آج کا دن
اسپیشل فیچر
فلسطین کی تقسیم
25 نومبر 1947 ء کی تاریخ فلسطین اور مشرقِ وسطیٰ کی سیاست میں فیصلہ کن موڑ کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس دن اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کی تقسیم کے منصوبے پر ووٹنگ کا عمل مکمل کیا۔ اس منصوبے کے تحت برطانوی زیرِ انتظام فلسطین کو دو الگ ریاستوں‘ایک یہودی اور ایک عرب‘میں تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ اس تجویز میں یروشلم کو اقوامِ متحدہ کی زیرِ نگرانی ایک آزاد بین الاقوامی شہر رکھنے کا فیصلہ شامل تھا۔اقوام متحدہ میں اس منصوبے کی منظوری کے بعد فلسطین میں خانہ جنگی کی کیفیت پیدا ہوگئی جس نے پہلی عرب اسرائیل جنگ کو جنم دیا۔ یہ واقعہ فلسطین اسرائیل تنازع کا نقطہ آغاز سمجھا جاتا ہے۔
صدر کینیڈی کی آخری رسومات
امریکی صدر جان ایف کینیڈی کو 25 نومبر 1963ء کو سرکاری اور فوجی اعزاز کے ساتھ آرلنگٹن قومی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ 22 نومبر 1963ء کو ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ایک صدارتی قافلے کے دوران انہیں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ جان فٹزجیرالڈ کینیڈی ریاستہائے متحدہ امریکہ کے 35 ویں صدر تھے۔ وہ 1961ء سے 1963ء میں اپنے قتل تک اس عہدے پر فائز رہے۔ ان کا قتل آج تک ایک معمہ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں لی ہاروے اوسوالڈ نامی ایک شخص نے قتل کیا۔تاہم امریکہ میں عام طور پر یہ خیال پایا جاتا ہے کہ اس کیس کے اصل حقائق سرکاری موقف سے مختلف ہیں اور چند مورخین کے مطابق قتل کی اس واردات کے بعد امریکی عوام کا حکومت پر اعتماد کم ہونا شروع ہو گیا۔
آئن سٹائن کا نظریہ اضافیت
25نومبر 1915ء کو البرٹ آئن اسٹائن نے نظریہ اضافیت کی بنیادی مساوات پر مشتمل اپنا تحقیقی مقالہ رائل پرشین اکیڈمی آف سائنسز میں پیش کیا۔ یہ مساوات کائنات میں کششِ ثقل کو سمجھنے کے طریقے میں ایک انقلابی تبدیلی کا باعث بنی۔ آئن سٹائن نے واضح کیا کہ کششِ ثقل محض دو اجسام کے درمیان قوت نہیں بلکہ کمیت اور توانائی کے باعث زمان و مکان (Spacetime) میں پیدا ہونے والا خم ہے۔ آئن سٹائن کی تحقیق نے سیاروں کی حرکت، روشنی کے راستے اور کائنات کی ساخت کو سمجھنے میں نئی راہیں کھولیں۔ بعد میں یہی نظریہ جدید طبیعیات، فلکیات اور کائنات کی تحقیق کی بنیاد بنا۔
یونان میں آمریت کا خاتمہ
یونان میں 1967ء سے فوجی حکومت قائم تھی جو سخت آمریت، سنسرشپ اور سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیوں کے لیے بدنام تھی۔ 25 نومبر 1973ء وہ دن تھا جب یونانی فوج کے اندر ہی ایک بغاوت نے اس آمریت کا خاتمہ کر دیا۔ اس بغاوت کی قیادت بری فوج کے جنرل فیڈون گی زیکوٹاکیس نے کی جنہوں نے پرانی فوجی قیادت کو برطرف کر کے ایک نئی حکومت تشکیل دی۔یہ تبدیلی دراصل نومبر 1973ء میں ایتھنز کی پولی ٹیکنک یونیورسٹی کی طلبہ تحریک کو بے رحمی سے کچلنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے عوامی غم و غصے کا جواب تھی۔25 نومبر کی بغاوت نے پرانی قیادت کو ہٹا کر اصلاحات کا اعلان کیا۔
ایران کونٹرا سکینڈل
25 نومبر 1986ء کو امریکی سیاست کی تاریخ کا ایک بڑا سکینڈل منظرِ عام پر آیا جسے Iran-Contra affairکے نام سے جانا جاتا ہے۔ امریکی حکومت پر یہ الزام سامنے آیا کہ اس نے خفیہ طور پر ایران کو اسلحہ فروخت کیااور اس سے حاصل ہونے والی رقم نکاراگوا میں کانٹرا باغیوں کو فراہم کی گئی۔ یہ باغی بائیں بازو کی سوشلسٹ حکومت کے خلاف لڑ رہے تھے جن کی حمایت امریکا خفیہ طور پر کرنا چاہتا تھا۔اس سکینڈل نے ریگن انتظامیہ کو شدید بحران میں مبتلا کر دیا۔ امریکی کانگریس نے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ 25 نومبر کو پہلا سرکاری بیان جاری ہوا جس میں اعتراف کیا گیا کہ ایران کے ساتھ کچھ خفیہ لین دین کیا گیا ۔