سبزیوں کا اچار بنانا
اسپیشل فیچر
ہمارے ملک میں اچار بہت شوق سے کھائے جاتے ہیں۔ یہ کھانے کے لطف کو دوبالا کرتے ہیں نیز یہ دستر خوان کی زینت میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ سبزیوں کا اچار تقریباً ہر گھر میں بنایا جاتا ہے۔ جو سستا بھی ہوتا ہے اور اس کے بنانے میں زیادہ محنت بھی درکارنہیں ہوتی۔ سبزیوں کے اچار کا ذائقہ نمکین ہوتا ہے۔ سبزیاں اپنے موسم میں بکثرت ہوتی ہیں۔ نیز سستی اور غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں۔ اس لیے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں اچار کی صورت میں محفوظ کر لینے سے پیسے کی بچت بھی ہوتی ہے۔ سبزیوں کے اچار کی غذائی اہمیت:سبزیاں ہماری غذا کا اہم جزو ہیں۔ ان میں وٹامن سی اور معدنی نمکیات وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔وٹامن اور معدنی نمکیات کی موجودگی کی وجہ سے انہیں محافظ غذائیں بھی کہا جاتاہے۔ تیل، سرکہ اور مصالحے سبزیوں کو اچار کی شکل میں محفوظ کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں جس سے پھپھوندی او ر جراثیم کی افزائش نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ ان مصالحوں کی بدولت اچار خراب ہونے سے محفوظ رہتاہے۔ اچار بنانے کے لیے تازہ سبزیاں اچھی سمجھی جاتی ہیں۔ اچار کو چٹنی اورمربے کے مقابلے میں زیادہ عرصے تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ اچار میں سرسوں کا تیل ڈالنا چاہیے کیونکہ سرسوں کے تیل کی غذائیت اچارکو اور بھی مفید بنا دیتی ہے۔سبزیوں کا اچار بنانے کے بارے میں ضروری ہدایات:سبزیوں کا اچار بناتے وقت درج ذیل ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے۔۱۔ اچار کے لیے سبزیوں کا انتخاب:سبزیاں بیماری سے پاک، تازہ اور بے داغ ہونی چاہئیں اور اچار بنانے کے لیے کچے پھل مثلاً کیریاں اور لسوڑے بہتر رہتے ہیں۔ اچار بنانے کے لیے لیموں قدرے پکے ہوئے ہونے چاہئیں اچار بنانے کے لیے بہترین سبزیاں، بہترین تیل اور بہترین مصالحے استعمال کرنے چاہئیں۔۲۔ اچار ڈالنے کے لیے برتنوں کا انتخاب:اچار ڈالنے کے لیے دھات کے چمچ یا برتن استعمال نہیں کرنے چاہئیں۔ اچار ہمیشہ چٹنی شیشے یا روغنی مرتبان میں ڈالنا چاہیے۔۳۔ اچار محفوظ کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر: اچار محفوظ کرنے کے لیے ہمیشہ جراثیم سے پاک بوتلیں اور جار استعمال کریں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ اچار میں پانی یا نمی شامل نہ ہونے پائے۔ ورنہ پھپھوندی لگ جانے کا اندیشہ ہوتا ہے جس سے اچار خراب ہو جاتاہے۔ مرتبان کے منہ پر ہمیشہ ململ کا کپڑا باندھیں تاکہ اس میں کیڑے مکوڑے یا مٹی داخل نہ ہو سکے۔ اچار میں ہمیشہ تیل کی مقدار اتنی ڈالیں کہ جس سے اچار ڈوبا رہے۔ اچار نکالنے کے لیے ہمیشہ خشک ڈوئی استعمال کریں اچار حسب ضرورت نکالیں اور زائد اچار مرتبان میں واپس نہ ڈالیں ۔ اچار ہمیشہ خشک اور ہوادار جگہ پر رکھیں۔ سبزیوں کا اچار بنانے کا طریقہ: ۱۔ تمام سبزیوں کو اچھی طرح دھو لیں، چھلکے والی سبزیوں کا چھلکا نہایت باریک اتار لیں کیونکہ موٹا چھلکا اتارنے سے ان کی غذائیت میں کمی آجاتی ہے۔۲۔ سبزیوں کو چھلکے کے بعد مناسب سائز کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور ململ کے کپڑے میں باندھ کر ابلتے ہوئے پانی میں ڈال دیں لیکن صرف دو منٹ کے لیے۔ اس کے بعد جب سبزیاں نرم ہوجائیں توانہیں لکڑی کے خشک تختے یا صرف کپڑے پر پھیلا دیں تاکہ قدرے خشک ہو جائیں۔۳۔ جس مرتبا ن یا بوتل میں اچار ڈالنا ہو تو اس کو جراثیم سے پاک کر لیں اور اچار ڈالنے سے پہلے صاف کپڑے سے مرتبان کو پونچھ لیں۔۴۔ مرتبان کے منہ پر باندھنے کے لیے استعمال ہونے والا کپڑا بھی صاف ستھرا خشک اور جراثیم سے پاک ہونا چاہیے۔۵۔ تیار شدہ سبزیاں صاف و شفاف مرتبان میں ڈالیں اور تمام مصالحہ جات اچھی طرح پیس کر سبزیوں میں ملا دیں۔۶۔ سردیوں کے موسم میں مرتبان کو چار پانچ روز تک اور گرمیوں میں دو تین روز تک خوب اچھی طرح لگوائیں اور دن میں دو تین بار اس کو ہلالیں تاکہ مصالحہ جات یکساں طورپر سارے اچار میں رچ جائیں۔۷۔ دھوپ میں رکھنے کے بعد جب سبزیوں کی کچی بو کی بجائے اچار کی مخصوص خوشبو آنے لگے تو اس میں سرسوں کا تیل ڈا ل لیں۔ تیل کی مقدار اتنی ہو کہ تمام سبزیوں کے ٹکڑے تیل میں ڈوب جائیں۔۸۔ مزید تین چار روز کے لیے اچار کو دھوپ میں رکھیں تاکہ تیل کی خوشبو پر اچار کی خوشبو اثر انداز نہ ہو جائے۔۹۔ اچار والے برتن کو اچھی طرح ڈھانپ کر ہوا دار اور خشک جگہ پر رکھیں۔٭…٭…٭