کورونا وائرس کے پھیپھڑوں پر اثرات

 کورونا وائرس کے پھیپھڑوں پر اثرات

اسپیشل فیچر

تحریر : ڈاکٹر پناگس گلیاٹساٹوس


نظام تنفس کے دیگر امراض کی طرح کووڈ 19، جو نئے کورونا وائرس سے پیدا ہوتا ہے، پھیپھڑوں پر دیرپا اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ کووڈ 19 مبتلا ہونے کے دوران اور بحالی کے بعد پھیپھڑوں پر کس طرح اثرانداز ہوتا ہے اس بارے میں ہمیں وقت کے ساتھ مزید جانکاری حاصل ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر پناگس گلیاٹساٹوس جان ہاپکنز بے ویو میڈیکل سنٹر میں پھیپھڑوں کے امراض کے ماہر ہیں اور کووڈ 19 کے مریضوں کا علاج کرتے ہیں۔ انہوں نے نئے کورونا وائرس سے پیدا شدہ پھیپھڑوں کے چند اہم مسائل پر روشنی ڈالی ہے۔ 
کووڈ 19 سے ہونے والا نمونیا
نمونیا میں پھیپھڑے مائع سے بھر جاتے ہیں اور ان میں سوزش پیدا ہو جاتی ہے جس سے سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے۔ بعض لوگوں میں سانس لینے کا مسئلہ شدت اختیار کر جاتا ہے اور انہیں ہسپتال میں آکسیجن یا وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑ جاتی ہے۔ کووڈ 19 سے پیدا ہونے والا نمونیا عموماً دونوں پھیپھڑوں پر اثر ڈالتا ہے۔ پھیپھڑوں میں ہوا کی تھیلیوں (Air sacs) میں مائع بھر جاتا ہے جس سے آکسیجن لینے کی صلاحیت محدود ہو جاتی ہے اور سانس میں تیزی، کھانسی و دیگر علامات ظاہر ہوتی ہیں۔ اگرچہ بیشتر افراد کے پھیپھڑوں کو نمونیا سے دیرپا ضرر نہیں پہنچتا اور وہ صحت یاب ہو جاتے ہیں لیکن کووڈ 19 سے ہونے والا نمونیا شدید بھی ہو سکتا ہے۔ اس مرض کے جانے کے بعد بھی پھیپھڑوں کو پہنچنے والے ضرر کے سبب سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہے جسے بہتر ہونے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ 
ایکیوٹ ریسپی ریٹری ڈسٹرس سینڈروم 
(اے آر ڈی ایس)
کووڈ 19 کا نمونیا جوں جوں بڑھتا جاتا ہے، پھیپھڑوں میں خون کی باریک رگوں سے نکلنے والا مائع ہوا کی تھیلیوں کو بھرتا جاتا ہے۔ بالآخر سانس تیز ہونے لگتی ہے، جس کے بعد ایکیوٹ ریسپی ریٹری ڈسٹریس سینڈروم (اے آر ڈی ایس) ہو سکتا ہے۔ یہ پھیپھڑوں کے ناکارہ ہونے کی ایک شکل ہے۔ اے آر ڈی ایس کے مریض عام طور پر از خود سانس لینے کے قابل نہیں ہوتے اور ان کے جسم میں آکسیجن پہنچانے کے لیے وینٹی لیٹر کی مدد لینا پڑ سکتی ہے۔ گھر اور ہسپتال دونوں جگہ اے آر ڈی ایس مہلک ثابت ہو سکتی ہے۔ اے آر ڈی ایس سے بچ جانے اور کووڈ 19 سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے پھیپھڑوں پر مستقل نشان رہ سکتے ہیں۔ 
سِپسس کی بیماری
کووڈ 19 سے پیدا ہونے والا ایک اور شدید مسئلہ سِپسس ہے۔ سِپسس تب ہوتا ہے جب کوئی انفیکشن دوران خون میں پہنچ کر پھیل جاتی ہے اور جہاں پہنچتی ہے، بافتوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔ پھیپھڑے، دل اور جسم کے دوسرے حصے کسی آکسٹرا کی طرح مل جل کر کام کرتے ہیں۔ سِپسس میں ان کے مابین ربط ٹوٹ جاتا ہے۔ ایک کے بعد دوسرے اعضا کا نظام بند ہونے لگتاہے ، جس میں پھیپھڑے اور دل شامل ہیں۔ سِپسس سے بچ جانے والے مریض کے پھیپھڑوں اور دیگر اعضا پر دیر پا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ 
سپرانفیکشن
کووڈ 19میں مبتلا فرد کا نظام مدافعت مداخلت کاروں (وائرس) کے خلاف سخت جدوجہد کرتا ہے۔ اس سے دوسرے بیکٹیریا اور وائرس کی انفیکشن کے خلاف طاقت کم پڑ جاتی ہے۔ اس سے بہت بڑی یا سپر انفیکشن ہو سکتی ہے جس کا نتیجہ پھیپھڑوں کے اضافی نقصان کی صورت میں نکلتا ہے۔ 
پھیپھڑوں پر اثراندازہونے والے 3 عوامل
کووڈ 19 میں تین عوامل پھیپھڑوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ 
مرض کی شدت... پہلی چیز تو کوروناوائرس انفیکشن کی شدت ہے۔ اگر یہ کم ہے تو اس سے پھیپھڑوں کی بافتوں پر دیرپا اثر پڑنے کا امکان کم ہے۔ 
صحت کی حالت... دوسرا، اگر آپ کو صحت کے مسائل پہلے سے ہیں، جیسا کہ ''کرونک اوبسٹرکٹو پلمونیری ڈیزیز (سی او پی ڈی) یا دل کا مرض، تو اس سے کووڈ 19 کی شدت بڑھ سکتی ہے۔ معمر افراد کو کووڈ 19 سے زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ ان کے پھیپھڑوں کی بافتوں میں لچک کم ہوتی ہے اور عمر میں اضافے کے باعث ان کی قوت مدافعت کم ہو سکتی ہے۔ 
علاج... علاج تیسرا عامل ہے۔ مریض کی صحت یابی اور پھیپھڑوں کی طویل المدت صحت کا انحصار اس امر پر ہے کہ اس کا کس طرح خیال رکھا گیا۔ اگر سخت بیماروں کا ہسپتالوں میں بروقت علاج ہو جائے تو پھیپھڑوں کو کم نقصان پہنچتا ہے۔ 
کیا مریض پھیپھڑوں 
کے نقصان کو کم کر سکتا ہے؟
کچھ ایسے کام ہیں جنہیں کوروناوائرس کا مریض پھیپھڑوں کو نقصان سے بچانے کے لیے کر سکتا ہے۔ اگر آپ کو پہلے سے صحت کے مسائل ہیں تو ان میں کمی کے لیے وہ سب کچھ کریں جو آپ کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر ذیابیطس، سی او پی ڈی یا امراض قلب میں مبتلا افراد کو اپنا خیال رکھنا چاہیے اور ہدایات کے مطابق ادویات استعمال کرنی چاہئیں۔ مناسب غذا اور مائع کے استعمال سے جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دینا بھی کووڈ 19کی پیچیدگیوں سے بچنے میں مدد گار ہوتا ہے۔ مجموعی صحت کے لیے اچھی غذا اہم ہے۔ جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دی جائے تو خون کی مقدار مناسب رہتی ہے اور نظام تنفس میں پھیپھڑوں کی جھلیاں ( mucous membranes) صحت مند رہتی ہیں جس سے انفیکشن اور بافتوں کے نقصان کے خلاف بہتر مدافعت ہوتی ہے۔ 
کیا پھیپھڑوں کو پہنچنے والے 
ضرر کا ازالہ کبھی نہیں ہو سکتا؟
کووڈ 19 میں سخت بیمار ہونے والے مریض کے پھیپھڑے بحال ہو سکتے ہیں، لیکن ایسا یکایک نہیں ہوتا۔ پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازلے میں وقت لگتا ہے۔ وقت کے ساتھ بافتیں مندمل ہوتی ہیں، لیکن کووڈ 19 سے قبل والی حالت میں آنے میں تین ماہ سے ایک سال تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ ڈاکٹروں اور مریضوں دونوں کو علاج اور تھراپی جاری رکھنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ ایک بار جب وبا ختم ہو جائے گی تو کووڈ 19 سے بحال ہونے والے ایسے مریض موجود رہیں گے جن کی صحت کی ضروریات نئی ہوں گی۔ ڈاکٹر، نظام تنفس کے تھراپسٹ اور طبی معاونت کرنے والوں کو ان مریضوں کے پھیپھڑوں کے افعال کی مکمل بحالی کے لیے ہر ممکن مدد کرنا ہو گی۔ 
(ترجمہ و تلخیص: رضوان عطا) 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
تاریخ میں پہلی بار خلائی سٹیشن سے خلا بازوں کاطبی انخلا

تاریخ میں پہلی بار خلائی سٹیشن سے خلا بازوں کاطبی انخلا

ناسا کی ہنگامی کاروائی،کریو11 کی مقروہ وقت سے پلے واپسیخلائی تحقیق کی تاریخ میں گزشتہ ہفتے ایک غیر معمولی واقعہ اس وقت پیش آیا جب ناسا نے پہلی مرتبہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود خلا بازوں کیلئے طبی انخلا کی کارروائی شروع کی۔ یہ واقعہ نہ صرف سائنسی دنیا بلکہ عالمی ذرائع ابلاغ کی بھی توجہ کا مرکز بن گیا۔ خلا جیسے انتہائی پیچیدہ اور خطرناک ماحول میں انسانی صحت کا تحفظ ہمیشہ ایک بڑا چیلنج رہا ہے اور اس ہنگامی اقدام نے اس حقیقت کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ جدید خلائی طب، حفاظتی منصوبہ بندی اور انسانی جان کی اہمیت کو اوّلین ترجیح دینے کی واضح مثال ہے، جو مستقبل کی خلائی مہمات پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ناسا نے انکشاف کیا ہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود عملے کو تاریخ میں پہلی بار اس وقت انخلا کی تیاری کرنا پڑی جب ایک خلا باز کو طبی ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا۔ ناسا کے منتظم جیرڈ آئزک مین (Jared Isaacman) نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ''کریو11‘‘ اپنی طے شدہ واپسی کی تاریخ (فروری) تک مشن جاری نہیں رکھے گا اور ان کی محفوظ واپسی کا طریقہ کار جلد طے کیا جائے گا۔ آئزک مین نے کہا کہ میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ ہمارے خلا بازوں کے بہترین مفاد میں یہی ہے کہ کریو11 کو مقررہ وقت سے پہلے واپس بلایا جائے۔ یہ اعلان اس پیش رفت کے ایک دن سے بھی کم وقت میں سامنے آیا جب ناسا نے طبی مسئلے کے باعث جمعرات کو ہونے والی اسپیس واک منسوخ کر دی تھی۔''کریو11‘‘ میں چار خلا باز ناسا کی زینا کارڈمین (Zena Cardman ) اور مائیک فنکے(Mike Fincke)، جاپانی خلا باز کیمیا یوئی (Kimiya Yui)اور روسی خلا نورد اولیگ پلاٹونوف (Oleg Platonov) شامل ہیں۔ حال ہی میں اس گروپ کے ساتھ جاپانی خلا باز کوئیچی واکاتا (Koichi Wakata)اور ناسا کے خلا باز کرس ولیمز ( Chris Williams) بھی شامل ہوئے تھے، جو نومبر 2025ء میں ایک روسی سوئیوز خلائی جہاز کے ذریعے اسٹیشن پر پہنچے تھے۔ آئزک مین کے مطابق ولیمز امریکی موجودگی برقرار رکھنے کیلئے سوئیوز عملے کے ساتھ خلائی اسٹیشن پر ہی قیام کریں گے۔اگرچہ جس خلا باز کو طبی مسئلہ پیش آیا اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم ناسا کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جیمز پولک نے بتایا کہ خلا باز کو فوری طور پر کوئی خطرہ لاحق نہیں اور واپسی تک ساتھی عملے کی جانب سے ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر پولک نے مزید کہا کہ خلا باز کو پیش آنے والا طبی مسئلہ آئندہ ہونے والی اسپیس واک یا خلائی اسٹیشن پر جاری کسی اور سرگرمی سے متعلق نہیں تھا۔انہوں نے مخصوص طبی تفصیلات بتائے بغیر وضاحت کی کہ یہ زیادہ تر مائیکرو گریویٹی جیسے مشکل ماحول میں پیدا ہونے والا ایک طبی مسئلہ ہے۔ناسا کے مطابق خلا باز کی محفوظ حالت برقرار رکھنے کیلئے واپسی تک کسی خصوصی احتیاطی تدابیر کی ضرورت نہیں ہوگی اور ان کی حالت کو انخلا کے منصوبے کی تکمیل تک تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔ناسا کو اس سے قبل کبھی طبی وجوہات کی بنیاد پر کسی خلا باز کو واپس نہیں لانا پڑا، تاہم ہر آئی ایس ایس مشن میں ہنگامی انخلا کا منصوبہ شامل ہوتا ہے اور عملے کی واپسی کیلئے خلائی گاڑیاں ہمہ وقت تیار رکھی جاتی ہیں۔ناسا کے سربراہ نے مزید کہاکہ اب تک خلا بازوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ادارے کی تیز رفتار کوششوں پر مجھے فخر ہے۔البتہ ناسا کے منتظم نے یہ بھی واضح کیا کہ خلائی ادارہ اس معاملے کو ایک سنگین طبی حالت سمجھتا ہے، جس کے باعث حکام اس نتیجے پر پہنچے کہ تاریخ میں پہلی بار طبی انخلا ضروری ہو گیا ہے۔تاہم ڈاکٹر پولک نے اس بات پر زور دیا کہ خلا باز کو فوری خطرہ لاحق نہیں، جس کی وجہ سے ناسا کو کسی غیر محفوظ پرواز کے وقت میں جلد بازی سے انخلا کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔ڈاکٹر پولک نے کہا کہ عملے کا رکن مکمل طور پر مستحکم ہے، اس لیے میں مشن کے شیڈول یا ان کی سرگرمیوں میں کسی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں کرتا۔ ''کریو11‘‘ یکم اگست 2025ء کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچا تھا، جس کے باعث ان کی واپسی کی تاریخ فروری کے اواخر میں طے کی گئی تھی۔ چاروں خلا بازوں کو اس وقت واپسی کرنا تھی جب ''کریو12‘‘ پندرہ فروری سے قبل ایک اسپیس ایکس ڈریگن کیپسول کے ذریعے اسٹیشن پر پہنچتا۔ جیرڈ آئزک مین نے کہا کہ اگر کریو12 کی لانچ تاریخ آگے لانے پر غور بھی کیا گیا تو اس سے فروری 2026ء میں طے شدہ ''آرٹیمس ٹو ‘‘ مشن متاثر نہیں ہوگا۔انہوں نے دونوں لانچز کوبالکل الگ مہمات قرار دیاہے، جس کا مطلب ہے کہ آرٹیمس مشن وقت پر لانچ ہونے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ آرٹیمس ٹو 1972ء کے بعد چاند کے گرد گردش کرنے والی پہلی انسانی خلائی پرواز ہوگی۔دوسری جانب، آئی ایس ایس پر ہر وقت خلا بازوں کی موجودگی لازمی ہوتی ہے، کیونکہ وہ دیکھ بھال، مرمت، پیچیدہ تجربات کے انعقاد، لائف سپورٹ نظام کے انتظام اور اسپیس واکس جیسے اہم فرائض انجام دیتے ہیں۔ایسے کام جنہیں خودکار نظام مکمل طور پر سنبھال نہیں سکتے۔ اس طرح حفاظت اور سائنسی پیداوار کیلئے انسانی نگرانی برقرار رہتی ہے۔اب تک آئی ایس ایس سے کسی بھی عملے کو مقررہ وقت سے پہلے واپس نہیں بلایا گیا تھا، تاہم حالیہ برسوں میں خلا بازوں کو درپیش مختلف صحت کے مسائل کے باعث دو اسپیس واکس منسوخ کی جا چکی ہیں۔2021ء میں ایک مشن اس وقت منسوخ کر دیا گیا جب خلا باز مارک وانڈے ہائی کو اعصابی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اسٹیشن سے باہر جانے کے قابل نہ رہے۔اسی طرح 2024ء میں ایک اسپیس واک آخری لمحے پر اس وقت منسوخ کر دی گئی جب ایک خلا باز کو ''اسپیس سوٹ میں تکلیف‘‘ محسوس ہوئی۔

 قِصے جُڑواں الفاظ کے

قِصے جُڑواں الفاظ کے

انگریزی کی طرح اردو میں بھی جڑواں الفاظ ہوتے ہیں جن کی بدلتی اَ شکال قاری کیلئے ''اِشکال‘‘ کا موجب ہیں۔ اِشباح (اِعراب) کی خفیف سی تبدیلی خاصے '' اَشباہ‘‘ پیدا کر دیتی ہے۔ لہٰذا سمجھ سمجھ کر سمجھ کو سمجھنا ہی اصل سمجھ ہے۔ کرکِٹ کوہی لیجیے،کَرکَٹ ہوا تو ''گِرگَٹ‘‘کی طرح رنگ بدل کر کُوڑے کا معنی دینے لگا۔ اِدھر ''عَجَب‘‘ عَالَم ہے کہ عُجب کے باعث ہر ''نَفس‘‘ ہمہ جہت ''عَالِم‘‘ بنے پھرتا ہے اور خود کو فاضل جان کر اپنے ہر ''ہم نَفَس‘‘ کو ''فاضِل‘‘ (بیکار) سمجھتا ہے۔ '' سَو ‘‘بار سنا ہے کہ دنیا میں ہر '' سُو ‘‘ عُلمائے سُو موجود ہوتے ہیں ۔ ہم نے تو '' پَل‘‘ بھر میں خون سفید ہوتے یوں دیکھے کہ نہر کی '' پُل ‘‘ پر نشے کی '' دَھت ‘‘ میں ''دُھت ‘‘ یار لوگ اپنوں پر ہی '' پِل ‘‘ پڑے۔ یک طَرفہ فیصلے بھی '' طُرفہ تماشے‘‘ ہیں ۔زمانے کی '' رِ یت ‘‘ ہے کہ رشتے ناتے ''ریت کے گھروندے ہی تو ہیں ۔جب ''سَر‘‘ میں بھیجا اور روح میں '' سُر‘‘ نہ رہے تو پھر '' سِرِّدلبراں ‘‘ چہ معنی دارد؟۔دوسروں کی ''سُدھار‘‘میں لگے بہت سے بھلے مانَس حسرتیں لیے مُلکِ عدم '' سِدھار‘‘ جاتے ہیں۔ کم نگاہ لوگوں کو جتنی بھی '' پُر شکوہ ‘‘ ضیافت دو،ان کا '' شکوہ ‘‘ جاتا نہیں ۔یہ بات '' مُسَّلَم ‘‘ ہے کہ '' مُسلِم ‘‘باقی دنیا سے پیچھے ہیں اور کسی ''حقیقتِ مُنتظَر‘‘ کے مُنتظِر ہرگز نہیں۔ایسے ''گُل ‘‘ کھِلاتے ہیں کہ امیدوں کے چراغ ''گُل ِ‘‘ ہوکر '' گِل ‘‘ میں مل جاتے ہیں۔ مَلِکہ نورجہاں امورِ سلطنت کا خاص '' مَلکہ ‘‘ رکھتی تھیں مگر جہانگیر کی عُسرت میں عِشرت کے موجب بامراد نہ ہوئیں۔ سچ ہے کہ بڑے سے بڑا ''مَلِک ‘‘ بھی '' مَلَک الموت ‘‘ سے بچ نہیں پاتا چاہے اس کی '' مِلک‘‘ میں سارا'' مُلک ‘‘ ہی کیوں نہ ہو ۔نیلے ''امبر‘‘ تلے قدرت کی ''عنبر‘‘ اور '' عُود ‘‘ کی خوشبوئیں بکھرتی ہیں تو سہانے ماضی کی یادیں '' عَود ‘‘ کر آجاتی ہیں ۔ سَن نوے میں جب '' سِنِ بلوغت ‘‘ کو پہنچے تو جانا کہ '' سئور‘‘ سے ملتے جلتے لفظ '' سور‘‘کے سنسکرت میں معنی ہیرو کے ہیں ،اور سورما کی اصطلاح بھی اسی سور سے مُشتَق ہے۔ کل ایک''حاجی‘‘ صاحب نے بتایا کہ ہَجو لکھنے اور کرنے والے کو بھی '' ہاجی ‘‘ کہتے ہیں۔ حاجی صاحب اب بطور '' خَیَّام‘‘ '' مِصر ‘‘ جا کر ''خِیام ‘‘سازی کے کاروبار کرنے پر ''مُصِر‘‘ ہیں ۔کیونکہ یہاں ان کی زمینیں '' سیم ‘‘ اور تھور کی وجہ سے ''سِیم و زَر‘‘ اُگلنے سے قاصر ہیں ۔ البتہ ان کے بھائی کے ہاں محکمہ ''ریل‘‘ میں ہونے کے باعث دولت کی '' ریل پیل ‘‘ ہے۔اگر اس نُکتے کو نُقطہ نہ سمجھیں تو واضح ہے ہم عجمیوں کو ہی تلفظ کیلئے ''اِعراب‘‘ کی ضرورت ہے جبکہ '' اَعراب‘‘(اہل عرب ) کو ایسی کوئی حاجت نہیں۔ مثلاً عربی میں بیضا کا مطلب سفید اور روشن ہے جبکہ انڈے کو وہ ''بیضہ‘‘ کہتے ہیں ۔ اسی لیے ہم اصطلاحات کی درگت بقول شاعر کچھ ایسے بنا بیٹھتے ہیں ـ۔ عدن کو پڑھتے عَدَن ہیں، رُوم کو کہتے ہیں روم مِلَتِ بیضا کا مطلب لکھ دیا انڈے کی قوم

آج تم یاد بے حساب آئے!نذر الاسلام:مایہ ناز ہدایتکار (1939-1994ء)

آج تم یاد بے حساب آئے!نذر الاسلام:مایہ ناز ہدایتکار (1939-1994ء)

٭...پاکستان کے مایہ ناز فلمساز و ہدایتکار 19اگست 1939ء کو ڈھاکہ میں پیدا ہوئے۔٭... وہ بنگلا دیش کے قیام کے بعد پاکستان ہی میں مقیم رہے۔٭... انہیں1971ء میں بننے والی فلم ''پیاسا‘‘ سے شہرت ملی۔٭... ان کی فلموں کی خاصیت یہ تھی کہ ان کی ٹیم بنگالی فنکاروں پر مشتمل ہوتی ۔٭...فلمی صنعت میں انہیں ''دادا‘‘ کے نام سے بھی پکارا جاتا تھا۔٭...اپنے کریئر میں انہوں نے 30فلمیں بنائیں ، جن میں 20اردو فلمیں تھیں۔وہ اپنی فلموں کی سینما ٹو گرافی اور موسیقی پر خاص توجہ دیتے تھے۔٭...انہوں نے ''آئینہ‘‘ جیسی معرکہ آراء فلم کی ہدایات دیں، یہ فلم کراچی میں 5سال نمائش پذیر رہی۔اس فلم کے تمام نغمات ہٹ ہوئے اور آج بھی ان کی مقبولیت برقرار ہے۔ ٭...ان کی فلموں''بندش‘‘ اور ''نہیں ابھی نہیں‘‘ بھی زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوئیں۔ '' نہیں ابھی نہیں‘‘ 1980ء میں ریلیز ہوئی جس سے فیصل اور ایاز کو متعارف کرایاگیا۔ فلم کے گیت سرور بارہ بنکوی نے تحریر کئے اور سنگیت روبن گھوش کا تھا۔ ٭...ان کی ایک اور شاندار فلم ''لوسٹوری‘‘ تھی جو 1982ء میں نمائش کیلئے پیش کی گئی۔اس میں فیصل کے علاوہ لیلیٰ اور آغا طالش نے بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس کے نغمات بہت ہٹ ہوئے۔٭... انہوں نے ایک پنجابی فلم ''کالے چور‘‘ بھی بنائی جو سپرہٹ ثابت ہوئی۔ اس کے مرکزی کردار سلطان راہی، ہمایوں قریشی اور نیلی نے نبھائے۔٭... ندیم، بابرا شریف، ننھا اور مصطفی قریشی جیسے ستاروں سے سجی ان کی فلم ''زندگی‘‘ نے بھی بڑی کامیابی حاصل کی۔1978ء میں سینما گھروں کی زینت بننے والی اس فلم نے گلوکار اے نیئر کو بھی بہت شہرت بخشی۔ ان کا گیت ''سالگرہ کا دن آیا ہے‘‘ بہت پسند کیا گیا ۔٭...رومانوی اور سوشل فلم ''امبر‘‘ بھی سپرہٹ ثابت ہوئی، اس کے گیت بہت مقبول ہوئے، خاص طور پر مہدی حسن کا گایا ہوا یہ گیت ''ٹھہرا ہے سماں‘‘ اور اے نیئر اور ناہید اختر کا یہ دو گانا ''ملے دو ساتھی‘‘ بہت مقبول ہوئے۔٭...11جنوری 1994ء میں یہ بے مثال ہدایتکار اس جہان فانی سے رخصت ہو گیا۔نذرالاسلام کی شاہکار فلمیںآئینہ (1977) امبر (1978)زندگی (1978) بندش (1980)لو سٹوری (1983)آنگن (1982)دیوانے دو(1985)زمین آسمان(1985)پلکوں کی چھائوں(1985)بارود کی چھائوں(1989)کالے چور (1991)نہیں ابھی نہیں (1980) خواہش میڈیم باوری نرگس

آج کا دن

آج کا دن

انسولین کا استعمال11جنوری1922ء کو دنیا کے پہلے انسان کو انسولین لگائی گئی۔ اس شخص کا نام لیونارڈ تھامسن تھا جو ٹائپ1ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھا۔ اس کے علاج اور تحقیقی غرض سے اسے انسولین لگائی گئی۔انسولین کے مثبت اور حیران کن نتائج نے اس وقت کے ماہرین کو حیران کر دیا۔ اس سے قبل انسولین کو مختلف تجرباتی مراحل سے گزارا گیا تھا لیکن انسانوں پر کیا جانے والا یہ پہلا تجربہ تھا۔انسانوں پر کامیاب تجربے کے بعد انسولین کو ذیابیطس کیلئے بطور علاج استعمال کیا جانے لگا۔تھروگز نک برج کا افتتاح1961ء میں آج کے روز نیویارک میں ''تھروگز نک برج‘‘ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھولا گیا۔ یہ پل ایسٹ ریور پر تعمیر کیا گیا اور شہری آمدورفت کو بہتر بنانے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔ اس پل کی بدولت نہ صرف سفر کے اوقات میں نمایاں کمی آئی بلکہ شہر کے مختلف حصوں کے درمیان تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملا۔ یہ پل جدید انجینئرنگ کا عمدہ نمونہ ہے، جس نے نیویارک کے ٹرانسپورٹ نظام کو مزید مؤثر بنایا اور شہری ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ اینڈیوور مشن''ایس ٹی ایس72‘‘ امریکی خلائی شٹل اینڈیوور کا ایک اہم مشن تھا، جس کا بنیادی مقصد جاپان کے مائیکرو گریویٹی اسپیس فلائٹ یونٹ کو خلا سے تحویل میں لے کر محفوظ طریقے سے زمین پر واپس لانا تھا۔ یہ تاریخی مشن 11 جنوری 1996ء کو کینیڈی اسپیس سینٹر، فلوریڈا سے روانہ ہوا۔جاپانی اسپیس فلائٹ یونٹ کا وزن تقریباً 3,577 کلوگرام تھا۔ اس یونٹ کو جاپان کی سپیس ایجنسی نے 18 مارچ 1995ء کوخلا میں بھیجا تھا، جہاں اس نے مائیکرو گریویٹی ماحول میں سائنسی تجربات انجام دیے۔ قصبہ حماد کا قتل عام سیدی حماد کا قتل عام11 جنوری 1998ء کی شب الجزئر سے 30کلومیٹر جنوب میں واقع قصبے سیدی حماد میں پیش آیا۔ ایک اندازے کے مطابق پچاس بندوق برداروں نے قصبے پر حملہ کیا۔حملہ آوروں نے ایک کیفے اور ایک مسجد پر بمباری کی۔حملہ کے بعد وہاں موجود لوگوں نے بھاگنے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے بھاگنے والوں پر بھی فائرنگ شروع کر دی اور سب کو ہلاک کر دیا۔ اس کے بعد حملہ آور گھروں کے اندر گھس کر لوگوں کو قتل کرنے لگے۔ سرکاری اعدادو شمار کے مطابق اس قتل عام میں 103افراد ہلاک اور 70کے قریب زخمی ہوئے۔تاہم غیر سرکاری ذرائع 120ہلاکتوں کا دعویٰ کرتے ہیں جبکہ الجزائر کے کچھ اخبارات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد تقریباً400تھی۔ سسلی کا زلزلہ 11جنوری1693ء کو سسلی، کلابریا اور مالٹا کے قریب جنوبی اٹلی کے کچھ حصوں کو ایک خوفناک زلزلے کا سامنا کرنا پرا۔ اس سے قبل9جنوری کو بھی ایک زور دار جھٹکا محسوس کیا گیا تھا۔ زلزلے کی شدت 7.4ریکارڈ کی گئی جو اطالوی تاریخ میں سب سے زیادہ طاقتور زلزلہ تھا۔اس شدید زلزلے سے کم از کم70قصبے تباہ ہوئے اور5ہزار600مربع کلومیٹر کے رقبے کو شدید نقصان پہنچا۔اس زلزلے میں تقریباً60ہزار افراد جاں بحق ہوئے۔زلزلے کے نتیجے میں سونامی بھی آیا جس نے بحیرہ Ionianاور آبنائے میسینا کے ساحلی دیہاتوں کو تباہ کر دیا۔

سمندری چٹانیں تباہی کے دہانے پر!

سمندری چٹانیں تباہی کے دہانے پر!

2026ء سمندری حیات کیلئے خطرناک قرار دنیا بھر کے سمندروں میں پھیلی مرجانی چٹانیں، جو سمندری حیات کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں آج تاریخ کے سب سے بڑے خطرے سے دوچار ہیں۔ ماہرین ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ 2026ء وہ سال ثابت ہو سکتا ہے جب عالمی سطح پر سمندری چٹانوں کا نظام تیزی سے بکھرنے لگے گا۔ بڑھتا ہوا درجہ حرارت، سمندری پانی کی تیزابیت اور موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات نے ان نازک ماحولیاتی نظاموں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ماہرین کے مطابق آئندہ بارہ ماہ کے دوران ہونے والا نقصان نہ صرف سمندری حیات بلکہ کروڑوں انسانوں کی خوراک، روزگار اور ساحلی تحفظ کیلئے بھی تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔انسانی سرگرمیوں کے باعث پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں سمندروں کے درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث دنیا بھر میں موجود سمندری چٹانیں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں۔ گزشتہ 10 برسوں کے دوران دنیا کی اندازاً 30 سے 50 فیصد سمندری چٹانیں پہلے ہی تباہ ہو چکی ہیں۔ اب ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ دنیا سمندری حیات کیلئے ایک ایسے ناقابل واپسی موڑ کے قریب پہنچ چکی ہے۔سمندری ماحولیاتی نظام کی ماہر ڈاکٹر سمانتھا گیرارڈ (Dr Samantha Garrard)کا کہنا ہے کہ آئندہ بارہ ماہ کے دوران ہونے والا نقصان تباہ کن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دنیا بھر کی سمندری چٹانوں کا مستقبل بحرالکاہل میں گرم اور ٹھنڈے پانی کے ایک قدرتی چکر پر منحصر ہے، جسے ''ایل نینو سدرن اوسلیشن‘‘ ( El Niño-Southern Oscillation) کہا جاتا ہے۔ ہم حال ہی میں ایک انتہائی تباہ کن ایل نینو مرحلے سے گزر چکے ہیں، جس کے دوران گرم پانی نے دنیا کی 84 فیصد سمندری چٹانوں کو ایسی حد تک حرارت کے اثر میں مبتلا کر دیا جو کورل بلیچنگ کا باعث بنتی ہے۔ چونکہ 2026ء میں ایک اور ایل نینو مرحلے کی توقع کی جا رہی ہے، اس لیے ماہرین موسمیات کو خدشہ ہے کہ سمندری چٹانیں اگلے شدید اثر سے شاید دوبارہ سنبھل نہ سکیں۔ ڈاکٹر گیرارڈ کے مطابق یہ وہ سال ہو گا جب گرم پانی میں پائی جانے والی چٹانیں ایک ایسے موڑ پر پہنچ جائیں گی جس کے بعد ان کا مقدر طے ہو جائے گا، حتیٰ کہ سب سے زیادہ مضبوط اقسام بھی بحالی کے قابل نہیں رہیں گی۔سمندری چٹانیں سمندر کی سطح کے صرف ایک فیصد حصے پر پھیلی ہوئی ہیں، لیکن اس کے باوجود یہ سمندری حیات کی تقریباً ایک چوتھائی اقسام کو سہارا دیتی ہیں۔ تاہم یہ حیرت انگیز قدرتی مساکن انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کیلئے غیرمعمولی طور پر حساس بھی ہیں۔ جب مرجانی چٹانوں کا درجہ حرارت حد سے زیادہ بڑھ جاتا ہے تو ان میں بلیچنگ (Bleaching) کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔ زیادہ حرارت کے دباؤ کے باعث یہ اپنے اندر موجود رنگین الجی کو خارج کر دیتی ہیں، جس سے اس کا رنگ سفید ہو جاتا ہے۔ اگر بلند درجہ حرارت طویل عرصے تک برقرار رہے تو بڑے پیمانے پر اجتماعی بلیچنگ کے واقعات پیش آ سکتے ہیں، جن کے بعد یہ چٹانیں اکثر دوبارہ بحال نہیں ہو پاتیں۔گرین ہاؤس گیسوں کے انسانی اخراج نے عالمی سطح پر سمندری درجہ حرارت کو ریکارڈ حد تک بڑھا دیا ہے، جس کے نتیجے میں شدید سمندری گرمی کی لہریں کہیں زیادہ شدید اور بار بار آنے لگی ہیں۔زیادہ اوسط درجہ حرارت ان چٹانوں کو ایل نینو سدرن اوسلیشن کے اثرات کیلئے بھی زیادہ حساس بنا دیتا ہے۔ ایل نینو کے دوران بحرالکاہل میں سمندر کی سطح کا درجہ حرارت اوسط سے کم از کم 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو جاتا ہے اور یہ کیفیت کئی مہینوں تک برقرار رہتی ہے، جس کے باعث دنیا بھر میں موسم غیرمعمولی طور پر گرم ہو جاتا ہے۔ماضی میں گرم ایل نینو سالوں کے بعد بحرالکاہل کے چکر کے دوران نسبتاً ٹھنڈے موسم کے سال آتے تھے، جنہیں لا نینا مرحلہ کہا جاتا ہے۔ ڈاکٹر گیرارڈ وضاحت کرتی ہیں کہ اس وقفے کے دوران ان چٹانوں کو چند سال کا موقع ملتا تھا تاکہ وہ ''سانس لے سکیں‘‘ اور دباؤ کے اثرات سے دوبارہ بحال ہو سکیں۔ تاہم تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ایل نینو کے گرم مراحل کو زیادہ شدید اور زیادہ بار آنے والا بنا رہی ہے، جبکہ ایل نینو اور لا نینا کے درمیان عبوری ادوار مختصر اور زیادہ گرم ہوتے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر گیرارڈ کا کہنا ہے: چونکہ 2026ء میں ایک اور ایل نینو متوقع ہے، اور یہ گزشتہ مرحلے کے فوراً بعد آئے گا، اس لیے بہت سی چٹانوں کو بحالی کیلئے کافی وقت نہیں مل سکے گا۔ یہ مرحلہ مرجانی چٹانوں کے وسیع پیمانے پر انہدام کا سبب بن سکتا ہے۔ اب خدشہ یہ ہے کہ 2026ء دنیا بھر کی سمندری چٹانوں کیلئے ایک 'ٹِپنگ پوائنٹ‘ ثابت ہو سکتا ہے، یعنی وہ حد عبور ہو جائے گی جہاں ماحولیاتی نظام میں تبدیلی اچانک اور ناقابلِ واپسی ہو جاتی ہے۔

چٹانوں میں تراشی گئی عبادت گاہیں

چٹانوں میں تراشی گئی عبادت گاہیں

لالیبیلا کے گرجا گھر قدیم افریقی انجینئرنگ کا شاہکارایتھوپیا کے شمالی پہاڑی خطے امہارا میں واقع لالیبیلا ایک ایسا تاریخی اور مذہبی شہر ہے جو صدیوں سے دنیا کو حیرت میں مبتلا کیے ہوئے ہے۔ یہ شہر اپنی چٹانوں کو تراش کر بنائی گئی عظیم الشان گرجا گھروں کی بدولت عالمی شہرت رکھتا ہے، جو انسانی محنت، عقیدت اور فن تعمیر کا بے مثال شاہکار ہیں۔ زمین کی سطح سے نیچے ایک ہی چٹان کو کاٹ کر تعمیر کیے گئے یہ گرجا گھر نہ صرف مذہبی تقدس کے حامل ہیں بلکہ قدیم افریقی تہذیب کی اعلیٰ انجینئرنگ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت بھی ہیں۔لالیبیلا کے گرجا گھر بارہویں اور تیرہویں صدی عیسوی میں تعمیر کیے گئے، جب ایتھوپیا پر زاگوا خاندان کی حکومت تھی۔ روایت کے مطابق ان گرجا گھروں کی تعمیر کا حکم شاہ لالیبیلا نے دیا، جن کا خواب تھا کہ افریقہ میں ایک مقدس شہر قائم کیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ لالیبیلا کو آج بھی ‘‘افریقہ کا یروشلم'' کہا جاتا ہے۔ اس شہر کی تعمیر محض سیاسی یا مذہبی منصوبہ نہیں تھی بلکہ یہ ایک تہذیبی اعلان تھا کہ افریقہ بھی علم، فن اور تعمیر میں کسی سے کم نہیں۔لالیبیلا کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا راک ہیون فنِ تعمیر (Rock Hewn Architecture) ہے۔ یہاں گرجا گھر زمین کے اوپر تعمیر نہیں کیے گئے بلکہ ایک ہی چٹان کو اوپر سے نیچے کی طرف کاٹ کر وجود میں لائے گئے۔ یعنی پہلے چٹان کے گرد گہری خندق بنائی گئی، پھر اندرونی حصے کو تراش کر ستون، محرابیں، چھتیں اور راہداریاں تشکیل دی گئیں۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس پورے عمل میں نہ سیمنٹ استعمال ہوا، نہ اینٹیں اور نہ ہی لوہے کے جدید اوزار۔ اس کے باوجود یہ عمارتیں صدیوں سے قائم ہیں۔لالیبیلا میں کل 11 گرجا گھر ہیں، جنہیں تین بڑے گروہوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ہر گرجا گھر نہ صرف ساخت کے اعتبار سے منفرد ہے بلکہ اس کا مذہبی اور علامتی مفہوم بھی الگ ہے۔ ان میں سب سے مشہور ''چرچ آف سینٹ جارج ‘‘ ہے، جو صلیب کی مکمل شکل میں تراشا گیا ہے۔ یہ گرجا گھر سطح زمین سے نیچے واقع ہے اور اس تک پہنچنے کیلئے تنگ راستوں اور سیڑھیوں سے گزرنا پڑتا ہے، جو زائرین کو روحانی یکسوئی کی طرف لے جاتا ہے۔اسی طرح بیٹے مدھانِ عالم (Bete Medhane Alem) کو دنیا کا سب سے بڑا یک سنگی گرجا گھر سمجھا جاتا ہے۔ اس کے اندر تراشے گئے ستون اور چھتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ قدیم افریقی معمار نہ صرف ساختی توازن سے واقف تھے بلکہ جمالیاتی حسن کو بھی غیرمعمولی اہمیت دیتے تھے۔ یہ گرجا گھر محض عبادت کے مقامات نہیں بلکہ زندہ عجائب گھر ہیں، جہاں ہر دیوار، ہر نقش اور ہر راستہ ایک کہانی سناتا ہے۔لالیبیلا کے گرجا گھروں کی انجینئرنگ کا ایک اور حیرت انگیز پہلو نکاسی آب ہے۔ پہاڑی علاقے میں بارش کے پانی کو عمارتوں سے محفوظ طریقے سے نکالنے کیلئے زیر زمین نالیاں بنائی گئیں جو آج بھی کارآمد ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان معماروں کو جغرافیہ، موسم اور تعمیراتی سائنس کی گہری سمجھ حاصل تھی۔مذہبی اعتبار سے لالیبیلا ایتھوپیائی آرتھوڈوکس عیسائیوں کیلئے نہایت مقدس مقام ہے۔ سال بھر یہاں عبادات جاری رہتی ہیں، لیکن کرسمس اور ایپی فینی کے موقع پر ہزاروں زائرین سفید روایتی لباس پہن کر ان گرجا گھروں کا رخ کرتے ہیں۔ دعائیں، جلوس اور چراغوں کی روشنی اس شہر کو ایک روحانی منظرنامے میں بدل دیتی ہے، جہاں ماضی اور حال ایک دوسرے سے جڑ جاتے ہیں۔لالیبیلا کی عالمی اہمیت کا اعتراف اس وقت ہوا جب اسے یونیسکو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا۔ اس اعزاز کا مقصد نہ صرف ان گرجا گھروں کو محفوظ بنانا ہے بلکہ دنیا کو یہ باور کرانا بھی ہے کہ افریقی تہذیبیں محض زبانی روایات تک محدود نہیں بلکہ تعمیر، فن اور فکر میں بھی عظیم ورثہ رکھتی ہیں۔ بدقسمتی سے قدرتی عوامل، وقت کی مار اور سیاحتی دباؤ کے باعث یہ گرجا گھر خطرات سے دوچار ہیں۔لالیبیلا کے گرجا گھر ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ انسان اگر عقیدت، علم اور محنت کو یکجا کر لے تو پتھر بھی بولنے لگتے ہیں۔ یہ عبادت گاہیں صرف مذہبی عمارتیں نہیں بلکہ ایک تہذیب کی اجتماعی دانش، صبر اور تخلیقی قوت کا مظہر ہیں۔ آج کے جدید دور میں، جہاں بلند عمارتیں شیشے اور فولاد سے بنتی ہیں، لالیبیلا ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اصل عظمت وسائل کی کثرت میں نہیں بلکہ وژن اور ہنر میں ہوتی ہے۔آخرکار، لالیبیلا کا شہر اور اس کے چٹانوں میں تراشے گئے گرجا گھر انسانی تاریخ کے ان روشن ابواب میں شامل ہیں جو یہ اعلان کرتے ہیں کہ افریقہ محض تاریخ کا پس منظر نہیں بلکہ خود تاریخ کا خالق بھی رہا ہے۔ یہ شاہکار آنے والی نسلوں کیلئے پیغام ہیں کہ ایمان، فن اور علم جب یکجا ہوں تو صدیوں کو مات دے سکتے ہیں۔