کتابوں کی دیوانی خاتون
اسپیشل فیچر
مصنفین کے دستخط شدہ 2,652 کتابوں کا خزانہ
کتاب سے محبت انسان کو محض مطالعے تک محدود نہیں رکھتی بلکہ کبھی کبھی یہی شوق زندگی بھر کی ایک منفرد داستان بن جاتا ہے۔ دنیا میں ایسے کتاب دوست افراد بھی موجود ہیں جنہوں نے اپنی پسندیدہ کتابوں کو جمع کرنے کا شوق غیر معمولی حد تک پہنچا دیا۔ ایسی ہی ایک خاتون نے معروف مصنفین کے دستخط شدہ ناول جمع کرتے کرتے 2,652 کتابوں کا حیرت انگیز مجموعہ تیار کر لیا۔ ہر کتاب اپنے اندر ایک کہانی سمیٹے ہوئے ہے، لیکن مصنف کے دستخط اسے ایک منفرد یادگار بنا دیتے ہیں۔ یہ غیر معمولی مجموعہ نہ صرف کتابوں سے گہری وابستگی کی مثال ہے بلکہ ادب، مصنفین اور مطالعے سے محبت کی ایک ایسی داستان بھی ہے جو قارئین کو حیرت اور تحسین دونوں میں مبتلا کرتی ہے۔
کتاب جمع کرنے والی ایک پرجوش خاتون نے ادب سے اپنی گہری محبت کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں تبدیل کر دیا ہے۔ ان کے پاس معروف مصنفین کے دستخط شدہ کتابوں کی حیرت انگیز تعداد موجود ہے۔ پولینڈ سے تعلق رکھنے والی ویولیٹا سادوفسکا (Wioleta Sadowksa) مطالعے کے فروغ کیلئے کام کرنے والی شخصیت اور بک بلاگر ہیں۔ وہ اپنی نوعمری کے زمانے سے کتابیں جمع کرنے کا شوق رکھتی ہیں، جبکہ 2011ء سے مصنفین کے دستخط شدہ کتابوں کے نسخے بھی باقاعدگی سے اپنے مجموعے میں شامل کر رہی ہیں۔
3 جولائی کو پولینڈ کے شہر زوفیوفکا میں ان کے کتابوں کے مجموعے کی باقاعدہ تصدیق کی گئی، جس کے بعد ویولیٹا سادوفسکا کو سب سے زیادہ دستخط شدہ کتابوں کے مجموعے کا عالمی ریکارڈ رکھنے والی شخصیت قرار دیا گیا۔ ان کے مجموعے میں مصنفین کے دستخط شدہ کتابوں کی مجموعی تعداد 2,652 ہے۔
کتابوں کی صنعت سے وابستہ رہتے ہوئے 15 سال سے زائد عرصہ گزارنے اور بے شمار کتب میلوں اور ادبی میلوں میں شرکت کرنے کے بعد ویولیٹا کا کہنا ہے کہ یہ ریکارڈ کتابوں سے ان کی گہری محبت اور شوق کا نقط عروج ہے۔ان کے مجموعے میں شامل ہونے والی پہلی دستخط شدہ کتاب پولینڈ کی مصنفہ مالگورژاتا موسے رووِچ کی تصنیف'' Noelka‘‘ تھی۔ اس کے بعد ان کا ذاتی کتب خانہ مسلسل وسعت اختیار کرتا گیا اور وقت کے ساتھ دستخط شدہ کتابوں کی تعداد بڑھتی چلی گئی۔
ویولیٹا کا کہنا ہے کہ ''میرے مجموعے میں گراہم ماسٹرٹن، سیسیلیا آہرن، رابن کک اور میلیسا ڈارووڈ جیسے معروف مصنفین کے دستخط شدہ کتب کے علاوہ اداکار ژاں رینو کے دستخط بھی شامل ہیں۔ میرے پاس نکولس اسپارکس کے دستخط شدہ کتاب بھی موجود ہے، جن سے مجھے 2017ء کے کراکوف بک فیئر میں ملاقات کا موقع ملا تھا‘‘۔
ان کی پسندیدہ کتاب زبیگنیو نیناکی(Zbigniew Nienacki) کی ''Nowe przygody Pana Samochodzika‘‘ ہے، جس نے ادب سے ان کی دلچسپی کو مزید گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ان کے سب سے قیمتی اثاثوں میں بھی اسی مرحوم پولش مصنف کی دستخط شدہ کتاب شامل ہے۔ یہ کتاب تلاش کرنا خاصا مشکل تھا، تاہم ان کے بلاگ کے ایک قاری نے یہ نایاب کتاب انہیں تحفے میں دے دی۔
ویولیٹا نے اپنی پوری ذاتی لائبریری گھر میں شیلفوں پر سجا رکھی ہے۔ ان کا اندازہ ہے کہ ان کے اس شاندار کتب خانے کی مالیت 10 لاکھ سے 15 لاکھ پولش زلوٹی کے درمیان ہے، جو تقریباً 2 لاکھ 67 ہزار 984 سے 4 لاکھ 1 ہزار 278 امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔ان کے مجموعے میں اہلِ خانہ، دوستوں اور ناشرین کی جانب سے دی گئی تحائف میں شامل کتابیں بھی موجود ہیں، جبکہ بعض مصنفین نے خود بھی اپنی دستخط شدہ کتابیں ویولیٹا کو بھیجی ہیں تاکہ وہ انہیں اپنے منفرد کتب خانے کا حصہ بنا سکیں۔
ان کے مجموعے میں موجود سب سے مشہور مصنف کا دستخط برطانوی ہارر ناول نگار گراہم ماسٹرٹن (Graham Masterton)کا ہے۔ وہ اپنی خوفناک اور سنسنی خیز تحریروں کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔ ان کی معروف تصانیف میں ''دی مینیٹو‘‘ (The Manitou) بھی شامل ہے، جو 1976ء میں شائع ہوئی تھی۔ گراہم ماسٹرٹن کی اس کتاب نے انہیں عالمی سطح پر نمایاں کیا اور وہ ہارر ادب کے معروف مصنفین میں شمار ہونے لگے۔
ویولیٹا نے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کامیابی نے انہیں اپنی لائبریری کو مزید وسیع کرنے کیلئے نیا حوصلہ دیا ہے۔ اس کامیابی کے ذریعے میں یہ دکھانا چاہتی ہوں کہ اپنے خوابوں کی تکمیل کیلئے کوشش کرنا قابلِ قدر ہے اور پولینڈ کی کتاب دوستی اور مطالعے کی ثقافت دنیا کو بہت کچھ پیش کر سکتی ہے۔ان کے خوابوں میں ایک خواب یہ بھی ہے کہ انہیں معروف امریکی مصنف اسٹیفن کنگ کی دستخط شدہ کتاب حاصل ہو جائے۔ ویولیٹا امید کرتی ہیں کہ ریکارڈ قائم کرنے کی ان کی یہ منفرد داستان شاید خود اسٹیفن کنگ تک بھی پہنچ جائے۔