فتح کی نئی داستان ،ٹرافی پاکستان کے نام
ٹرائی نیشن سیریز 2026:پاکستان 18سال بعد ون ڈے فریقی سیریز کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب: فخرزمان اور سعد بیگ نے تیسری وکٹ پر 149 رنزکی شاندار شراکت قائم کی،عرفات منہاس نے31 گیندوں پر61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی
کرکٹ کے میدان میں بعض فتوحات محض ایک ٹرافی کے حصول تک محدود نہیں رہتیں، بلکہ وہ عزم، حوصلے اور غیر معمولی صلاحیتوں کی ایسی داستان رقم کرتی ہیں جو مدتوں یاد رکھی جاتی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل بھی ایک ایسا ہی سنسنی خیز معرکہ ثابت ہوا، جس میں شاہینوں نے آخری دم تک ہمت نہ ہاری اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ اس شاندار کامیابی نے نہ صرف پاکستانی شائقینِ کرکٹ کو خوشی سے سرشار کر دیا بلکہ یہ بھی ثابت کیا کہ مشکل ترین حالات میں حوصلہ، اجتماعی کوشش اور جیت کا پختہ عزم کامیابی کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ کے فائنل میں 326 رنز کے ہدف کا کامیاب تعاقب ایک تاریخی کارنامہ ہے، کیونکہ یہ کسی بھی ون ڈے فائنل میں حاصل کیا جانے والا مشترکہ طور پر سب سے بڑا ہدف ہے۔ اس سے قبل 2002ء میں بھارت نے انگلینڈ کے خلاف فائنل میں 326 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔ مزید برآں، پاکستان نے 18 سالہ انتظار ختم کرتے ہوئے ون ڈے سہ فریقی سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔پاکستان نے آخری مرتبہ 2008ء میں ون ڈے سہ فریقی سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، جب بنگلا دیش میں منعقدہ ’’کِٹ پلی کپ‘‘(Kitply Cup)کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 25 رنز سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ یہ کامیابی پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
پاکستان نے لاہور میں کھیلے جانے والے ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنا کر میزبان پاکستان کو326 رنز کا ہدف دیا۔ اس دوران سری لنکن بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کو سخت امتحان میں ڈالے رکھا۔سری لنکن بلے باز کامندو مینڈس نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ پون رتھنائیکے 77 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اویشکا فرنینڈو نے بھی 38 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے میں قیمتی اضافہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور سلمان علی آغا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے فخر زمان، سعد بیگ اور عرفات منہاس کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کے مایہ ناز اوپنر فخر زمان نے 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے، فخر نے کیریئر کی 12ویں سنچری اسکور کی۔وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ 74 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، فخر اور سعد بیگ نے تیسری وکٹ پر 149 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ آل راؤنڈر عرفات منہاس نے 31 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، حسن نواز 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔سری لنکا کی جانب سے مدھوشنکا نے تین اور فرنینڈو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تھکشانا اور ویلالگے ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
فخر زمان نے ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے 4 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے 16ویں بلے باز بن گئے ہیں۔ فخر زمان نے یہ سنگ میل اپنے 97ویں ون ڈے میچ کی 96ویں اننگز میں عبور کیا۔ اس دوران انہوں نے 12 سنچریوں اور 20 نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 4 ہزار 16 رنز بنائے۔ فخر زمان نے فائنل میں سری لنکن بولرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 84 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ وہ 99 گیندوں پر 127 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر بولڈ ہوئے۔ ان کی اننگز میں دلکش اسٹروکس اور بہترین ٹائمنگ نمایاں رہی، جس نے پاکستان کی کامیابی کی بنیاد مضبوط کی۔یہ فخر زمان کی ون ڈے کرکٹ میں ہدف کے تعاقب کے دوران چوتھی سنچری ہے۔ ان کی اس عمدہ کارکردگی نے نہ صرف پاکستان کو فائنل میں کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ انہیں ون ڈے کرکٹ میں ایک اور نمایاں اعزاز کا بھی حقدار بنا دیا۔
یہ کامیابی پاکستانی ٹیم کے لیے محض ایک ٹرافی کا حصول نہیں، بلکہ طویل عرصے بعد ون ڈے سہ فریقی سیریز میں اپنی برتری ثابت کرنے اور شائقینِ کرکٹ کے دل جیتنے کا ایک یادگار موقع بھی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments