مصر کے مقبرے نے حیرتوں کے در کھول دیے!
اسپیشل فیچر
نایاب نوادرات کی دریافت
فرعونی دور کی نئی کہانی، مصر میں نئی بحث کا آغاز
قدیم مصر کی سرزمین ایک بار پھر دنیا کو حیران کر گئی ہے۔ ماہرین آثارِ قدیمہ نے ایک مقبرے سے شاندار خزانہ دریافت کیا ہے جس نے تاریخ کے کئی اوراق پلٹ کر رکھ دیے ہیں۔ صدیوں پرانے اس مقبرے میں سے ملنے والی نایاب اشیا، زیورات، روزمرہ استعمال کے آلات اور مذہبی علامات نے نہ صرف ماہرین کو نئی تحقیق پر مجبور کر دیا ہے بلکہ یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ اس دور کی تہذیب اور طرزِ زندگی پہلے کے اندازوں سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ اور پیچیدہ تھی۔
اس حیران کن دریافت نے مصر کی قدیم تہذیب کے بارے میں رائج بہت سے نظریات کو چیلنج کر دیا ہے اور نئے سوالات نے جنم لیا ہے کہ آخر اس مقبرے کے مالک کی حیثیت کیا تھی، اور ان قیمتی نوادرات کو اس انداز میں کیوں دفن کیا گیا؟ ماہرین اس انکشاف کو صدی کی عظیم ترین آثارقدیمہ دریافت قرار دے رہے ہیں۔
مصر کے ماہرین آثار قدیمہ نے یہ حیرت انگیز خزانہ ایک قدیم شاہی مقبرے سے دریافت کیا ہے، جو اتنا نایاب ہے کہ تاریخ کو نئے سرے سے لکھنے پر مجبور کر رہا ہے۔تانیس ( Tanis)کی ریت میں گہرائی میں دفن اس مقام سے محققین کو 225 نہایت نفاست سے تراشی گئی مورتیاں ملی ہیں، جو ایک پراسرار مذہبی طرز پر ترتیب دی گئی تھیں۔ یہ دریافت صرف اپنی مقدار کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی گتھیوں کے باعث بھی آثارِ قدیمہ کی دنیا میں نئی سنسنی پھیلا رہی ہے۔
ان مورتیوں میں سے آدھے سے زیادہ انسائی شکلوں پر مشتمل ہیں، جو شاہی تدفینی رسومات میں تقریباً ناپید خصوصیت ہے۔ اس سے مصر کے تیسرے عبوری دور کی رسومِ تدفین کے بارے میں نئے سوالات جنم لے رہے ہیں۔ مورتیاں ستارے جیسی ساخت اور بالکل سیدھی افقی قطاروں میں رکھی ملیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ تقریباً 3 ہزار سال تک بغیر چھوئے ایک خاص مذہبی ترتیب کے تحت محفوظ رہیں۔ تقریباً 80 سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ تانیس میں کسی شاہی مقبرے کے اندر سے غیر متاثر شدہ مورتیاں ملی ہیں۔ اسے 1940ء کی دہائی کے بعد اس مقام کی سب سے بڑی دریافت قرار دیا جا رہا ہے۔
سب سے حیران کن انکشاف یہ ہے کہ ان ننھی مورتیوں پر موجود شاہی نشانات ثابت کرتے ہیں کہ یہ خالی مقبرہ دراصل فرعون شوشنق سوم کا تھا۔وہ حکمران جس کی آخری آرام گاہ ماہرین کیلئے دہائیوں سے معمہ بنی ہوئی تھی۔ اس کی حکمرانی 830 قبل مسیح سے 791 قبل مسیح تک رہی۔ یہ انکشاف برسوں سے قائم نظریات کو الٹ دیتا ہے اور اس گتھی کو مزید پیچیدہ بنا دیتا ہے کہ آخر فرعون اپنے ہی مقبرے میں دفن کیوں نہ کیا گیا۔
کھدائی کی ٹیم نے انتہائی احتیاط سے ان مورتیوں کو 10 دن کے دوران نکالا اور ان کی نازک حالت کو محفوظ رکھنے کیلئے رات بھر کام کیا۔ تحقیق مکمل ہونے کے بعد یہ مورتیاں مصر کے ایک میوزیم میں نمائش کیلئے رکھی جائیں گی، جہاں عوام کو مصر کے سب سے پراسرار فرعونوں میں سے ایک کی تدفینی رسومات کا نایاب مشاہدہ حاصل ہو گا۔ فرانسیسی ماہر مصر شناس فریڈرک پیروڈیو نے پیرس میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ دریافت ''حیران کن‘‘ ہے، کیونکہ اسی مقام پر موجود ایک اور مقبرے کی دیواروں اور وہاں کے سب سے بڑے تابوت (sarcophagus) پر اسی فرعون کا نام درج ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ پھر وہ اسی مقبرے میں دفن کیوں نہیں ہے؟ پیروڈیو نے کہا کہ اصل میں، کسی فرعون کیلئے مقبرہ تعمیر کرنا ایک بڑا جوا ہوتا ہے، کیونکہ اسے کبھی یقین نہیں ہوتا کہ اس کا جانشین واقعی وہیں اسے دفن کرے گا۔انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یقیناً، ہمارے پاس اب اس بات کا نیا ثبوت موجود ہے کہ یہ جوے ہمیشہ کامیاب نہیں ہوتے۔
شوشنق سوم نے تیسرے عبوری دور کے دوران حکومت کی وہ دور جو سیاسی انتشار اور اقتدار کی مسلسل کشمکش کیلئے بدنام تھا۔ پیروڈیو کے مطابق، اس کی چار دہائیوں پر مشتمل حکمرانی نہایت پُرآشوب تھی اور اس میں ''بالائی اور زیریں مصر کے درمیان ایک انتہائی خونریز خانہ جنگی جاری رہی، جہاں کئی فرعون طاقت کے حصول کیلئے لڑ رہے تھے۔لہٰذا یہ ممکن ہے کہ شاہی جانشینی منصوبے کے مطابق نہ ہوئی ہو اور فرعون کو اس کے منتخب کردہ مقبرے میں دفن نہ کیا گیا ہو۔ ایک اور امکان یہ بھی ہے کہ لوٹ مار کے بعد اس کے باقیات کو کہیں اور منتقل کر دیا گیا ہو۔
فرانسیسی ماہر پئیر مونٹے نے یہ چونے کے پتھر سے بنا مقبرہ پہلی بار 1939ء میں دریافت کیا تھا، جو معبدِ آمون کے بالکل ساتھ واقع ہے۔اگرچہ یہ مقبرہ قدیم زمانے میں لوٹا جا چکا تھا، مگر اس کے چار کمروں میں سے سب سے بڑے کمرے میں اب بھی اوسورکون دوم جو مصر کی 22ویں سلطنت کا فرعون تھاکا گرینائٹ کا تابوت موجود تھا۔کھدائی کی ٹیم اس تنگ مقبرے کے باقی تین کونوں میں بھی کھدائی مکمل کر چکی ہے، جن میں سے ایک میں ایک عجیب و غریب، مگر بے نام و نشان تابوت پایا گیا۔پیروڈیو کے مطابق، ایسی دریافت مصر کے جنوب میں وادی الملوک (لکسر کے قریب) میں بھی کبھی نہیں ہوئی،سوائے 1922ء میں دریافت ہونے والے نو عمر بادشاہ توت عنخ آمون کے مقبرے کے،کیونکہ تاریخی طور پر وہاں کے زیادہ تر مقبرے لوٹ مار کا شکار ہو چکے ہیں۔