آج کا دن
اسپیشل فیچر
امریکی خلائی مشن ''سکائی لیب‘‘ کی روانگی
1973ء میں آج کے روز امریکہ نے اپنا پہلا خلائی اسٹیشن ''سکائی لیب‘‘ روانہ کیا۔یہ مشن 24ہفتوں پر مشتمل تھا جو مئی 1973ء سے فروری 1974ء تک جاری رہا۔اس دوران تین خلائی مشن ''سکائی لیب2‘‘، ''سکائی لیب 3‘‘ اور ''سکائی لیب 4‘‘ سر انجام دیئے گئے جن کا مقصد شمسی نظام اور زمین کا مشاہدہ کرنے کے ساتھ ساتھ سیکڑوں تجربات کرنا تھا۔
چیچک کی ویکسین کی ایجاد
14 مئی 1796ء کو برطانوی طبیب و سائنسدان ایڈورڈ جینرنے چیچک کے مرض کیلئے ویکسین ایجاد کی۔ایڈورڈ جینرکو ویکسین کابانی تصور کیا جاتا ہے ، ان کی بنائی ہوئی چیچک کی ویکسین دنیا کی پہلی ویکسین کہلاتی ہے۔چیچک ایک ایسی بیماری تھی جو ویریولا وائرس کی وجہ سے ہوتی تھی ۔اس کے آخری کیس کی تشخیص 1977 ء میں ہوئی تھی اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے 1980ء میں اس بیماری کے عالمی خاتمے کی تصدیق کی تھی۔
امریکی خانہ جنگی
''جیکسن جنگ‘‘ یعنی امریکی خانہ جنگی کے دوران14مئی1863ء کو وکسبرگ مہم کے ایک حصے کے طور پر جیکسن اور مسیسیپی کے درمیان لڑی گئی۔ ریاست مسیسیپی میں داخل ہونے کے بعد، یونین آرمی نے اپنی فورس کو اندرون ملک منتقل کر دیا تاکہ مسیسیپی کے سٹریٹجک شہر وِکسبرگ پر حملہ کیا جا سکے۔ شہر پر قبضہ کرنے کے بعد، یونین فوجیوں نے اقتصادی اور فوجی بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا اور شہریوں کے گھروں کو بھی لوٹ لیا۔
پرتگال میں بغاوت
14مئی1915ء میں برتگال میں ایک فوجی بغاوت ہوئی جس کی قیادت الوارو ڈی کاسترو اور جنرل سا کارڈوسونے کی۔اس بغاوت کا آغاز لزبن سے ہوا، جس کا واحد مقصد اس وقت کے حکمران جنرل پیمینٹاڈی کاسترو کی آمریت سے نجات حاصل کرنا تھا۔اس بغاوت کی قیادت کرنے والے رہنماؤں نے واضح کر دیا تھا کہ ہم کسی کو بھی غیر ضروری نقصان نہیں پہنچائیں گے ، جنرل کاسترو سے اقتدار چھین کرتحریک کا اختتام کر دیں گے۔
روٹر ڈیم پر حملہ
دوسری عالمی جنگ کے دوران نیدرلینڈز پر جرمن حملے کے دوران روٹرڈیم کو نازی افواج نے شدید فضائی بمباری کا نشانہ بنایا۔ اس کا مقصد شہر میں لڑنے والے جرمن فوجیوں کی مدد کرنا، ڈچ مزاحمت کو توڑنا اور ڈچ فوج کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا تھا۔ بمباری 10 مئی کو شروع ہوئی اور 14 مئی کو تاریخی شہر کے مرکز کی تباہی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔اس بمباری کو ''روٹرڈیم بلٹز ‘‘بھی کہا جاتا ہے، جس میں تقریباً 1150 لوگ مارے گئے۔