قِصے جُڑواں الفاظ کے
اسپیشل فیچر
انگریزی کی طرح اردو میں بھی جڑواں الفاظ ہوتے ہیں جن کی بدلتی اَ شکال قاری کیلئے ''اِشکال‘‘ کا موجب ہیں۔ اِشباح (اِعراب) کی خفیف سی تبدیلی خاصے '' اَشباہ‘‘ پیدا کر دیتی ہے۔ لہٰذا سمجھ سمجھ کر سمجھ کو سمجھنا ہی اصل سمجھ ہے۔ کرکِٹ کوہی لیجیے،کَرکَٹ ہوا تو ''گِرگَٹ‘‘کی طرح رنگ بدل کر کُوڑے کا معنی دینے لگا۔ اِدھر ''عَجَب‘‘ عَالَم ہے کہ عُجب کے باعث ہر ''نَفس‘‘ ہمہ جہت ''عَالِم‘‘ بنے پھرتا ہے اور خود کو فاضل جان کر اپنے ہر ''ہم نَفَس‘‘ کو ''فاضِل‘‘ (بیکار) سمجھتا ہے۔ '' سَو ‘‘بار سنا ہے کہ دنیا میں ہر '' سُو ‘‘ عُلمائے سُو موجود ہوتے ہیں ۔ ہم نے تو '' پَل‘‘ بھر میں خون سفید ہوتے یوں دیکھے کہ نہر کی '' پُل ‘‘ پر نشے کی '' دَھت ‘‘ میں ''دُھت ‘‘ یار لوگ اپنوں پر ہی '' پِل ‘‘ پڑے۔ یک طَرفہ فیصلے بھی '' طُرفہ تماشے‘‘ ہیں ۔زمانے کی '' رِ یت ‘‘ ہے کہ رشتے ناتے ''ریت کے گھروندے ہی تو ہیں ۔جب ''سَر‘‘ میں بھیجا اور روح میں '' سُر‘‘ نہ رہے تو پھر '' سِرِّدلبراں ‘‘ چہ معنی دارد؟۔دوسروں کی ''سُدھار‘‘میں لگے بہت سے بھلے مانَس حسرتیں لیے مُلکِ عدم '' سِدھار‘‘ جاتے ہیں۔ کم نگاہ لوگوں کو جتنی بھی '' پُر شکوہ ‘‘ ضیافت دو،ان کا '' شکوہ ‘‘ جاتا نہیں ۔یہ بات '' مُسَّلَم ‘‘ ہے کہ '' مُسلِم ‘‘باقی دنیا سے پیچھے ہیں اور کسی ''حقیقتِ مُنتظَر‘‘ کے مُنتظِر ہرگز نہیں۔ایسے ''گُل ‘‘ کھِلاتے ہیں کہ امیدوں کے چراغ ''گُل ِ‘‘ ہوکر '' گِل ‘‘ میں مل جاتے ہیں۔ مَلِکہ نورجہاں امورِ سلطنت کا خاص '' مَلکہ ‘‘ رکھتی تھیں مگر جہانگیر کی عُسرت میں عِشرت کے موجب بامراد نہ ہوئیں۔ سچ ہے کہ بڑے سے بڑا ''مَلِک ‘‘ بھی '' مَلَک الموت ‘‘ سے بچ نہیں پاتا چاہے اس کی '' مِلک‘‘ میں سارا'' مُلک ‘‘ ہی کیوں نہ ہو ۔نیلے ''امبر‘‘ تلے قدرت کی ''عنبر‘‘ اور '' عُود ‘‘ کی خوشبوئیں بکھرتی ہیں تو سہانے ماضی کی یادیں '' عَود ‘‘ کر آجاتی ہیں ۔ سَن نوے میں جب '' سِنِ بلوغت ‘‘ کو پہنچے تو جانا کہ '' سئور‘‘ سے ملتے جلتے لفظ '' سور‘‘کے سنسکرت میں معنی ہیرو کے ہیں ،اور سورما کی اصطلاح بھی اسی سور سے مُشتَق ہے۔ کل ایک''حاجی‘‘ صاحب نے بتایا کہ ہَجو لکھنے اور کرنے والے کو بھی '' ہاجی ‘‘ کہتے ہیں۔ حاجی صاحب اب بطور '' خَیَّام‘‘ '' مِصر ‘‘ جا کر ''خِیام ‘‘سازی کے کاروبار کرنے پر ''مُصِر‘‘ ہیں ۔کیونکہ یہاں ان کی زمینیں '' سیم ‘‘ اور تھور کی وجہ سے ''سِیم و زَر‘‘ اُگلنے سے قاصر ہیں ۔ البتہ ان کے بھائی کے ہاں محکمہ ''ریل‘‘ میں ہونے کے باعث دولت کی '' ریل پیل ‘‘ ہے۔اگر اس نُکتے کو نُقطہ نہ سمجھیں تو واضح ہے ہم عجمیوں کو ہی تلفظ کیلئے ''اِعراب‘‘ کی ضرورت ہے جبکہ '' اَعراب‘‘(اہل عرب ) کو ایسی کوئی حاجت نہیں۔ مثلاً عربی میں بیضا کا مطلب سفید اور روشن ہے جبکہ انڈے کو وہ ''بیضہ‘‘ کہتے ہیں ۔ اسی لیے ہم اصطلاحات کی درگت بقول شاعر کچھ ایسے بنا بیٹھتے ہیں ـ۔
عدن کو پڑھتے عَدَن ہیں، رُوم کو کہتے ہیں روم
مِلَتِ بیضا کا مطلب لکھ دیا انڈے کی قوم