گرین شرٹس:نیا کپتان ،اگلا امتحان

تحریر : زاہداعوان


سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز:پاکستان ،سری لنکا اور انگلینڈ سہ ملکی سیریز کا باقاعدہ آغاز آج سے راولپنڈی میں ہوگا:افتتاحی مقابلے میں میزبان پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی،فائنل سمیت 4میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے

پاکستانی شائقینِ کرکٹ کے لیے آج کا دن انتہائی مسرت اور جوش و خروش کا حامل ہے کیونکہ ملک میں پاکستان اور سری لنکا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے بعدبھی عالمی سطح کا کرکٹ میلہ دھوم دھام سے جاری ہے۔ پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے انٹرنیشنل سہ ملکی سیریز کا باقاعدہ آغاز آج 18 اکتوبربروزاتوار سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے، جہاں افتتاحی مقابلے میں میزبان پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک دوسرے کے سامنے ہوں گی۔ 

یہ سیریز نا صرف تینوں ممالک کے لیے اپنی وائٹ بال کرکٹ کی صلاحیتوں کو پرکھنے کا ایک بہترین موقع ہے بلکہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کے لیے بھی ہوم گرائونڈز پر انٹرنیشنل کرکٹ کے کامیاب انعقاد کی ایک اور مضبوط کڑی ہے۔ تمام میچز ڈبل رائونڈ روبن بنیادوں پر کھیلے جائیں گے، جس کے بعد بہترین کارکردگی دکھانے والی دو ٹاپ ٹیمیں 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل میں مدِمقابل آئیں گی۔

آج کے افتتاحی میچ کی بات کی جائے تو میزبان پاکستان کو اپنے ہوم ایڈوانٹیج اور حالیہ شاندار فارم کی بنا پر کچھ حد تک برتری حاصل ہے۔ ایک روزہ انٹرنیشنل سہ ملکی سیریز میں گرین شرٹس کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔ پاکستان نے حالیہ دنوں میں ہوم گرائونڈ پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف مہمان سری لنکا ٹیم کے خلاف صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں 2-1سے کامیابی حاصل کی ہے بلکہ اس سے قبل جنوبی افریقہ، سری لنکا اور جون میں آسٹریلیا کے خلاف اپنی آخری تینوں ہوم ون ڈے سیریز میں کامیابی سمیٹی ہے۔ بلے بازی میں بابر اعظم ایک بار پھر توجہ کا مرکز ہیں، ون ڈے کرکٹ کے بہترین بلے باز سمجھے جاتے ہیں جبکہ ان کے ساتھ سلمان علی آغا مڈل آرڈر کو استحکام فراہم کر رہے ہیں۔ بولنگ اٹیک میں شاہین شاہ آفریدی کی تیز رفتار گیند بازی اور ابرار احمد کی پراسرار اسپن بالنگ دشمن ٹیم کے لیے ہمیشہ خطرہ بنی رہتی ہے۔

 ہوم کرائوڈ کی بھرپور حمایت کے ساتھ پاکستانی ٹیم اس سیریز کا آغاز فتح کے ساتھ کرنے کے لیے پراعتماد ہے۔دوسری جانب، سری لنکن ٹیم آج کے اہم مقابلے سے قبل شدید مصائب اور کھلاڑیوں کی فٹنس سے جڑے مسائل کا شکار نظر آتی ہے۔ ٹیم کے اسٹار اوپننگ بلے باز پتھوم نسانکا ہیمسٹرنگ کی شدید چوٹ کے باعث اس سہ ملکی سیریز سے مکمل طور پر باہر ہو چکے ہیں اور ان کی جگہ لاہیرو اڈارا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ نسانکا جو رواں برس کلائی کی سرجری کے بعد انگلینڈ کے دورے میں واپس آئے تھے، انگلینڈ کے خلاف آخری ون ڈے میں دوبارہ ہیمسٹرنگ کا شکار ہو گئے تھے اور تاحال میڈیکل کلیئرنس حاصل نہیں کر سکے۔ یہی نہیں بلکہ سری لنکا کو اپنے اسٹار اسپنر وانندو حسارنگا کی خدمات بھی حاصل نہیں ہیں، جو انگلینڈ کے خلاف دورے کے دوران ہیمسٹرنگ کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں۔ خراب فارم کے باعث سابق کپتان چرتھ اسالانکا کو بھی باہر کا راستہ دکھایا گیا ہے، جس کے بعد اویشکا فرنانڈو اور سہان آراچیگے کو ٹیم میں واپس بلایا گیا ہے۔ کپتان کشل مینڈس اور کامندو مینڈس پر اب ٹیم کی بیٹنگ کا پورا دارومدار ہوگا جبکہ بولنگ میں مہیش تھیکشنا کی اسپن بالنگ ٹیم کا سب سے بڑا ہتھیار ثابت ہو سکتی ہے۔

سہ ملکی سیریز کی تیسری اہم ٹیم انگلینڈ ہے، جو کپتان ہیری بروک اور تجربہ کار بلے باز جو روٹ کی قیادت میں ایک انتہائی متوازن اور خطرناک اسکواڈ کے ساتھ پاکستان پہنچی ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم منگل 20 اکتوبر کو راولپنڈی میں پاکستان کے خلاف اپنے پہلے میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔ انگلینڈ کی حالیہ ون ڈے فارم شاندار رہی ہے، جنہوں نے اپنے آخری تینوں ون ڈے سیریز میں بالترتیب سری لنکا اور پھر بھارت کے خلاف فتح حاصل کی ہے۔ انگلش بولنگ لائن اپ میں جوفرا آرچر کی طوفانی رفتار اور عادل رشید کی جادوئی اسپن بالنگ پاکستانی وکٹوں پر تمام حریفوں کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہوگی۔ چیمپیئنز ٹرافی میں ناکامی کے بعد انگلینڈ کی ٹیم اس سیریز کو جیت کر ایشیائی حالات میں اپنی برتری ثابت کرنے کے لیے بے تاب ہے۔

اس سہ ملکی سیریز کا شیڈول انتہائی دلچسپ ترتیب دیا گیا ہے۔ راولپنڈی کا تاریخی اسٹیڈیم ابتدائی تین میچوں کی میزبانی کرے گا، پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے انٹرنیشنل سہ ملکی سیریز کا باقاعدہ آغازآج اتوار 18 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان افتتاحی مقابلے سے ہو رہا ہے، جس کے بعد منگل 20 اکتوبر کو اسی گرائونڈ پر انگلینڈ اپنا پہلا میچ ہوم ٹیم پاکستان کے خلاف ڈے نائٹ فارمیٹ میں کھیلے گا اور جمعرات 22 اکتوبر کو راولپنڈی ہی میں انگلینڈ اور سری لنکا کا آمنا سامنا ہوگا۔ اس کے بعد سیریز کا تمام تر کارواں اور بقیہ میچز لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم منتقل ہو جائیں گے جہاں اتوار 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈجبکہ 27اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں دوسری بار مدِمقابل ہوں گی، جبکہ جمعرات 29 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان گروپ اسٹیج کا آخری معرکہ سجایا جائے گا اور بالآخر اس ڈبل رائونڈ روبن مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی دو بہترین اور ٹاپ ٹیمیں ہفتہ 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور ہی میں فائنل معرکے میں ٹائٹل کے حصول کے لیے نبرد آزما ہوں گی۔

شائقینِ کرکٹ کو توقع ہے کہ یہ سیریز سنسنی خیز اور جارحانہ کرکٹ سے بھرپور ہوگی۔ تاہم آج کے افتتاحی میچ میں پاکستان کی مستحکم فارم اور سری لنکا کی زخمی و تبدیل شدہ ٹیم کا سامنا یہ طے کرے گا کہ اس سہ ملکی ٹورنامنٹ کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔

سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے بعد بھی پاک سرزمین پرعالمی کرکٹ کا میلہ جاری و ساری رہے گا اورسری لنکا کی ٹیم پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے بعد پاکستان میں دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی، یوں پاکستانی شائقین کو انٹرنیشنل کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں بھرپور بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا، شاہین اور آئی لینڈرز 9سے 13نومبر پہلے ٹیسٹ میچ میں راولپنڈی جبکہ 17سے 21نومبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں مدمقابل ہوں گے۔ ٹیسٹ سریز میں قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے، یہ ٹیسٹ سیریز گرین شرٹس کیلئے اپنے وقار کی بحالی کے ساتھ بابراعظم کی قائدانہ صلاحیتوں کا امتحان بھی ثابت ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

بدلتی دنیا، مستقبل کے تقاضے بچوں کی تربیت کیسے کریں؟

دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تعلیم اور روزگار کے بدلتے ہوئے تقاضوں نے زندگی کے تقریباً ہر شعبے کو متاثر کیا ہے۔ ایسے میں بچوں کی تربیت کا مقصد صرف انہیں اچھے نمبر دلوانا یا کسی اچھی ملازمت کے قابل بنانا نہیں، بلکہ انہیں ایسا باشعور، خوداعتماد، تخلیقی اور ذمہ دار انسان بنانا ہے جو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکے۔

کھلے مسام ،جلد کا عام مسئلہ

خوبصورت، صاف اور ہموار جلد ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے ۔ چہرے پر نمایاں مسام جلد کی خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں۔

آج کا پکوان: چکن شاشلیک اور ویجیٹیبل رائس

اجزا: چکن بون لیس آدھا کلو، ، شملہ مرچ2 عدد، ، پیاز1 درمیانی، ٹماٹر1 درمیانہ،، دہی آدھا کپ، ادرک لہسن کا پیسٹ 1 چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر 1 چائے کا چمچ،پسی ہوئی کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ،

کرنل محمد خان کی مزاح نگاری

27 ویں برسی:ان کی پہلی کتاب’’بجنگ آمد‘‘ کی اشاعت اُردو ادب کا اہم واقعہ شمار ہوتا ہے:کرنل محمد خان کو ظرافت تک پہنچنے کیلئے کسی تمہید کا پل نہیں باندھنا پڑتا‘ واقعات کی گردن میں لطافت کی بجتی ہوئی گھنٹیاں بھی وہ آویزاں نہیں کرتے‘ اُن کا لطیف اور لچکیلا مزاح اُن کے اسلوبِ تحریر کا جزو ہے ، ان کے نقطہ نظر کی پیداوار ہے

اُردوکا آغاز:کب ، کہاں اور کیسے ہوا؟

ارود زبان کی پیدائش کب، کہاں اور کیسے ہوئی اس سلسلے میں لسانیات کے عالم اور ماہرین کے درمیان کافی اختلافات پائے جاتے ہیں۔

کتاب دوستی

آئینہ جماعت ہفتم کی ہونہار طالبہ تھی۔ ہر کام کو ہوشیاری سے کرنا اس کی زندگی کا خاصا تھا۔ وہ اپنی ٹیچرز کا بے حد احترام کرتی تھی لیکن اس میں ایک برائی تھی کہ وہ موبائل بہت زیادہ استعمال کرتی تھی۔