آج کا دن
اسپیشل فیچر
امریکی اعلان آزادی
4 جولائی 1776ء کو دوسری کانٹی نینٹل کانگریس نے امریکہ کے اعلانِ آزادی کی منظوری دی۔ اس تاریخی دستاویز کے ذریعے تیرہ امریکی نوآبادیات نے برطانوی حکومت سے اپنی آزادی کا باضابطہ اعلان کیا۔ اعلان آزادی کی تیاری میں تھومس جیفرسن نے مرکزی کردار ادا کیا۔ یہ واقعہ امریکی انقلاب کا اہم سنگ میل ثابت ہوا اور اسی کی یاد میں ہر سال 4 جولائی کو امریکہ میں یومِ آزادی قومی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔
ہیٹ ویو
4جولائی 1911ء کو ریاستہائے متحدہ امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید گرمی کی ایک ہولناک لہر نے تباہی مچا دی۔ یہ ہیٹ ویو مسلسل گیارہ دن تک جاری رہی، جس کے نتیجے میں 380 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اس دوران کئی شہروں میں درجہ حرارت نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے، جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔ اس واقعے کو امریکی تاریخ کی ابتدائی اور مہلک ترین گرمی کی لہروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
''گرینڈ جنکشن ریلوے‘‘کا افتتاح
1837ء میں آج کے روز دنیا کی پہلی طویل فاصلے کی ریلوے لائن ''گرینڈ جنکشن ریلوے‘‘ کا افتتاح کیا گیا۔ یہ ریلوے لائن برمنگھم اور لیورپول کے درمیان قائم کی گئی تھی۔ اس منصوبے نے برطانیہ میں ریل کے سفر اور تجارتی نقل و حمل میں انقلاب برپا کیا، مختلف شہروں کے درمیان رابطے مضبوط بنائے اور بعد ازاں دنیا بھر میں ریلوے نظام کی ترقی کیلئے ایک اہم مثال ثابت ہوا۔
بلغراد کا محاصرہ
4جولائی 1456ء کوبلغراد کا محاصرہ شروع ہوا، جو ایک اہم معرکہ تھا۔ بلغراد کے مضبوط قلعے کا محاصرہ سلطان محمود فاتح دوئم کی عثمانی فوج نے کیا، مگر جان ہنیادی کی قیادت میں ہنگری کے محافظوں نے سخت مزاحمت کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ اس فتح نے یورپ میں عثمانی پیش قدمی کو کئی دہائیوں تک سست کر دیا اور اسے قرونِ وسطیٰ کی اہم ترین جنگوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
مجسمہ آزادی کے تاج تک رسائی
4جولائی 2009ء کو مجسمہ آزادی ''لبرٹی‘‘ کے تاج کو آٹھ سال بعد دوبارہ عوام کیلئے کھول دیا گیا۔ اسے 11 ستمبر کے حملہ کے بعد سکیورٹی خدشات کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔ دوبارہ افتتاح کے بعد محدود تعداد میں سیاحوں کو سخت حفاظتی انتظامات کے تحت مجسمہ آزادی کے تاج تک جانے کی اجازت دی گئی، جہاں سے نیویارک سٹی کا دلکش منظر دیکھا جا سکتا ہے۔
سپیس شٹل ڈسکوری کی روانگی
2006ء میں آج کے روز سپیس شٹل ڈسکوری نے ''ایس ٹی ایس121‘‘ مشن کے تحت بین الاقوامی خلائی سٹیشن کی جانب کامیاب پرواز کی۔ اس مشن کا مقصد خلائی اسٹیشن تک سامان اور عملہ پہنچانے کے ساتھ ساتھ شٹل کی حفاظتی جانچ اور نئے طریقہ کار کا جائزہ لینا تھا۔ یہ مشن اس لیے بھی تاریخی حیثیت رکھتا ہے کہ امریکی خلائی شٹل پروگرام کی تاریخ میں یہ واحد پرواز تھی جو ریاستہائے متحدہ کے یومِ آزادی (4 جولائی) کے دن روانہ ہوئی، جس کے باعث اسے عالمی ذرائع ابلاغ میں غیرمعمولی توجہ حاصل ہوئی۔