آج کا دن

آج کا دن

اسپیشل فیچر

تحریر :


'' اکسم قتل عام‘‘
28 نومبر 2020ء کوٹگرے جنگ کے دوران ہونے والے قتل عام میں تقریباً 800 افراد کو قتل کیا گیا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایسوسی ایٹڈ پریس، ایتھوپیا کے انسانی حقوق کمیشن ، ہیومن رائٹس واچ اور اڈیگریٹ یونیورسٹی کے لیکچرر نے ''اکسم قتل عام‘‘ کا ذمہ دار اریٹیرین ڈیفنس فورسز (ای ڈی ایف) کو قرار دیا۔ سخت مواصلاتی پابندیوں کی وجہ سے قتل عام کی خبریں جنوری 2021ء میں سامنے آئیں ۔
البانیہ کی آزادی
البانیہ نے28نومبر1912ء کو سلطنت عثمانیہ سے آزادی کا اعلان کیا۔ 6دن بعد البانیہ کی پہلی حکومت قائم کی گئی، جس کی قیادت اسماعیل قما لی نے کی۔ البانوی بغاوت کے پڑوسی ممالک تک اثرات پہنچے اور بلقان کے اتحادیوں نے سلطنت عثمانیہ کے یورپی علاقے کی تقسیم کا منصوبہ مرتب کیا۔
''بگ تھری‘‘ کااجلاس
28 نومبر1943ء کو دوسری جنگ عظیم کے حوالے سے تہران میں ایک اجلاس ہوا۔ جس میں ''بگ تھری‘‘ اتحادی ممالک یعنی امریکی صدر روزویلٹ، برطانوی وزیر اعظم ونسٹن چرچل اور سویت لیڈر جوزف اسٹالن شریک ہوئے۔ یکم دسمبر تک جاری رہنے والے اس تین روزہ اجلاس میں جنگی حکمت عملی پر بحث ہوئی اور جرمن نازیوں کیخلاف نیا محاذ کھولنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
مریخ کی جانب تاریخی خلائی سفر
28 نومبر 1964ء کو ناسا نے میرینر پروگرام کے تحت خلائی تحقیقاتی مشن ''میرینر 4‘‘ روانہ کیا، جس کا مقصد مریخ کا قریب سے مشاہدہ کرنا تھا۔ میرینر 4 نے جولائی 1965ء میں مریخ کے قریب سے گزرتے ہوئے اس کی سطح کی پہلی قریبی تصاویر زمین پر بھیجیں، جن سے سائنس دانوں کو نئی معلومات حاصل ہوئیں۔
انٹارکٹیکا میں فضائی حادثہ
28 نومبر 1979ء کو ایئر نیوزی لینڈ کی پرواز 901 انٹارکٹیکا کے برفانی خطے کی سیاحتی پرواز کے دوران انٹارکٹیکا کے آتش فشاں پہاڑ ''ماؤنٹ ایریبس‘‘ سے ٹکرا کر تباہ ہوگئی۔ اس المناک حادثے میں طیارے میں سوار تمام 257 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ نیوزی لینڈ کی تاریخ کے بدترین فضائی حادثات میں شمار ہوتا ہے۔
پہلی موٹر کار ریس کا انعقاد
28 نومبر 1895ء کو امریکا میں پہلی باقاعدہ موٹر کار ریس کا انعقاد کیا گیا۔یہ مقابلہ تقریباً 54 میل (87 کلومیٹر) کے فاصلے پر منعقد ہوا۔ اس تاریخی دوڑ میں فرینک ڈیوریا نے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے یہ فاصلہ تقریباً 10 گھنٹے میں طے کیا۔ اس مقابلے کو امریکی آٹوموبائل تاریخ کا اہم سنگِ میل قرار دیا جاتا ہے۔
اخبار کی پرنٹنگ میں اہم سنگ میل
29 نومبر 1814ء کو لندن کے معروف اخبار ''دی ٹائمز‘‘ نے طباعت کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا، جب وہ بھاپ سے چلنے والی جدید پرنٹنگ پریس پر شائع ہونے والا دنیا کا پہلا اخبار بن گیا۔ یہ مشین جرمن ماہرین فریڈرک کوئنیگ اور اینڈریاس باؤر نے تیار کی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
خلاء میں ڈیٹا سینٹرز

خلاء میں ڈیٹا سینٹرز

ٹیکنالوجی کی ترقی یا زمین کیلئے ماحولیاتی خطرہ؟مصنوعی ذہانت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت نے دنیا بھر میں ڈیٹا سینٹرز کی ضرورت اور اہمیت میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔ ان مراکز کو چلانے کیلئے جہاں بے پناہ بجلی اور ٹھنڈک کا انتظام درکار ہوتا ہے، وہیں زمین پر جگہ اور توانائی کے وسائل پر دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔ ایسے میں معروف امریکی ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے اس مسئلے کا ایک غیر معمولی حل پیش کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ان کا منصوبہ زمین کے بجائے خلا میں ڈیٹا سینٹر قائم کرنے اور لاکھوں مصنوعی سیاروں کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے نظام کو چلانے سے متعلق ہے۔ تاہم اس انقلابی تصور نے جہاں ٹیکنالوجی کی دنیا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، وہیں ماہرین نے خلا میں مصنوعی سیاروں کی غیر معمولی تعداد، خلائی ملبے، تصادم کے خطرات اور زمین کے ماحول پر ممکنہ منفی اثرات کے حوالے سے سنگین خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا مستقبل کے ڈیٹا سینٹر واقعی خلا میں قائم ہوں گے یا یہ منصوبہ انسانیت کیلئے نئے ماحولیاتی اور سائنسی مسائل پیدا کر دے گا؟ٹرمپ انتظامیہ نے اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے منصوبے کے تحت دس لاکھ تک مصنوعی سیارے بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔ امریکی وفاقی کمیشن برائے مواصلات نے بتایا ہے کہ اسپیس ایکس کا مجوزہ ''اسٹار مائنڈ‘‘ (Starmind) سیٹلائٹ نیٹ ورک ڈیٹا کی بہت بڑی مقدار کو پراسیس کرے گا، جسے بعدازاں زمین پر استعمال کیا جا سکے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مصنوعی ذہانت کیلئے استعمال کی جانے والی اصطلاح سے استفادہ کرتے ہوئے ایف سی سی کے چیئرمین برینڈن کار نے کہا کہ امریکا دنیا کو ''سپر انٹیلی جنس‘‘ کے دور میں داخل کرنے میں قیادت کر رہا ہے۔ ڈیٹا سینٹرز، جو مصنوعی ذہانت کے نظام کو چلانے والے بڑے کمپیوٹر مراکز ہوتے ہیں، سپر انٹیلی جنس کے شعبے میں امریکا کی برتری برقرار رکھنے کیلئے ناگزیر ہوں گے۔تاہم سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ خلا میں ڈیٹا سینٹرز کا قیام زمین کیلئے ''تباہ کن‘‘ ثابت ہو سکتا ہے۔ماحولیات سے متعلق غیر منافع بخش تنظیم ''پبلک ایمپلائیز فار انوائرنمنٹل ریسپانسبلٹی‘‘ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹم وائٹ ہاؤس نے اس سے قبل خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماحولیاتی جائزے کے بغیر مدار میں دس لاکھ ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کی اجازت دینا محض غیر ذمہ داری نہیں بلکہ انتہائی خطرناک اقدام ہے۔ ان منصوبوں کے نتیجے میں فضائی ماحول آلودگی اور خلائی ملبے سے متاثر ہونے کے ساتھ جنگلی حیات کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، اس لیے ایسے منصوبوں کی منظوری دینے سے پہلے ان کے ممکنہ اثرات کا باریک بینی سے جائزہ لینا ضروری ہے۔گزشتہ ایک سال کے دوران خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے منصوبوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنیاں سورج سے مسلسل حاصل ہونے والی توانائی سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث زمین کے بجلی کے نظام پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ امریکی وفاقی کمیشن برائے مواصلات کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامے کے تحت اسپیس ایکس کو نومبر 2033ء تک سیٹلائٹس کی تنصیب کا کام شروع کرنا ہوگا۔کمپنی کیلئے یہ بھی لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ نومبر 2035ء تک مجوزہ مجموعی تعداد کے 10 فیصد، یعنی ایک لاکھ سیٹلائٹس، خلا میں بھیج دے، جبکہ نومبر 2038ء تک یہ تعداد 50 فیصد تک پہنچانا ہوگی۔تاہم اسپیس ایکس ان مقررہ اہداف سے پہلے ہی اپنا منصوبہ مکمل کرنے کیلئے پرعزم دکھائی دیتی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ وہ اگلے ہی سال اپنا پہلا ''اسٹار مائنڈ‘‘ سیٹلائٹ خلا میں بھیجنا چاہتی ہے۔اسپیس ایکس اور اس کے اسٹار مائنڈ نیٹ ورک کے علاوہ گوگل بھی ''سن کیچر‘‘ (Suncatcher) کے خفیہ نام سے اپنے منصوبے پر کام کر رہا ہے، جبکہ جیف بیزوس کی کمپنی ''بلیو اوریجن‘‘ نے اپنے منصوبے ''پروجیکٹ سن رائز‘‘ کیلئے ایف سی سی کو درخواست جمع کرا دی ہے۔اس دوڑ میں کئی نئی ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی شامل ہیں، جن میں ''اسٹار کلاؤڈ‘‘ (Starcloud) نمایاں ہے۔ اس کمپنی نے 2025ء کے اواخر میں ایک سیٹلائٹ پر جدید کمپیوٹر پروسیسر، جسے جی پی یو کہا جاتا ہے، کامیابی سے چلا کر دکھایا تھا۔ گوگل نے بھی اکتوبر میں یہ سنگ میل عبور کیا۔اسپیس ایکس کو اس میدان میں ایک نمایاں برتری حاصل ہے، کیونکہ اس کے پاس اپنے تیار کردہ راکٹ موجود ہیں، جو اب تک سیکڑوں خلائی مشنز مکمل کر چکے ہیں۔اگست میں ایلون مسک نے وعدہ کیا تھا کہ اسپیس ایکس 2027ء کی آخری سہ ماہی میں اپنا پہلا سیٹلائٹ مدار میں بھیجے گی، جبکہ 2028ء میں اس منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کر دی جائے گی۔کمپنی نے معروف ٹیکنالوجی ادارے این ویڈیا (Nvidia) کے ساتھ بھی معاہدہ کیا ہے، جو اسے اپنی جدید ترین نسل کے ''ویرا روبن‘‘ پروسیسرز فراہم کرے گا۔ یہ پروسیسرز خصوصی طور پر خلا میں کام کرنے کیلئے تیار کیے گئے ہیں۔ خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے بیشتر منصوبوں کا بنیادی ڈھانچا تقریباً یکساں ہے۔ ان میں زمین کے گرد نچلے مدار میں متعدد سیٹلائٹس کا ایک جال بچھایا جائے گا، جنہیں ایک دوسرے کے قریب رکھا جائے گا تاکہ ان کے درمیان رابطہ قابلِ اعتماد اور بلاتعطل رہے۔

سب سے گہرا قدرتی کنواں

سب سے گہرا قدرتی کنواں

660 میٹر گہرا دیوہیکل گڑھاقدرت کا حیرت انگیز شاہکارقدرت نے اس وسیع و عریض زمین میں ایسے بے شمار عجائبات تخلیق کر رکھے ہیں جنہیں دیکھ کر انسانی عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ کہیں فلک بوس پہاڑ آسمان سے باتیں کرتے ہیں تو کہیں سمندر کی گہرائیوں میں ایسی دنیائیں آباد ہیں جن کے بارے میں انسان آج بھی بہت کم جانتا ہے۔ زمین کی سطح پر موجود بعض قدرتی مقامات بھی اپنے اندر ایسے راز سموئے ہوئے ہیں جنہیں جاننے کیلئے سائنسدانوں اور مہم جوؤں کو طویل عرصے تک محنت کرنا پڑتی ہے۔ چین کے جنوب مغربی علاقے میں واقع ایک ایسا ہی قدرتی عجوبہ اپنی غیر معمولی گہرائی، پیچیدہ غاروں، زیر زمین دریا اور منفرد حیاتیاتی تنوع کی وجہ سے دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ یہ ایک وسیع قدرتی گڑھا ہے جسے دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے زمین کی سطح پر کسی نے ایک بہت بڑا کنواں کھود دیا ہو، حالانکہ اس کی تخلیق میں انسانی ہاتھوں کا کوئی کردار نہیں۔قدرت کا حیرت انگیز شاہکارچین کے جنوب مغربی علاقے چونگ چنگ (Chongqing) کے قریب واقع اس قدرتی گڑھے کو مقامی زبان میں ''شیاو ژائی ٹینکنگ‘‘ (Xiaozhai Tiankeng) کہا جاتا ہے۔ چینی زبان میں شیاو ژائی کے معنی چھوٹی بستی یا گاؤں کے ہیں، جبکہ ٹینکنگ کا مطلب آسمانی گڑھا ہے۔ یہ دنیا کے بڑے قدرتی گڑھوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی گہرائی تقریباً 660 میٹر ہے۔ اس کے بلند و بالا کنارے اور اندر کی جانب اترتی چٹانی دیواریں اسے ایک عام گڑھے کے بجائے کسی قدرتی قلعے کا منظر پیش کرتی ہیں۔ اس کے کنارے پر کھڑے ہو کر نیچے دیکھنے والے کو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے زمین اچانک ختم ہو گئی ہو اور اس کے نیچے ایک الگ دنیا شروع ہو رہی ہو۔ گڑھے کے متعلق مختلف روایاتصدیوں سے مقامی آبادی اس گڑھے سے واقف ہے اور اس کے متعلق مختلف داستانیں نسل در نسل منتقل ہوتی رہی ہیں۔ بعض روایات میں اسے دیوتاؤں کا مسکن قرار دیا گیا، جبکہ کچھ لوگوں کے نزدیک یہ کسی دیوہیکل مخلوق کے قدموں کے نشانات کی وجہ سے وجود میں آیا۔ بعض اوقات یہ قیاس بھی کیا گیا کہ شاید کسی خلائی جسم کے زمین سے ٹکرانے کے نتیجے میں یہ گڑھا بنا ہو، تاہم اس نظریے کی کوئی مستند سائنسی توثیق موجود نہیں۔ ماہرین ارضیات کے مطابق اس کی تشکیل کا اصل سبب قدرتی ارضیاتی عمل ہے۔ ایسے گڑھے عموماً چونے کے پتھر والے علاقوں میں بنتے ہیں جہاں زیر زمین پانی طویل عرصے تک چٹانوں کو تحلیل کرتا رہتا ہے۔جس سے زیر زمین غاریں اور سرنگیں بننے لگتی ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان غاروں کی چھت کمزور ہو کر بیٹھ جاتی ہے اور زمین کی سطح پر ایک بڑا گڑھا وجود میں آ جاتا ہے۔ بعض اندازوں کے مطابق شیاو ژائی ٹینکنگ کی تشکیل کا عمل تقریباً ایک لاکھ اٹھائیس ہزار سال قبل شروع ہوا۔زیرِ زمین بہتا ہوا پراسرار دریااس قدرتی گڑھے کی سب سے حیران کن خصوصیت اس کے اندر موجود زیر زمین دریا ہے۔ یہ دریا تیز رفتاری سے بہتا ہوا گڑھے کے نچلے حصے میں موجود غاروں سے گزرتا ہے۔ اس کا تیز بہاؤ، پھسلن زدہ چٹانیں اور تاریک راستے مہم جوؤں کیلئے بڑی رکاوٹ ہیں۔بارش کے موسم میں اس گڑھے کا منظر مزید دلچسپ ہو جاتا ہے۔ اس کے بلند کناروں سے پانی نیچے گرتا ہے اور آبشار کا منظر پیش کرتا ہے۔ یہ پانی چٹانی راستوں سے ہوتا ہوا زیرزمین دریا تک پہنچتا ہے۔ ماہرین کے مطابق پانی کا یہی مسلسل بہاؤ اس گڑھے کی تشکیل میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔تاریکی میں آباد زندگی کی الگ دنیاعام طور پر تصور کیا جاتا ہے کہ زمین کی سطح سے سینکڑوں میٹر نیچے کسی تاریک مقام پر زندگی کے آثار بہت کم ہوں گے، لیکن شیاو ژائی ٹینکنگ اس تصور کو غلط ثابت کرتا ہے۔ اس کے اندر موجود غاروں اور نسبتاً روشن حصوں میں مختلف اقسام کے پودے اور جانور پائے جاتے ہیں۔ یہاں نباتات کی تقریباً 1300 اقسام کی موجودگی کا ذکر کیا جاتا ہے۔گڑھے کی اندرونی دیواروں پر اُگنے والی نباتات، نمی سے بھرپور فضا اور مخصوص موسمی حالات نے یہاں ایک منفرد ماحولیاتی نظام تشکیل دیا ہے۔ مختلف پرندے اور جنگلی جانور بھی اس علاقے میں پناہ لیتے ہیں۔دنیا کی نظروں سے اوجھل مقاماگرچہ مقامی لوگ صدیوں سے اس گڑھے سے واقف تھے، لیکن بیرونی دنیا میں اس کی شہرت نسبتاً حالیہ دور میں ہوئی۔ 1994ء میں برطانوی غار نوردوں اور مہم جوؤں کی ایک ٹیم نے اس علاقے کا دورہ کیا اور اس کے قدرتی خدوخال کا جائزہ لیا۔ مقامی رہنماؤں کی مدد سے ٹیم نے دشوار گزار راستوں سے گزر کر گڑھے کے اندرونی حصوں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔ اس مہم کے نتیجے میں دنیا کو اس مقام کی غیر معمولی ساخت، غاروں اور زیرِ زمین پانی کے نظام کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں۔مہم جوؤں کیلئے بڑا چیلنجشیاو ژائی ٹینکنگ کی کھوج کرنا جتنا دلچسپ دکھائی دیتا ہے، عملی طور پر اتنا ہی مشکل اور خطرناک ہے۔ اس کی گہرائی، عمودی چٹانی دیواریں، پھسلن زدہ راستے اور زیر زمین دریا کا تیز بہاؤ مہم جوؤں کیلئے کئی مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ گڑھے کے اندر مکمل تاریکی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ یہاں خصوصی روشنیوں، مضبوط رسیوں اور حفاظتی آلات کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں۔قدرتی ورثے کا تحفظ ضروریشیاو ژائی ٹینکنگ کی اہمیت بڑھنے کے ساتھ اس کے تحفظ کی ضرورت بھی شدت اختیار کر گئی ہے۔ سیاحوں اور مہم جوؤں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث اس کے قدرتی ماحول کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ بے احتیاط سیاحت سے نایاب نباتات، جنگلی حیات اور زیر زمین آبی نظام متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ یہاں تحقیق اور سیاحت کے دوران قدرتی ماحول کے تحفظ کو اوّلین ترجیح دی جائے۔شیاو ژائی ٹینکنگ اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ ہماری زمین آج بھی بے شمار ایسے راز اپنے اندر چھپائے ہوئے ہے، جن سے انسان پوری طرح واقف نہیں۔ اس کی گہرائی میں چھپی دنیا نہ صرف زمین کی قدیم تاریخ سے پردہ اٹھاتی ہے بلکہ قدرت کی تخلیقی قوت اور زندگی کی حیرت انگیز صلاحیتوں کا بھی پتا دیتی ہے۔

ریاضی کے 174 سالہ معمے کا حل

ریاضی کے 174 سالہ معمے کا حل

چار رنگوں کے نظریے کو حل کرنے کا تیز ترین طریقہ سامنے آگیاریاضی کی دنیا میں بعض سوالات ایسے ہوتے ہیں جو بظاہر انتہائی سادہ دکھائی دیتے ہیں، لیکن ان کا جواب تلاش کرنے میں کئی نسلیں گزر جاتی ہیں۔ ایسا ہی ایک سوال 174 سال قبل سامنے آیا تھا جس نے دنیا بھر کے ریاضی دانوں کو طویل عرصے تک مصروف رکھا۔ یہ سوال نقشوں کو رنگنے کے ایک دلچسپ اصول سے متعلق تھا: کیا دنیا کا کوئی بھی نقشہ صرف چار رنگوں کی مدد سے اس طرح رنگا جا سکتا ہے کہ ایک دوسرے سے متصل دو علاقے ایک ہی رنگ کے نہ ہوں؟ بظاہر بچوں کا ایک سادہ سا کھیل محسوس ہونے والا یہ مسئلہ دراصل ریاضی کے پیچیدہ ترین سوالات میں شمار ہوتا ہے۔ محققین نے اس مشہور مسئلے کے لیے اب تک کا تیز ترین حل تلاش کرنے کا طریقہ پیش کیا ہے۔ اس پیش رفت کو کمپیوٹر سائنس، گراف تھیوری اور جدید ریاضی کے شعبوں میں ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم اس بات کو سمجھنا ضروری ہے کہ محققین نے چار رنگوں کے نظریے کو پہلی مرتبہ ثابت نہیں کیا، بلکہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک زیادہ تیز اور مؤثر طریقہ سامنے لائے ہیں۔ چار رنگوں کا نظریہ کیا ہے؟چار رنگوں کا نظریہ (Four Color Theorem) ریاضی کا ایک معروف مسئلہ ہے۔ اس نظریے کے مطابق کسی بھی ہموار سطح پر بنائے گئے نقشے کے تمام علاقوں کو زیادہ سے زیادہ چار رنگوں کی مدد سے رنگا جا سکتا ہے بشرطیکہ ایک دوسرے کے ساتھ مشترکہ سرحد رکھنے والے دو علاقوں کا رنگ ایک جیسا نہ ہو۔مثال کے طور پر اگر کسی نقشے میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع دکھائے گئے ہوں تو انہیں اس طرح رنگنا ہوگا کہ مشترکہ سرحد والے اضلاع کا رنگ مختلف ہو۔ اس مقصد کے لیے چار سے زیادہ رنگوں کی ضرورت نہیں پڑنی چاہیے، خواہ نقشے میں علاقوں کی تعداد کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہو۔یہاں ایک اہم نکتہ یہ ہے کہ دو علاقے اگر صرف ایک نقطے پر ملتے ہوں تو انہیں مختلف رنگ دینا ضروری نہیں بلکہ شرط یہ ہے کہ ان کے درمیان مشترکہ سرحد موجود ہو۔ یہی بظاہر معمولی فرق اس مسئلے کو ریاضی کے اعتبار سے زیادہ دلچسپ بناتا ہے۔ 1852 میں شروع ہونے والی کہانیاس مسئلے کی تاریخ 1852ء سے شروع ہوتی ہے جب برطانیہ کے ایک طالب علمFrancis Guthrie نے نقشے کو رنگنے کے دوران یہ سوال اٹھایا کہ کیا ہر نقشے کو صرف چار رنگوں سے رنگنا ممکن ہے؟ انہوں نے یہ مشاہدہ اپنے بھائی فریڈرک گتھری کے ساتھ شیئر کیا جس کے بعد یہ سوال ریاضی دانوں کی توجہ حاصل کرنے لگا۔ابتدا میں بہت سے ماہرین کو یقین تھا کہ اس کا جواب تلاش کرنا زیادہ مشکل نہیں ہوگا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ معلوم ہوا کہ اس مسئلے کا عمومی اور قابلِ اعتماد ثبوت پیش کرنا آسان نہیں۔ کئی ریاضی دانوں نے اس پر کام کیا، مختلف مثالیں پیش کیں اور ممکنہ حل تلاش کرنے کی کوشش کی، لیکن کوئی ایسا مکمل ثبوت سامنے نہ آ سکا جو ہر ممکن نقشے پر لاگو ہوتا۔اس مسئلے کی اہمیت اس وجہ سے بھی بڑھ گئی کہ یہ صرف نقشوں کی رنگ آمیزی تک محدود نہیں تھا، بلکہ اس کا تعلق ریاضی کی ایک وسیع شاخ گراف تھیوری سے بھی تھا۔ پہلی کامیابی اور کمپیوٹر کا کردارچار رنگوں کے نظریے کا پہلا باقاعدہ ثبوت 1976ء میں پیش کیا گیا۔ امریکی ریاضی دان کینتھ اپل اور وولف گینگ ہیکن نے کمپیوٹر کی مدد سے اس مسئلے کو حل کیا۔ یہ ریاضی کی تاریخ میں ایک غیر معمولی واقعہ تھا۔ان محققین نے نقشوں کی ممکنہ ساختوں کو مختلف اقسام میں تقسیم کیا اور کمپیوٹر کے ذریعے ان کا تجزیہ کیا۔ اس طرح یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ ہر ممکن نقشے کو چار رنگوں سے رنگا جا سکتا ہے۔تاہم اس ثبوت پر ایک نئی بحث بھی شروع ہوئی۔ بعض ریاضی دانوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی نظریے کو ثابت کرنے کے لیے کمپیوٹر کے ہزاروں یا لاکھوں حسابات پر انحصار کرنا پڑے تو کیا انسان خود اس ثبوت کی مکمل جانچ کر سکتا ہے؟ اس بحث نے ریاضی میں کمپیوٹر کے کردار اور ثبوت کی قابلِ تصدیق حیثیت کے حوالے سے اہم سوالات پیدا کیے۔ مستقبل میں کیا امکانات ہیں؟ 174سال پرانے اس مسئلے کی کہانی انسانی تجسس، مسلسل تحقیق اور سائنسی جدوجہد کی کہانی ہے۔ اس کی ابتدا ایک طالب علم کے ذہن میں پیدا ہونے والے سوال سے ہوئی، پھر کئی نسلوں کے ریاضی دانوں نے اس پر کام کیا اور بالآخر کمپیوٹر کی مدد سے اس کا ثبوت سامنے آیا۔ اب نئی تحقیق نے اسے حل کرنے کی رفتار میں غیر معمولی بہتری پیدا کر دی ہے۔ یہ پیش رفت یاد دلاتی ہے کہ سائنس میں کسی مسئلے کا جواب مل جانا تحقیق کا اختتام نہیں ہوتا، بلکہ بعض اوقات اصل کامیابی اس جواب تک پہنچنے کا بہتر، تیز اور زیادہ مؤثر راستہ تلاش کرنے میں ہوتی ہے۔

25 نومبر:خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن

25 نومبر:خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن

خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، استحکام اور خوش حالی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ وہ ماں، بہن، بیٹی، بیوی، استاد، ڈاکٹر اور دیگر حیثیتوں سے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتی ہیں، لیکن بدقسمتی سے آج بھی دنیا کے کئی معاشروں میں خواتین کو تشدد، ناانصافی، امتیازی سلوک اور عدم تحفظ کا سامنا ہے۔ہر سال 25 نومبر کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ نے 1999ء میں اس دن کو باقاعدہ عالمی دن قرار دیا تھا۔1960ء میں اسی دن ڈومینیکن ریپبلک کی تین بہادر خواتین میرابل سسٹرز کو آمرانہ حکومت نے قتل کر دیا تھا۔ ان خواتین نے آمریت، ناانصافی اور صنفی جبر کے خلاف جدوجہد کی تھی۔یہ دن دنیا بھر میں خواتین پر ہونے والے جسمانی، ذہنی، جنسی، معاشی اور سماجی تشدد کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ اقوامِ متحدہ اس دن سے 16 روزہ عالمی مہم کا آغاز بھی کرتی ہے جو 10 دسمبر تک جاری رہتی ہے۔ اس کا مقصد خواتین کے حقوق، برابری، تحفظ اور بااختیار بنانے کی جدوجہد کو مضبوط بنانا ہے۔ خواتین پر تشدد، تشویشناک حقیقتپاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد کی صورتحال کا اندازہ مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کی رپورٹس سے لگایا جا سکتا ہے۔ وزارتِ انسانی حقوق اور پولیس کے اعداد و شمار، انسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹس اور مختلف سرویز اس مسئلے کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔ ''Mapping Gender-Based Violence in Pakistan 2024‘‘ کے مطابق 2024ء کے دوران ملک بھر میں خواتین کے خلاف صنفی تشدد کے مجموعی طور پر 32,617 واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان میں 5,339 ریپ، 24,439 اغوا یا جبری طور پر لے جانے کے واقعات، گھریلو تشدد کے 2,238 واقعات اور غیرت کے نام پر قتل کے 547 واقعات شامل تھے۔ان اعداد و شمار میں پنجاب سب سے زیادہ متاثرہ صوبے کے طور پر سامنے آیا جہاں مجموعی طور پر 26,753 واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان میں ریپ کے 4,641، اغوا کے 20,720، گھریلو تشدد کے 1,167 اور غیرت کے نام پر قتل کے 225 واقعات شامل تھے۔پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کی پنجاب جینڈر پیریٹی رپورٹ 2023-24 ء کے مطابق صوبے میں صنفی تشدد کے رپورٹ شدہ واقعات 2023ء کے 28,721 سے بڑھ کر 2024ء میں 34,702 ہو گئے۔ اسی رپورٹ کے مطابق گھریلو تشدد کے واقعات میں بھی 47.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے کے مطابق 15 سے 49 سال کی عمر کی 23 فیصد شادی شدہ خواتین نے شوہر یا شریکِ حیات کی جانب سے جسمانی تشدد، 26 فیصد نے جذباتی تشدد اور 5 فیصد نے جنسی تشدد کا سامنا کرنے کی اطلاع دی۔ اگرچہ یہ سروے چند سال پرانا ہے، لیکن اس کے نتائج گھریلو تشدد کی گہری جڑوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔معاشرتی رویے، خاموشی اور عدم برداشتخواتین پر تشدد کی بنیادی وجوہات میں پدرشاہی سوچ، فرسودہ روایات، تعلیم کی کمی، معاشی انحصار، عدم برداشت اور خواتین کو کمتر سمجھنے کا رویہ شامل ہیں۔ ہمارے معاشرے میں بعض اوقات گھریلو تشدد کو خاندان کا اندرونی معاملہ قرار دے کر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ متاثرہ خاتون کو انصاف دلانے کے بجائے اسے خاموش رہنے، سمجھوتہ کرنے یا خاندان کی عزت کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔غیرت کے نام پر قتل، جبری شادی، ونی، کاروکاری، تیزاب گردی، جنسی ہراسانی اور کم عمری کی شادی جیسے مسائل بھی خواتین کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔دیہی علاقوں میں بعض خواتین کو تعلیم، صحت اور قانونی معاونت تک مناسب رسائی حاصل نہیں، جبکہ شہری علاقوں میں ملازمت کی جگہوں، تعلیمی اداروں، عوامی مقامات اور ڈیجیٹل دنیا میں ہراسانی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی نے خواتین کے لیے اظہار اور رابطے کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں، لیکن ساتھ ہی آن لائن دھمکیوں، بلیک میلنگ، نجی تصاویر کے غلط استعمال اور سائبر ہراسانی جیسے مسائل بھی بڑھائے ہیں۔قانون سازی کے ساتھ عملی اقداماتپاکستان میں خواتین کے تحفظ کے لیے مختلف قوانین اور ادارے موجود ہیں۔ پنجاب میں تحفظِ خواتین بل 2016ء ، سندھ اور بلوچستان میں گھریلو تشدد کے خلاف قوانین، جبکہ خیبر پختونخوا میں گھریلو تشدد کی روک تھام اور تحفظ کا قانون اس سلسلے کی اہم مثالیں ہیں۔ اسی طرح ملازمت کی جگہوں پر خواتین کو ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھی قانون سازی کی گئی ہے۔تاہم صرف قوانین بنانا کافی نہیں۔ ان پر مؤثر عمل درآمد، پولیس کی تربیت، تفتیش کے معیاری طریقہ کار، متاثرہ خواتین کو قانونی معاونت، محفوظ پناہ گاہوں اور فوری طبی و نفسیاتی سہولتوں کی فراہمی بھی ضروری ہے۔حکومت کو چاہیے کہ خواتین کے خلاف جرائم کے مستند اعداد و شمار جمع کرنے اور انہیں باقاعدگی سے عوام کے سامنے پیش کرنے کا مربوط نظام قائم کرے۔ مقدمات کی تفتیش اور عدالتی کارروائی میں غیر ضروری تاخیر ختم کی جائے تاکہ مجرموں کو سزا مل سکے اور متاثرہ خواتین کو انصاف حاصل ہو۔ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داریخواتین پر تشدد کا خاتمہ صرف حکومت یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ پورے معاشرے کا مشترکہ فریضہ ہے۔ والدین کو چاہیے کہ بیٹوں اور بیٹیوں کی تربیت میں مساوات، احترام اور برداشت کو بنیادی اہمیت دیں۔ تعلیمی اداروں میں بچوں کو انسانی حقوق، خواتین کے احترام اور تشدد کے منفی اثرات کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔میڈیا کو بھی چاہیے کہ خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات کو سنسنی خیزی کے بجائے ذمہ داری اور حساسیت کے ساتھ پیش کرے۔ متاثرہ خواتین کی شناخت اور نجی زندگی کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور معاشرے میں ایسے رویوں کی حوصلہ شکنی کی جائے جو تشدد کو جائز یا معمول کا عمل قرار دیتے ہیں۔خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے، معیاری تعلیم فراہم کرنے اور فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی شمولیت بڑھانے سے بھی تشدد کے خلاف مضبوط سماجی بنیاد قائم کی جا سکتی ہے۔

آج کا دن

آج کا دن

فلسطین کی تقسیم 25 نومبر 1947 ء کی تاریخ فلسطین اور مشرقِ وسطیٰ کی سیاست میں فیصلہ کن موڑ کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس دن اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کی تقسیم کے منصوبے پر ووٹنگ کا عمل مکمل کیا۔ اس منصوبے کے تحت برطانوی زیرِ انتظام فلسطین کو دو الگ ریاستوں‘ایک یہودی اور ایک عرب‘میں تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ اس تجویز میں یروشلم کو اقوامِ متحدہ کی زیرِ نگرانی ایک آزاد بین الاقوامی شہر رکھنے کا فیصلہ شامل تھا۔اقوام متحدہ میں اس منصوبے کی منظوری کے بعد فلسطین میں خانہ جنگی کی کیفیت پیدا ہوگئی جس نے پہلی عرب اسرائیل جنگ کو جنم دیا۔ یہ واقعہ فلسطین اسرائیل تنازع کا نقطہ آغاز سمجھا جاتا ہے۔صدر کینیڈی کی آخری رسوماتامریکی صدر جان ایف کینیڈی کو 25 نومبر 1963ء کو سرکاری اور فوجی اعزاز کے ساتھ آرلنگٹن قومی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ 22 نومبر 1963ء کو ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ایک صدارتی قافلے کے دوران انہیں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ جان فٹزجیرالڈ کینیڈی ریاستہائے متحدہ امریکہ کے 35 ویں صدر تھے۔ وہ 1961ء سے 1963ء میں اپنے قتل تک اس عہدے پر فائز رہے۔ ان کا قتل آج تک ایک معمہ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں لی ہاروے اوسوالڈ نامی ایک شخص نے قتل کیا۔تاہم امریکہ میں عام طور پر یہ خیال پایا جاتا ہے کہ اس کیس کے اصل حقائق سرکاری موقف سے مختلف ہیں اور چند مورخین کے مطابق قتل کی اس واردات کے بعد امریکی عوام کا حکومت پر اعتماد کم ہونا شروع ہو گیا۔ آئن سٹائن کا نظریہ اضافیت25نومبر 1915ء کو البرٹ آئن اسٹائن نے نظریہ اضافیت کی بنیادی مساوات پر مشتمل اپنا تحقیقی مقالہ رائل پرشین اکیڈمی آف سائنسز میں پیش کیا۔ یہ مساوات کائنات میں کششِ ثقل کو سمجھنے کے طریقے میں ایک انقلابی تبدیلی کا باعث بنی۔ آئن سٹائن نے واضح کیا کہ کششِ ثقل محض دو اجسام کے درمیان قوت نہیں بلکہ کمیت اور توانائی کے باعث زمان و مکان (Spacetime) میں پیدا ہونے والا خم ہے۔ آئن سٹائن کی تحقیق نے سیاروں کی حرکت، روشنی کے راستے اور کائنات کی ساخت کو سمجھنے میں نئی راہیں کھولیں۔ بعد میں یہی نظریہ جدید طبیعیات، فلکیات اور کائنات کی تحقیق کی بنیاد بنا۔ یونان میں آمریت کا خاتمہیونان میں 1967ء سے فوجی حکومت قائم تھی جو سخت آمریت، سنسرشپ اور سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیوں کے لیے بدنام تھی۔ 25 نومبر 1973ء وہ دن تھا جب یونانی فوج کے اندر ہی ایک بغاوت نے اس آمریت کا خاتمہ کر دیا۔ اس بغاوت کی قیادت بری فوج کے جنرل فیڈون گی زیکوٹاکیس نے کی جنہوں نے پرانی فوجی قیادت کو برطرف کر کے ایک نئی حکومت تشکیل دی۔یہ تبدیلی دراصل نومبر 1973ء میں ایتھنز کی پولی ٹیکنک یونیورسٹی کی طلبہ تحریک کو بے رحمی سے کچلنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے عوامی غم و غصے کا جواب تھی۔25 نومبر کی بغاوت نے پرانی قیادت کو ہٹا کر اصلاحات کا اعلان کیا۔ ایران کونٹرا سکینڈل 25 نومبر 1986ء کو امریکی سیاست کی تاریخ کا ایک بڑا سکینڈل منظرِ عام پر آیا جسے Iran-Contra affairکے نام سے جانا جاتا ہے۔ امریکی حکومت پر یہ الزام سامنے آیا کہ اس نے خفیہ طور پر ایران کو اسلحہ فروخت کیااور اس سے حاصل ہونے والی رقم نکاراگوا میں کانٹرا باغیوں کو فراہم کی گئی۔ یہ باغی بائیں بازو کی سوشلسٹ حکومت کے خلاف لڑ رہے تھے جن کی حمایت امریکا خفیہ طور پر کرنا چاہتا تھا۔اس سکینڈل نے ریگن انتظامیہ کو شدید بحران میں مبتلا کر دیا۔ امریکی کانگریس نے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ 25 نومبر کو پہلا سرکاری بیان جاری ہوا جس میں اعتراف کیا گیا کہ ایران کے ساتھ کچھ خفیہ لین دین کیا گیا ۔

  جراثیم کش ادویات کے خلاف مزاحمت

جراثیم کش ادویات کے خلاف مزاحمت

عالمی صحت کے 10 بڑے خطرات میں شاملدنیا اس وقت صحت کے شعبے میں جن بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے ان میں جراثیم کش ادویات کے خلاف مزاحمت (Antimicrobial Resistance) ایک نہایت سنگین اور تشویشناک مسئلہ بن چکی ہے۔ جدید میڈیکل سائنس نے اگرچہ انسان کو متعدد مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر ادویات اور جدید علاج کی سہولیات فراہم کی ہیں لیکن ان ادویات کا غیر ضروری اور غیر محتاط استعمال ایک ایسے خطرے کو جنم دے رہا ہے جو مستقبل میں علاج کے پورے نظام کو متاثر کر سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر سال 18 سے 24 نومبر تک دنیا بھر میں جراثیم کش ادویات کے خلاف مزاحمت کا ہفتہ آگاہی منایا جاتا ہے۔اس کا بنیادی مقصد عوام، طبی ماہرین، کسانوں، پالیسی سازوں اور متعلقہ اداروں میں یہ شعور پیدا کرنا ہے کہ اینٹی بائیوٹکس اور دیگر جراثیم کش ادویات کا غیر ضروری استعمال نہ صرف انفرادی صحت بلکہ پوری انسانیت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ یہ محض طبی شعبے کا مسئلہ نہیں بلکہ انسانی زندگی، غذائی تحفظ، معیشت اور عالمی ترقی سے جڑا ہوا ایک اہم معاملہ ہے۔جراثیم کش ادویات کے خلاف مزاحمت کیا ہے؟ بیکٹیریا، وائرس، فنگس اور دیگر جراثیم وقت کے ساتھ ادویات کے اثرات کو برداشت کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں جو پہلے انہیں ختم کرنے یا ان کی افزائش روکنے کے لیے استعمال ہوتی تھیں۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ عام انفیکشنز کا علاج مشکل، طویل اور بعض اوقات ناممکن ہو جاتا ہے۔اینٹی بائیوٹکس کا غیر ضروری استعمال، ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر ادویات لینا، علاج کا مقررہ دورانیہ پورا نہ کرنا اور غلط دوا کا استعمال اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیتے ہیں۔مثال کے طور پر اگر کوئی شخص معمولی نزلہ، زکام یا وائرل بخار کے لیے خود سے اینٹی بائیوٹک استعمال کرتا ہے تو اس سے بیماری کا علاج نہیں ہوتا کیونکہ اینٹی بائیوٹکس وائرس کے خلاف مؤثر نہیں ہوتیں۔ البتہ اس طرزِ عمل سے مزاحمت پیدا کرنے والے بیکٹیریا کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ یوں ایک فرد کی غیر ذمہ دارانہ عادت معاشرے کے لیے بڑے طبی بحران کا سبب بن سکتی ہے۔ غیر محتاط استعمال سے خطراتاینٹی مائیکروبیل مزاحمت کا پھیلاؤ دنیا بھر کے صحت کے نظام کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس کے باعث نمونیا، پیشاب کی نالی کے انفیکشن، خون کے انفیکشن اور دیگر عام بیماریوں کا علاج مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ بعض صورتوں میں مریض کو ایسی ادویات کی ضرورت پڑتی ہے جو مہنگی بھی ہوتی ہیں اور ان کے مضر اثرات بھی زیادہ ہو سکتے ہیں۔اس مسئلے کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کو عالمی صحت کے 10 بڑے خطرات میں شامل کیا ہے۔ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کا مسئلہ صرف انسانی علاج تک محدود نہیں بلکہ اس کا تعلق جانوروں، زراعت، خوراک اور ماحول سے بھی ہے۔ مویشیوں، مرغیوں اور دیگر جانوروں میں اینٹی بائیوٹکس کا غیر ضروری استعمال مزاحمت پیدا کرنے والے جراثیم کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔ یہی جراثیم خوراک، پانی اور ماحول کے ذریعے انسانوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔پاکستان جیسے زرعی ملک میں اس پہلو کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ یہاں مویشی پالنے اور زرعی پیداوار کے شعبوں میں ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ جانوروں کو بیماری کی تشخیص کے بغیر اینٹی بائیوٹکس دینا، ادویات کا غیر ضروری استعمال اور زرعی و صنعتی فضلے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے نہ لگانا اس خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ 2026ء کے عالمی ہفتہ آگاہی کا موضوع بھی اسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے: ''ایک صحت، ایک اقدام: اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کو ابھی روکیں‘‘۔ اس کا پیغام واضح ہے کہ اس عالمی خطرے کا مقابلہ کسی ایک ادارے یا شعبے کے بس کی بات نہیں بلکہ اجتماعی اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ اقدامات اور عوامی ذمہ داری اینٹی بائیوٹکس کا غیر ضروری استعمال، نسخے کے بغیر ادویات حاصل کرنے کا رجحان، سیلف میٖڈی کیشن اور صحت سے متعلق ناکافی آگاہی ایسے عوامل ہیں جن پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ فارمیسیوں پر ادویات کی فروخت کے قوانین پر مؤثر عمل درآمد، ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کے نظام کی بہتری اور جراثیم کی مزاحمت کی بروقت تشخیص کے لیے لیبارٹریوں کی استعداد بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔حکومت کو چاہیے کہ صحت، زراعت، لائیو اسٹاک اور ماحولیاتی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کرے۔ اینٹی بائیوٹکس کے استعمال اور ان کے خلاف مزاحمت کے رجحانات پر مسلسل نظر رکھی جائے، طبی عملے کی تربیت کی جائے اور عوامی آگاہی کے پروگرام شروع کیے جائیں۔ اجتماعی جدوجہد ہی واحد حلعالمی ہفتہ آگاہی برائے جراثیم کش ادویات کے خلاف مزاحمت محض ایک علامتی دن یا ہفتہ منانے کا نام نہیں بلکہ یہ پوری دنیا کے لیے ایک سنجیدہ پیغام ہے کہ اگر آج ادویات کا غیر ذمہ دارانہ استعمال نہ روکا گیا تو آنے والی نسلوں کو عام بیماریوں کے علاج کے لیے بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کے خلاف جنگ دراصل انسانی زندگی کے تحفظ کی جنگ ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ آج استعمال ہونے والی مؤثر ادویات آنے والی نسلوں کی امانت ہیں۔ اگر ہم نے ان کی افادیت برقرار رکھنے کے لیے ذمہ دارانہ اقدامات نہ کیے تو جدید طب کی کئی اہم کامیابیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔