نوبل انعام برائے ادب 2026 کی فاتح این کارسن
قدیم و جدید کے درمیان ایک منفرد آواز
عالمی ادب میں بعض تخلیق کار ایسے ہوتے ہیں جو صرف نئے موضوعات نہیں چنتے بلکہ اظہار کے مروجہ طریقوں کو بھی بدل دیتے ہیں۔ کینیڈا کی شاعرہ، مضمون نگار، کلاسیکی ادب کی محقق، مترجم این کارسن (Anne Carson) ایسی ہی منفرد ادبی شخصیت ہیں۔ ان کی غیر معمولی اور جدت پسند تخلیقی کاوشوں کے اعتراف میں انہیں 2026ء کے نوبل انعامِ برائے ادب سے نوازا گیا ہے۔ این کارسن کا فن قدیم یونانی اساطیر، فلسفے، جدید انسانی تجربات اور شاعرانہ اظہار کو اس انداز میں یکجا کرتا ہے کہ ادب کی روایتی اصناف کے درمیان قائم حدبندیاں دھندلا جاتی ہیں۔وہ 1950ء میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پیدا ہوئیں۔ طالب علمی کے زمانے میں قدیم یونانی زبان اور ادب سے ان کی دلچسپی پیدا ہوئی جس نے بعد ازاں ان کی پوری ادبی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ انہوں نے ٹورنٹو یونیورسٹی سے کلاسیکی ادب میں تعلیم حاصل کی۔ تدریس، تحقیق، ترجمے اور تخلیقی تحریر کے امتزاج نے ان کے اسلوب کو ایسی انفرادیت عطا کی جو معاصر ادب میں کم دکھائی دیتی ہے۔کارسن کے نزدیک قدیم ادب محض ماضی کی یادگار نہیں بلکہ انسانی تجربے کو سمجھنے کا ایک اہم وسیلہ ہے۔ وہ یونانی اساطیر اور کلاسیکی متون کو جدید انسان کی تنہائی، محبت، خواہش، محرومی اور شناخت کے سوالات سے جوڑتی ہیں۔ ان کے ہاں ماضی اور حال ایک دوسرے سے مکالمہ کرتے ہیں اور صدیوں پرانی کہانیاں نئے معنوں کے ساتھ سامنے آتی ہیں۔ کارسن کی ابتدائی اہم کتاب Eros the Bittersweet، جو 1986ء میں شائع ہوئی، محبت اور خواہش کے تصور کا ایک گہرا مطالعہ ہے۔
اس کتاب میں وہ قدیم یونانی ادب کے حوالے سے یہ سمجھنے کی کوشش کرتی ہیں کہ محبت انسان کے اندر کشش، بے قراری اور محرومی کو کیسے جنم دیتی ہے۔ کارسن اس کیفیت کو محض جذباتی تجربہ نہیں سمجھتیں بلکہ اسے انسانی شعور اور تعلقات کی بنیادی ساخت سے جوڑتی ہیں۔یہ کتاب اس بات کی مثال ہے کہ کارسن علمی تحقیق کو علمی بحث تک محدود نہیں رکھتیں، وہ فلسفے، ادب اور ذاتی تجربے کو یکجا کرکے ایسے سوالات اٹھاتی ہیں جو قاری کو اپنی زندگی اور جذبات پر دوبارہ غور کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔کارسن کی معروف تصانیف میں Autobiography of Red نمایاں مقام رکھتی ہے۔ یہ نظم کی صورت میں لکھی گئی ایک داستان ہے جس میں قدیم یونانی شاعر اسٹیسیکورس کی روایت اور سرخ پروں والے کردار(گیریون) کی اساطیری کہانی کو جدید تناظر میں پیش کیا گیا ہے۔کارسن اس قدیم قصے کو محض دہراتی نہیں بلکہ اس کے کرداروں کو جدید دنیا میں لے آتی ہیں۔ محبت، جذباتی وابستگی، شناخت اور دل شکستگی اس داستان کے اہم موضوعات ہیں۔ اس کتاب کی اہمیت اس کے موضوع کے ساتھ ساتھ اس کی صنفی انفرادیت میں بھی ہے۔
یہ نہ روایتی ناول ہے نہ محض نظموں کا مجموعہ۔ کارسن شاعری، داستان اور اساطیر کو ملا کر ایک نئی ادبی صورت تشکیل دیتی ہیں۔کارسن کی ایک اور اہم تصنیفThe Beauty of the Husband ہے جس میں محبت، ازدواجی تعلق، بے وفائی اور رشتوں کے ٹوٹنے جیسے موضوعات زیرِ بحث آتے ہیں۔کارسن کی تحریروں میں محبت ہمیشہ خوشی یا تکمیل کا نام نہیں۔ اس میں شک، فاصلے، یاد اور لاحاصلی کی کیفیات بھی شامل ہیں۔ این کارسن کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ وہ شاعری، نثر، تنقید، فلسفے اور ترجمے کے درمیان قائم روایتی دیواروں کو قبول نہیں کرتیں۔ ان کے ہاں مختصر جملے، غیر متوقع تصویریں، علمی حوالے اور اچانک پیدا ہونے والی جذباتی شدت ایک ساتھ موجود ہوتے ہیں۔ادب کا نوبل انعامِ این کارسن کے اس تخلیقی سفر کا اعتراف ہے جس میں علم اور احساس، روایت اور تجربہ، اور ماضی اور حال ایک دوسرے سے مسلسل مکالمہ کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments