ثابت بن قرہ حرانی علم ہیئت کا ماہر،فلسفی اور طبیب
تعارف: ثابت بن قرہ حرانی ہیئت کا ماہر اور فن طب میں علم تشریح الابدان میں باکمال فلسفی اور طبیب تھا۔ علم الاعداد میں موافق عددوں کے درمیان استخراج کے اہم کلیہ دریافت کئے اور موافق عددوں کے جوڑے معلوم کرنے کے لئے ایک کلیہ اور اصول قائم کیا۔ اجزائے ضربی اور اجزائے مرکبہ کے فرق کو بتایا۔
اس ماہر ہیئت داں نے رصد گاہ بھی تعمیر کر لیا تھا۔ بیت الحکمۃ کے طرز پر علمی ادارہ بھی قائم کیا تھا۔ حکومت وقت نے علم ہیئت سے متعلق اداروں کا اسے نگراں مقرر کیا تھا۔ اپنی زندگی میں اس نے بہت سے اچھے اچھے کام کئے اور علوم و فنون کو ترقی دی۔
ابتدائی زندگی‘ تعلیم و تربیت
ثابت بن قرہ حرانی اچھا طبیب اور علم تشریح الابدان کا ماہر تھا۔ علم ریاضی میں اس نے کئی نئے کلیے (قاعدہ، اصول) دریافت کئے۔
ثابت حران کا باشندہ تھا۔ حران شمالی عراق میں ایک مردم خیزعلاقہ تھا۔ یہاں کے باشندوں میں بعض بہت مشہور اور قابل لوگ گزرے ہیں۔ ثابت کا خاندان بھی علمی خاندان تھا۔
ثابت عرب خاندان سے تھا۔ اس کا آبائی پیشہ صرانی تھا۔ ثابت نے تعلیم اپنے ہی وطن میں حاصل کی اور مطالعے کے ذریعے اپنی قابلیت میں اضافہ کیا۔
محمد بن موسیٰ شاکر جب کسی جنگ سے واپس آ رہا تھا تو مقام حران میں فوج نے پڑائو کیا۔ یہاں اس کی ملاقات نوجوان ثابت بن قرہ سے ہوئی۔ محمد سمجھ گیا کہ یہ نوجوان غیر معمولی صلاحیتوں کا مالک ہے۔ محمد نے ثابت کو اپنے ساتھ بغداد چلنے پر آمادہ کیا اور ساتھ لایا۔
بغداد میں محمد نے ثابت کی بڑی قدرومنزلت کی، ثابت میں علمی تحقیق کی بڑی لگن تھی۔ چنانچہ محمد بن موسیٰ اور ثابت دونوں نے مل کر ایک علمی ادارہ قائم کیا۔ اس علمی ادارہ میں بہت سے قابل لوگ شریک ہوئے اور کام شروع ہو گیا۔ یہ علمی ادارہ بیت الحکمۃ کے طرز پر تھا۔ اس نئے ادارے نے بہت سے علمی کام کئے۔ یہ 855ء کے بعد کے واقعات ہیں۔ ثابت نے علمی کاموں کی وجہ سے خاصی عزت پیدا کرلی۔
علمی خدمات اور کارنامے
ثابت علم ہیئت کا ماہر تھا۔ حکومت نے اسے علم ہیئت کے شعبے میں نگران مقرر کیا۔ اس نے کئی نئے نئے انکشافات کئے۔ رصد گاہ (Observatory) کے انتظامات کی اس نے اصلاح کی۔ علم تشریح الابدان میں وہ کمال رکھتا تھا اور اس نے فن یعنی علم تشریح الابدان میں نئی نئی تحقیقات کر کے اس حصے میں اہم اضافے کئے۔ اس نے اس موضوع پر ایک اچھی کتاب بھی تصنیف کی۔
علم ہندسہ (جیومیٹری) میں بھی اس نے بعض شکلوں سے متعلق ایسے مسائل اور کلیات دریافت کئے جو اس سے پہلے معلوم نہ تھے۔
علم الاعداد میں ثابت نے موافق عددوں (Amicable Number) کے ایک ایسے اہم کلیے کا استخراج کیا جس کے ذریعہ کوئی مرکب عدد ان چھوٹے عددوں پر باری باری سے پورا پورا تقسیم ہو جاتا ہے اوروہ چھوٹے عدد اس مرکب عدد کے ''اجزائے مرکبہ‘‘ کہلاتے ہیں۔ مثلاً 20 ایک مرکب عدد ہے جسے باری باری سے 1,2,4,5 اور 10 پر تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ اس لئے یہ سب عدد (20) کے اجزائے مرکب ہیں۔ یاد رکھئے! اجزائے مرکب اور اجزائے ضربی میں فرق ہے۔ اجزائے ضربی مفرد ہوتے ہیں۔ مثلاً 1,2 اور 5 مفرد ہیں مگر 4 اور 10 مرکب عدد ہیں۔
ثابت نے موافق عدد کے بارے میں بتایا کہ دو مرکب عدد ایسے ہوں کہ پہلے عدد اجزائے مرکبہ کا مجموعہ دوسرے عدد کے برابر ہو جائے اوردوسرے عدد کے اجزائے مرکبہ کا مجموعہ پہلے عدد کے برابر ہو جائے تو یہ دونوں عدد آپس میں موافق عدد کہلاتے ہیں۔ ثابت نے موافق عددوں کے جوڑے کیلئے ایک کلیہ اور اصول معلوم کیا۔