معدے کی تیزابیت سے چھٹکارا
معدے کی تیزابیت اور سینے میں جلن کی متعدد وجوہات ہوتی ہیں جب کہ ہماری خوراک اور کھانے کا طریقہ بھی اس کیفیت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔جب کبھی ہم ضرورت سے زیادہ کھا لیتے ہیں یا جب تلی ہوئی غذا کا زیادہ استعمال کر رہے ہوتے ہیں تو معدے میں تیزابیت کا شکار ہو جاتے ہیں اور پھر ڈاکٹر کے پاس جانے ، ادویات استعمال کرنے اور طویل پرہیز کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ آج ہم آپ کو اسی حوالے سے بتانے والے ہیں کہ کن باتوں کا خیال رکھ کر ہم معدے کی تیزابیت سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں ۔ ساتھ ہی چند ٹوٹکے بھی بتائیں گے جس سے آپ کو جلد آرام آسکتا ہے۔
1۔ خوراک کی مقدار اور طریقہ کار:ماہرین کا کہنا ہے کہ کہ اگرآپ کو معدے میں تیزابیت یا سینے میں جلن محسوس ہو تو آپ کو اپنی خوراک کی مقدار کو کم کردینا چاہیے جبکہ آپ کو کھانا زیادہ دیر تک چبانا ہوگا، یعنی اچھی طرح چبا کر کھائیں۔دوسری جانب ضرورت سے زیادہ کھانا بھی معدے میں تیزابیت اور سینے کی جلن کی وجہ بن سکتا ہے اس لیے ہمیں معتدل رہ کر خوراک لینی چاہیے اور روزانہ ورزش کرنی چاہیے۔
2۔ سونف کا استعمال:اگر آپ کو معدے میں تیزابیت اور سینے میں جلن رہتی ہے تو اس کے لیے سونف کا استعمال بے حد معاون ثابت ہوتا ہے، ہر کھانے کے بعد اگر ایک چھوٹا چمچ سونف کو اچھی طرح چبا کر کھایا جائے تو یہ بے حد مددگار ثابت ہوگا۔
3۔ ادرک کی چائے:ادرک کونظام ہضم کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے جب کہ ادرک معدے کی تیزابیت ختم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔روزانہ ایک کپ پانی میں ادرک کا ٹکڑا ڈال کر ابالنے کے بعد اس میں لیمو کے چند قطرے اور شہد ملا کر پینے سے معدے کی تیزابیت، بد ہضمی اور سینے میں جلن ٹھیک ہوجاتی ہے۔
4۔ لیمو پانی:لیمو سینے کی جلن اور معدے کی تیزابیت کو کم کرنے میں بے حد مددگار ثابت ہوتا ہے، روزانہ ایک گلاس گرم پانی میں لیمو نچوڑ کر پینا معدے کے لیے معاون ثابت ہوتا ہے ۔