آج کا دن
اسپیشل فیچر
جنگ عظیم دوم ، بیلجیئم نے جرمنی کے سامنے ہتھیار ڈالے
27 مئی 1940 کو جنگ عظیم دوم کے دوران بیلجیم نے نازی جرمنی کے سامنے رسمی طور پر ہتھیار ڈال دیے۔ یہ فیصلہ بیلجئین بادشاہ لیوپولڈ سوم نے کیا، جنہوں نے جرمن افواج کی پیش قدمی اور بیلجئین فوج کی پوزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے بغیر اتحادیوں کو اعتماد میں لیے ہتھیار ڈال دیے۔بیلجیم پر 10 مئی 1940ء کو جرمنی نے حملہ کیا تھا ۔اسی دن نیدرلینڈ اور لکسمبرگ پر بھی حملہ ہوا۔18 دن کی شدید لڑائی کے بعد بیلجیم کی فوج نے زیادہ مزاحمت نہ کر پاتے ہوئے 27 مئی کو سرنڈر کر دیا۔
بنگلہ دیش میں طوفان
27مئی1963ء کو بنگلہ دیش (اس وقت کے مشرقی پاکستان) میں شدید طوفان آیا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک صورت اختیار کر لی۔ اس طوفان نے بہت بڑے علاقے میں تباہی مچائی جس کے نتیجے میں22ہزار افراد ہلاک جبکہ10لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔ اسے اس خطے میں آنے والے بدترین آفتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ لاکھوں افراد کے بے گھرہونے کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا جس سے صورتحال مزید خراب ہو گئی۔
یوگیا کارتا زلزلہ
27مئی 2006ء کو یوگیا کارتا زلزلہ جسے بنٹول زلزلہ بھی کہا جاتا ہے 6.4 شدت کا خوفناک زلزلہ تھا۔اس زلزلے میں 5ہزار 700 افراد ہلاک جبکہ لاکھوں افراد زخمی اور بے گھر ہوئے۔ ایک اندازے کے مطابق زلزلے کے دوران تقریباً3.1ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ عوامی انفراسٹرکچرکے ساتھ، ہاؤسنگ اور نجی کاروبار کو زیادہ نقصان پہنچا ۔ریاستہائے متحدہ کے نیشنل جیو فزیکل ڈیٹا سینٹر نے اس واقعے سے ہونے والے کل نقصان کو انتہائی درجہ کا قرار دیا۔اس زلزلے کو انڈونیشیا کی تاریخ کے بدترین زلزلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
لی پراڈس کا قتل عام
لی پراڈس کا قتل عام دوسری عالمی جنگ کا ایک سنگین جنگی جرم تھا جس کا ارتکاب14ویں کمپنی کیSSڈویژن کے ارکان نے کیا تھا۔ یہ 27 مئی 1940ء کو فرانس کی جنگ کے دوران ایک ایسے وقت میں ہوا جب برطانوی مہم جوئی فورس (BEF) کے دستے ڈنکرک کی لڑائی کے دوران پاس ڈی کیلیس کے علاقے سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔دوسری بٹالین، رائل نورفولک رجمنٹ کے سپاہی اپنی یونٹ سے الگ ہو چکے تھے۔ انہوں نے لی پراڈس گاؤں میں ایس ایس فورسز کے حملے کے خلاف ایک فارم ہاؤس پر قبضہ کرلیا تاکہ اپنا دفاع کر سکیں۔ گولہ بارود ختم ہونے کے بعد، محافظوں نے جرمن فوجیوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ جرمن انہیں سڑک کے پار ایک دیوار تک لے گئے جہاں انہیں مشین گنوں سے قتل کر دیا گیا۔