آج کا دن
اسپیشل فیچر
''وینس مشن‘‘ کی روانگی
4مئی 1989ء کو''ناسا‘‘ نے اپنا وینس (زہرہ) کیلئے خلائی مشن ''ایس ٹی ایس 30‘‘ روانہ کیا۔ یہ ناسا کا 29واں جبکہ مذکورہ خلائی شٹل کا چوتھا خلائی مشن تھا۔ زہرہ سورج کے بعد دوسرا سیارہ ہے جومریخ کے قریب ترین واقع ہے جبکہ جسامت میں اپنے مداری سیارے زمین کے برابر ہے۔ 4 مئی کو روانہ ہونے والا یہ مشن 8مئی کو زہرہ پر اترا۔اس مشن کا مقصد زہرہ کی سطح اور جغرافیائی ساخت کا تفصیلی مطالعہ کرنا تھا۔
نپولین کی جلاوطنی
1814ء میں آج کے روز نپولین بوناپارٹ اپنی جلاوطنی کے آغاز کیلئے ایلباپہنچے۔ یہ واقعہ یورپی تاریخ کا ایک اہم موڑ تھا، کیونکہ نپولین شکست کھا کر اقتدار سے محروم ہو چکا تھا۔ بظاہر یہ جلاوطنی ان کے سیاسی کیریئر کا اختتام معلوم ہوتی تھی، مگر نپولین نے ہمت نہ ہاری۔ وہ تقریباً دس ماہ تک ایلبا میں مقیم رہے،بالآخر 1815 میں وہاں سے فرار ہو کر دوبارہ فرانس پہنچے اور اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کی۔
لاتویا کی آزادی
4مئی 1990ء کو لاتویانے سوویت یونین سے اپنی آزادی کا اعلان کیا۔ لاتویا کی سپریم کونسل نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی، جس کے تحت ملک نے سوویت حکمرانی کو مسترد کرتے ہوئے اپنی خودمختاری بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں سوویت حکومت نے اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا، مگر عوامی حمایت اور سیاسی جدوجہد کے باعث لاتویا بالآخر 1991 میں مکمل طور پر آزاد ریاست بن گیا۔ یہ واقعہ سوویت یونین کے خاتمے کی اہم پیش رفتوں میں شمار ہوتا ہے۔
پہلے ''ایمی ایوارڈز‘‘ کا انعقاد
1959ء میں آج کے روز دنیائے موسیقی کے سب سے معتبر سمجھے جانے والے ''ایمی ایوارڈز‘‘ کی پہلی تقریب کا انعقاد ہوا۔ جس میں 1958ء میں اپنے کام سے لوگوں کو متاثر کرنے والے فنکاروں کے فن کا اعتراف کیا گیا۔ ایمی ایوارڈ کی یہ پہلی تقریب اس حوالے سے منفرد تھی کی اس کا اہتمام بیک وقت دو مختلف شہروں بیورلے ہلز کیلیفورنیا کے ساتھ نیویارک میں منعقد ہوئی جس میں 15کیٹیگریز میں ایوارڈز دیئے گئے۔
''سیئرز ٹاور‘‘ کا اعزاز
شکاگو کے 108 منزلہ ''سیئرز ٹاور‘‘ کو 4مئی 1973ء کو دنیا کی بلند ترین عمارت قرار دیا گیا۔ اس کی اونچائی 1451 فٹ تھی۔ اس شاندار عمارت کی تعمیر نے انجینئرنگ اور تعمیراتی مہارت کا ایک نیا معیار قائم کیا۔ سیئرز ٹاور نہ صرف ایک تجارتی مرکز تھا بلکہ جدید فن تعمیر کی علامت بھی تھا۔دبئی میں برج الخلیفہ بننے کے بعد ''سیئرز ٹاور‘‘ سے یہ اعزاز چھن گیا۔ اس عمارت کا افتتاح 2010ء میں ہوا تھا۔
آسٹریلیشیا کپ کا فائنل
1990ء میں آج کے روز کھیلے گئے آسٹریلیشیا کپ میں پاکستان نے آ سٹر یلیا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ آسٹریلیشیا کپ 25اپریل سے 4مئی کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا، جس میں 6ٹیموں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا نے حصہ لیا۔ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پاکستان کو ٹورنامنٹ جیتنے پر 30ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی۔