آج کا دن
اسپیشل فیچر
صدام حسین کی گرفتاری
عراق کے معزول صدر صدام حسین کو امریکی فوجی دستوں نے13دسمبر2003ء کو عراق کے قصبے ادداور سے گرفتار کیا ۔صدام حسین کے خلاف اس آپریشن کو ''ریڈ ڈان‘‘ کا نام دیا گیا تھاجو 1984ء کی ہالی وڈ فلم ''ریڈ ڈان‘‘ کے نام پر رکھا گیا تھا۔مشن کو مشترکہ آپریشنز ٹاسک فورس121کے ذریعے انجام دیا گیا۔ صدام حسین کو دو مختلف جگہوں پر تلاش کیا گیا، امریکی فوجیوں نے صدام حسین کو گرفتار کیاتو انہوں نے بغیر مزاحمت کے گرفتاری دے دی۔
نیوزی لینڈ دریافت ہوا
ابیل تسمان، ڈچ مہم جو اور جہاز ران تھا۔ 1642ء میں اس نے جنوبی سمندری علاقوں کی تلاش کیلئے تاریخ ساز سفر شروع کیا۔13 دسمبر 1642ء کو تسمان نے ایک نامعلوم سرزمین دیکھی جو بعد میں نیو زی لینڈ کہلائی۔ یہ اس خطے سے یورپی اقوام کا پہلا رابطہ تھا۔تسمان نے ابتدا میں اس جگہ کو ''Staten Landt‘‘ کا نام دیا۔بعد میںبرطانوی مہم جو کیپٹن جیمز کک نے 1769ء میں اس علاقے کی تفصیلی نقشہ بندی کی۔
یورپی یونین میں توسیع
2002ء میں آج کے روز یورپی یونین میں تویسع کی گئی۔ یورپی یونین نے وسعت کا اعلان کرتے ہوئے مزید دس ممالک کو یونین میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ یورپی یونین کا حصہ بننے والے نئے ممالک میں قبرص، چیکیا، ایسٹونیا، ہنگری، لٹویا، لتھوانیا، مالٹا، پولینڈ، سلوواکیہ اور سلووینیا شامل ہیں۔ یہ ممالک یکم مئی 2004ء کو یونین کا رکن بنے۔
لزبن معاہدہ
''لزبن معاہدہ‘‘ جسے ''ریفارم ٹریٹی‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے پر یورپی یونین کے رکن ممالک نے 13دسمبر2007ء کو دستخط کئے۔ یہ معاہدہ یکم دسمبر2009ء کو نافذ العمل ہوا۔ اس معاہدے کے ذریعے ''Maastricht Treaty‘‘ میں ترمیم کی گئی جسے اب '' European Union Treaty‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس معاہدے میں یورپی اٹامک انرجی کمیونٹی کے قیام کے معاہدے میں بھی ترمیم کی گئی۔
شمالی یمن میں زلزلہ
13دسمبر1982ء کو شمالی یمن کے شہر دمار میں 6.2شدت کا زلزلہ آیا۔ زلزلے کے شدیدجھٹکوں نے پورے شہر میں تباہی مچا دی جس کے بعد 2800 افراد جاں بحق اور 1500سے زیادہ شدید زخمی ہوئے۔ یہ زلزلہ ارضیاتی طور پر پیچیدہ خطے میں پلیٹ باؤنڈری کے کئی سو کلومیٹر کے اندر آیا جس میں فعال آتش فشاں اور سمندری سطح پر پھیلنے والی پہاڑیاں شامل تھیں۔
پولینڈ میں مارشل لاء
13دسمبر1981ء کو پولیش عوامی جمہوریہ کی حکومت نے سیاسی مخالفین بالخصوص یکجہتی کی تحریک کا مقابلہ کرنے کی کوشش میںمارشل لاء لگا کر روزمرہ کی زندگی کو محدود کر دیا۔ 1970ء کی دہائی کے اختتام سے کمیونسٹ پولینڈ ایک گہری اقتصادی کساد بازاری کاشکار تھا۔ پولیش فرسٹ سیکرٹری ایڈورڈ گیرک نے بہتر معاشی پیداوارکیلئے غیر ملکی قرضوںکا ایک سلسلہ شروع کیا لیکن اس کا نتیجہ ملکی بحران کی صورت میں نکلا۔