آج کا دن
اسپیشل فیچر
پاکستانی کابینہ کی حلف برداری
15 اگست 1947ء کو 27 رمضان المبارک اور جمعۃ الوداع ہونے کے ساتھ پاکستان کی آزادی کا پہلا دن تھا۔صبح 9 بجے دارالحکومت کراچی میں دستور ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں پہلی حکومت کے اراکین نے حلف اٹھائے۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان کے پہلے گورنر جنرل کے عہدہ کا حلف اٹھایا۔ ان سے یہ حلف لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سر عبدالرشید نے لیا تھا ۔
ایپل کا آئی میک متعارف
1998ء میں آج کے روز میں معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنا نیا کمپیوٹر آئی میک (iMac) متعارف کرایا۔ اس جدید کمپیوٹر کو سادہ ڈیزائن، دلکش ظاہری شکل اور صارف دوست خصوصیات کے باعث خاص توجہ حاصل ہوئی۔ آئی میک نے ذاتی کمپیوٹرز کے ڈیزائن کے حوالے سے ایک نئے دور کی بنیاد رکھی۔ اس کی آمد نے صارفین میں بھی خاصا جوش و خروش پیدا کیا۔
جاپان نے ہتھیار ڈالے
دوسری عالمی جنگ کے دوران 15اگست1945ء کو جاپان کی جانب سے ہتھیار ڈالے گئے۔ جاپانی شہنشاہ ہیرو ہیٹو نے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈالے۔امریکہ کی جانب سے ہیروشیما اور ناگا ساکی پر ایٹمی حملو ں کے بعد جاپان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر دو بجے ان نشریات کا آغاز کیا گیا جس میں شہنشاہ نے باقاعدہ ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیا اور اس کی وجہ ایٹمی حملے بتائے گئے۔
تبت زلزلہ
15اگست1950ء کو تبت میں ایک خوفناک زلزلہ آیا جسے ''آسام زلزلہ‘‘ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔اس زلزلے کی شدت 8.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ہندوستان میں مشمی پہاڑیوں میں واقع تھا۔ یہ علاقہ اب اروناچل پردیش کے نام سے جانا جاتا ہے۔یہاں پرآنے والا اب تک کا یہ سب سے تباہ کن زلزلہ ہے جس میں تقریباً 4ہزار800 افراد ہلاک ہوئے۔
پراسرار ''واو! سگنل‘‘
1977ء میں اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کی ریڈیو آبزرویٹری کے ریڈیو دوربین بگ ائیر نے SETI منصوبے کے تحت گہری خلا سے ایک غیر معمولی ریڈیو سگنل وصول کیا۔ یہ سگنل تقریباً 72 سیکنڈ تک جاری رہا اور اپنی غیر معمولی شدت کے باعث سائنس دانوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ منصوبے کے ایک رضاکار نے سگنل کی نشاندہی کرتے ہوئے کاغذ پر ''Wow!‘‘ لکھا، جس کے باعث اسے ''واو! سگنل‘‘ کا نام دیا گیا۔
بحرین برطانیہ سے آزاد ہوا
15اگست 1971ء کو خلیجی ریاست بحرین نے برطانیہ سے آزادی حاصل کی۔ برطانوی حکومت کے ساتھ طویل عرصے تک معاہداتی تعلقات کے بعد بحرین نے اپنی خودمختاری کا اعلان کیا۔ اس تاریخی پیش رفت کے بعد بحرین ایک آزاد ریاست کے طور پر عالمی برادری میں شامل ہوا۔ ملک میں ہر سال آزادی کا دن قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔