گنیز بک 2027ء میں شامل دنیا کے ہونہار بچے!
بلی ٹوومی، عزم کی نئی مثال
گنیز ورلڈ ریکارڈز 2027ء میں جگہ بنانے والی نوجوان برطانوی پیرا ٹیبل ٹینس کھلاڑی بلی ٹوومی نے کم عمری میں عزم، محنت اور حوصلے کی ایسی مثال قائم کی ہے جو دنیا بھر کے نوجوانوں کیلئے مشعلِ راہ بن سکتی ہے۔ محض 14 برس کی عمر میں پیرس پیرا لمپکس 2024ء میں دو کانسی کے تمغے جیت کر وہ پیرا لمپک ٹیبل ٹینس کی کم عمر ترین میڈلسٹ بنیں۔ جسمانی مشکلات کے باوجود کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی بلی ٹوومی کی کامیابی اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ بلند حوصلہ انسان کیلئے کوئی رکاوٹ منزل کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتی۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والی بلی ٹوومی 27 اپریل 2010ء کو پیدا ہوئیں۔ ٹیبل ٹینس کھیلنا شروع کرنے کے صرف تین سال بعد انہوں نے پیرالمپک کھیلوں میں برطانیہ کی نمائندگی کی اور اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کردیا۔29 اگست 2024ء کو 14 سال 124 دن کی عمر میں بلی نے پیرالمپک ٹیبل ٹینس میں تمغہ جیتنے والی کم عمر ترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ اپنے کیریئر کے سب سے بڑے شائقین کے ہجوم کے سامنے کھیلتے ہوئے انہوں نے دو کانسی کے تمغے جیتے، ایک سنگلز اور دوسرا ڈبلز مقابلے میں، جہاں انہوں نے فلس پیکارڈ کے ساتھ جوڑی بنائی۔
بلی پیدائشی طور پر سیری برل پالسی کا شکار ہیں، جس کے باعث ان کے جسم کے ایک حصے کی حرکات محدود ہیں، لیکن انہوں نے کبھی اپنی جسمانی کیفیت کو اپنی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔بلی کاکہنا ہے کہ ٹیبل ٹینس کھیلنے کا سب سے خوبصورت پہلو یہ رہا کہ پیرالمپکس میں مجھے مختلف معذوریوں کے حامل بہت سے لوگوں کو دیکھنے کا موقع ملا۔ مجھے پہلے اندازہ نہیں تھا کہ میرے جیسے کتنے لوگ موجود ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہاکہ آگے بڑھیں اور وہ شخصیت بنیں جو آپ بننا چاہتے ہیں۔ ہر انسان کسی مقصد کیلئے پیدا ہوتا ہے، اب وقت ہے کہ آپ اپنا مقصد تلاش کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments