گنیز بک 2027ء میں شامل دنیا کے ہونہار بچے!
بڑی ٹیبل کا ننھا کھلاڑی:جوڈ اوونز
کم عمری میں غیر معمولی صلاحیتوں کا اظہار کرنے والے بچے ہمیشہ توجہ کا مرکز بنتے ہیں، لیکن جب کوئی ننھا سا بچہ اپنی ذہانت، تخلیقی صلاحیت یا منفرد کارنامے کے ذریعے عالمی ریکارڈ قائم کر دے تو اس کی کامیابی دنیا بھر کیلئے حیرت اور تحریک کا باعث بن جاتی ہے۔ جوڈ اوونز(Jude Owens) بھی ایسے ہی باصلاحیت بچوں میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز 2027ء میں جگہ بنائی۔ ان کی کم عمری میں حاصل ہونے والی یہ کامیابی اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ صلاحیت عمر کی محتاج نہیں ہوتی، بلکہ مناسب رہنمائی، حوصلہ افزائی اور مسلسل محنت اسے نمایاں کارنامے میں تبدیل کر سکتی ہے۔ جوڈ اوونز کی داستان والدین اور بچوں کیلئے اس بات کا پیغام بھی رکھتی ہے کہ ہر بچے میں کوئی نہ کوئی منفرد خوبی ضرور موجود ہوتی ہے، ضرورت صرف اسے پہچاننے اور پروان چڑھانے کی ہے۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے جوڈ اوونز 14 دسمبر 2022ء کو پیدا ہوئے۔ اگرچہ سنوکر ٹیبل تک پہنچنے کیلئے انہیں کبھی کبھی چھوٹی سی سیڑھی کی ضرورت پڑتی ہے، لیکن گیندوں کو جیب میں پہنچانے کی ان کی مہارت ایسی ہے کہ بڑے بڑے کھلاڑی بھی حیران رہ جائیں۔
اس باصلاحیت بچے نے صرف دو سال کی عمر میں منی ایچر سنوکر کھیلنا شروع کیا اور ایک سال کے اندر ہی مکمل سائز کی میز پر کھیلنے لگا، جسے وہ پیار سے ’’بگ سنوکس‘‘ کہتا ہے۔
2 سال 261 دن کی عمر میں جوڈ نے یکم ستمبر 2025ء کو ایک ہی کیو شاٹ سے دو گیندیں مختلف جیبوں میں پہنچا کر ڈبل پاٹ کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین فرد کا ریکارڈ قائم کیا۔
اپنی شاندار ٹرک شاٹس کی وجہ سے شہرت پانے والے جوڈ نے صرف ایک ماہ بعد ایک اور گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ 2 سال 302 دن کی عمر میں انہوں نے ایک رنگین گیند کو میز کے کشن سے ٹکرا کر جیب میں پہنچایا اور بینک شاٹ کرنے والے کم عمر ترین فرد بن گئے۔
جوڈ کی غیر معمولی صلاحیتوں کے باعث انہیں پہلے ہی اسپانسر شپ معاہدہ مل چکا ہے، جبکہ سنوکر کے عظیم کھلاڑی جمی وائٹ سمیت کئی لیجنڈز بھی ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرچکے ہیں۔
جوڈ کے والد لوک نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر والد کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے بچے زندگی میں کامیاب ہوں۔ اگر جوڈ مستقبل میں عالمی چیمپئن بن گئے تو یہ ان کیلئے سب سے بڑی کامیابی اور ایک شاندار داستان ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments