے کوالیفائی کر کے اپنی دھاک بٹھا دی ہے جبکہ ملتان سلطانزنے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔ ایونٹ کی نئی ٹیم’راولپنڈیز‘مسلسل 8 شکستوں کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے،تاہم راولپنڈیز نے اپنے نویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہراکر بالآخر جیت کا مزہ چکھ لیا ہے۔
تادم تحریر پوائنٹس ٹیبل پرپشاور زلمی پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ ملتان سلطانز دوسری جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری پوزیشن پر ہے۔ ایونٹ میں شامل نئی ٹیم حیدرآباد کنگز مین، دفاعی چیمپئن لاہور قلندرزاور کراچی کنگز چوتھی، پانچویں اورچھٹی پوزیشن کیلئے نبرد آزما ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے امکانات بہت محدود ہو گئے ہیں۔
لیگ کے گیارہویں ایڈیشن نے پاکستان کے کرکٹ میدانوں میں ایک نیا جوش و خروش بھر دیا ہے۔ آٹھ ٹیموں کے نئے فارمیٹ اور کھلاڑیوں کے ’آکشن سسٹم‘نے نہ صرف ٹورنامنٹ کی مقبولیت کو چار چاند لگا دئیے ہیں بلکہ میدان میں مقابلوں کی شدت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
لیگ کے رواں سیزن میں جہاں دو نئی ٹیموں، حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی پنڈیز کا اضافہ ہوا، وہیں میدان میں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی نے بھی نئے سنگ میل عبور کیے۔یہ سطور شائع ہونے تک مزید میچز بھی کھیلے جاچکے ہوں گے جن کے باعث اعدادو شمار میں تبدیلی ممکن ہے تاہم پشاور زلمی کے کوشل مینڈس اس وقت بیٹنگ چارٹ پر راج کر رہے ہیں۔ انہوں نے اب تک 493 رنز بنا کر ’’گرین کیپ‘‘اپنے نام کر رکھی ہے۔ ان کا تعاقب پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کر رہے ہیں جو 426 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ لاہور قلندرز کے فخرزمان 343رنز کے ساتھ ٹاپ تھری میں شامل ہیں۔
بولنگ میں پشاور زلمی کے نوجوان اسپنر سفیان مقیم نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ وہ 18 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں اور ’’میرون کیپ‘‘ان کے پاس ہے۔ کراچی کنگز کے حسن علی 15وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی 14 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
انفرادی ہائی سکوردیکھا جائے تو کوشل مینڈس (پشاور زلمی) نے کراچی کنگز کے خلاف 109 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹورنامنٹ کا بہترین سکور بنایا۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان 106 ناٹ آئوٹ ،اسٹیو اسمتھ (106) اور عثمان خان (101) کی سنچریاں بھی نمایاں رہیں۔
بہترین بولنگ کا جائزہ لیا جائے تو شاہین شاہ آفریدی اور آصف محمود نے سب سے کم 18رنز دے کر چار چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ افتخار احمد نے 21رنز جبکہ حسن علی نے 27رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور زلمی کے علی رضا نے کراچی کنگز کے خلاف تاریخی ہیٹ ٹرک کر کے ریکارڈ بنایا۔ علی رضا نے کراچی کنگز کے خلاف اننگز کے آخری اوور کی آخری تین گیندوں پر خوشدل شاہ، شاہد عزیز اور حسن علی کو آئوٹ کیا۔ علی رضا ٹی 20کرکٹ میں ہیٹ کرنے والے کم عمر ترین بولر بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے 18 سال 35 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ ان سے قبل ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی بولر محمد حسنین تھے، جنہوں نے پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے 19 برس اور 123 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
فیلڈنگ میں بھی چستی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ پشاور زلمی کے کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ کیچز پکڑے ہیں، جبکہ انفرادی طور پر بابر اعظم اور فخر زمان اہم پوزیشنز پر موجود ہیں۔حیدرآباد کنگزمین کے عثمان خان پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے پلیئر بن گئے۔پی ایس ایل 11 کے 33ویں میچ میں حیدر آباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹ سے شکست دے کر مسلسل چوتھی فتح اپنے نام کرلی ہے۔میچ میں حیدرآباد کنگزمین کے عثمان خان نے ملتان کے خلاف پی ایس ایل میں اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری بنائی، جس کے بعد وہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ عثمان خان نے اننگز میں 10 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو اہم ترین میچ میں فتح دلائی، انہوں نے پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر 33 میچز کھیلے ہیں، انہوں نے 2023ء میں ایک اور 2024ء میں دو سنچریاں سکور کیں۔
لیگ کے 34ویں میچ میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر فاسٹ بائولر محمد عامر اور فہیم اشرف پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ راولپنڈیز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین ہونے والے میچ کے دوران محمد عامر اور فہیم اشرف الجھ پڑے تھے، کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر میچ ریفری نے دونوں پلیئرز پر میچ فیس کا 10، 10 فیصد جرمانہ عائد کیا، دونوں پلیئرز نے غلطی تسلیم کر لی۔
پشاور زلمی کی حالیہ فارم دیکھ کر لگتا ہے کہ انہیں روکنا کسی بھی ٹیم کیلئے ہمالیہ سر کرنے کے مترادف ہوگا۔ تاہم ملتان سلطانز کی بیٹنگ گہرائی اور لاہور قلندرز کا بولنگ اٹیک کسی بھی وقت پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ حیدرآباد کنگز مین نے اپنی مسلسل چار فتوحات سے ثابت کیا ہے کہ وہ ’انڈر ڈاگ‘کے طور پر فائنل تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔