چٹنی …ذائقے اور صحت کا خزانہ
چٹنی ہمارے کھانوں کا ایک اہم جزو ہے جو کھانے کے ذائقے، خوشبو اور غذائی افادیت میں اضافہ کرتی ہے۔
مختلف جڑی بوٹیوں، سبزیوں، مصالحوں اور پھلوں سے تیار کی جانے والی چٹنی نہ صرف کھانے کو مزید لذیذ بناتی ہے بلکہ ہاضمے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ پودینہ، دھنیا، لہسن اور املی جیسی قدرتی غذائیں وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں جو صحت کے لیے مفید ہیں۔
چٹنیوں کا استعمال روزمرہ کھانوں، ناشتے اور مختلف پکوانوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چٹنیاں ذائقے اور صحت دونوں کے اعتبار سے خاص اہمیت رکھتی۔یہاں ہم کچھ چٹنیوں کی ترکیب دے رہے ہیں جن کی مدد سے آپ اپنے گھر والوں کے لیے خوش ذائقہ اور صحت کے لیے فائدہ مند چٹنیاں بنا سکتی ہیں اور گرمیوں کے دنوں میں اپنے دستر خوان کی رونق بڑھا سکتی ہیں۔
لہسن کی چٹنی
اجزا:لہسن کے جوے: 15؍20 عدد،سرخ لال مرچ: 10؍12 عدد،نمک: حسبِ ذائقہ،سرکہ: 2 کھانے کے چمچ،لیمن جوس: 2 کھانے کے چمچ،زیرہ (بھونا): 1 چائے کا چمچ،تیل: 2 کھانے کے چمچ۔
ترکیب: لہسن کے جوے چھیل کر دھو لیں۔ سرخ مرچوں کو نرم کرنے کے لیے تھوڑی دیر بھگو دیں۔ لہسن، مرچ، نمک، زیرہ اور لیموں کا رس بلینڈر میں ڈال کر پیس لیں۔ سرکہ شامل کرکے دوبارہ اچھی طرح بلینڈ کریں۔ آخر میں تیل شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں۔ شیشے کے صاف جار میں محفوظ کریں۔
پودینے کی چٹنی
اجزا: پودینے کے پتے: 1 کپ،ہرا دھنیا: آدھا کپ،ہری مرچ: 2؍3 عدد،لیمن جوس: 2 کھانے کے چمچ،نمک: حسبِ ذائقہ، کالا زیرہ: آدھا چائے کا چمچ،کالا نمک: ایک چوتھائی چائے کا چمچ،دہی : 1 کھانے کا چمچ،پانی: 2؍3 کھانے کے چمچ۔
ترکیب: پودینہ اور دھنیا اچھی طرح دھو کر خشک کریں۔ تمام اجزابلینڈر میں ڈالیں۔ سب چیزوں کو اچھی طرح پیس لیں۔ اگر ضرورت ہو تو مزید پانی شامل کریں۔ ٹھنڈا کرکے پیش کریں۔
دھنیا کی چٹنی
اجزا:ہرا دھنیا: 1 کپ، ہری مرچ: 2؍3 عدد،لیمن جوس: 2 کھانے کے چمچ،نمک: حسبِ ذائقہ، کالا زیرہ: آدھا چائے کا چمچ، کالا نمک: ایک چوتھائی چائے کا چمچ،دہی : 1 کھانے کا چمچ، پانی: 2؍3 کھانے کے چمچ۔
ترکیب: دھنیا اور ہری مرچ اچھی طرح دھو لیں۔ تمام اجزابلینڈر میں ڈال کر پیس لیں۔ اگر چٹنی زیادہ گاڑھی ہو تو تھوڑا پانی شامل کریں۔ چٹنی کو پکوانوں کے ساتھ استعمال کریں۔
املی کی چٹنی
اجزا:املی (بغیر بیج): 1 کپ،گڑ (چورا): 1 کپ،پانی: 2 کپ،نمک: آدھا چائے کا چمچ،کالا نمک: آدھاچائے کا چمچ،لال مرچ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ،بھنا زیرہ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ۔
ترکیب: املی کو پانی میں تقریباً 30 منٹ بھگو دیں۔ ہاتھ سے مسل کر گاڑھا گودا نکال لیں۔ ایک پین میں گودا اور گڑ ڈال کر درمیانی آنچ پر پکائیں۔ نمک، کالا نمک، لال مرچ اور بھنا زیرہ شامل کریں۔ گاڑھا ہونے تک (تقریباً 8؍10 منٹ) پکائیں۔ ٹھنڈا کرکے جار میں محفوظ کریں۔