خلاء میں ڈیٹا سینٹرز
اسپیشل فیچر
ٹیکنالوجی کی ترقی یا زمین کیلئے ماحولیاتی خطرہ؟
مصنوعی ذہانت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت نے دنیا بھر میں ڈیٹا سینٹرز کی ضرورت اور اہمیت میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔ ان مراکز کو چلانے کیلئے جہاں بے پناہ بجلی اور ٹھنڈک کا انتظام درکار ہوتا ہے، وہیں زمین پر جگہ اور توانائی کے وسائل پر دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔ ایسے میں معروف امریکی ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے اس مسئلے کا ایک غیر معمولی حل پیش کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ان کا منصوبہ زمین کے بجائے خلا میں ڈیٹا سینٹر قائم کرنے اور لاکھوں مصنوعی سیاروں کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے نظام کو چلانے سے متعلق ہے۔ تاہم اس انقلابی تصور نے جہاں ٹیکنالوجی کی دنیا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، وہیں ماہرین نے خلا میں مصنوعی سیاروں کی غیر معمولی تعداد، خلائی ملبے، تصادم کے خطرات اور زمین کے ماحول پر ممکنہ منفی اثرات کے حوالے سے سنگین خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا مستقبل کے ڈیٹا سینٹر واقعی خلا میں قائم ہوں گے یا یہ منصوبہ انسانیت کیلئے نئے ماحولیاتی اور سائنسی مسائل پیدا کر دے گا؟
ٹرمپ انتظامیہ نے اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے منصوبے کے تحت دس لاکھ تک مصنوعی سیارے بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔ امریکی وفاقی کمیشن برائے مواصلات نے بتایا ہے کہ اسپیس ایکس کا مجوزہ ''اسٹار مائنڈ‘‘ (Starmind) سیٹلائٹ نیٹ ورک ڈیٹا کی بہت بڑی مقدار کو پراسیس کرے گا، جسے بعدازاں زمین پر استعمال کیا جا سکے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مصنوعی ذہانت کیلئے استعمال کی جانے والی اصطلاح سے استفادہ کرتے ہوئے ایف سی سی کے چیئرمین برینڈن کار نے کہا کہ امریکا دنیا کو ''سپر انٹیلی جنس‘‘ کے دور میں داخل کرنے میں قیادت کر رہا ہے۔ ڈیٹا سینٹرز، جو مصنوعی ذہانت کے نظام کو چلانے والے بڑے کمپیوٹر مراکز ہوتے ہیں، سپر انٹیلی جنس کے شعبے میں امریکا کی برتری برقرار رکھنے کیلئے ناگزیر ہوں گے۔
تاہم سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ خلا میں ڈیٹا سینٹرز کا قیام زمین کیلئے ''تباہ کن‘‘ ثابت ہو سکتا ہے۔ماحولیات سے متعلق غیر منافع بخش تنظیم ''پبلک ایمپلائیز فار انوائرنمنٹل ریسپانسبلٹی‘‘ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹم وائٹ ہاؤس نے اس سے قبل خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماحولیاتی جائزے کے بغیر مدار میں دس لاکھ ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کی اجازت دینا محض غیر ذمہ داری نہیں بلکہ انتہائی خطرناک اقدام ہے۔ ان منصوبوں کے نتیجے میں فضائی ماحول آلودگی اور خلائی ملبے سے متاثر ہونے کے ساتھ جنگلی حیات کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، اس لیے ایسے منصوبوں کی منظوری دینے سے پہلے ان کے ممکنہ اثرات کا باریک بینی سے جائزہ لینا ضروری ہے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے منصوبوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنیاں سورج سے مسلسل حاصل ہونے والی توانائی سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث زمین کے بجلی کے نظام پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ امریکی وفاقی کمیشن برائے مواصلات کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامے کے تحت اسپیس ایکس کو نومبر 2033ء تک سیٹلائٹس کی تنصیب کا کام شروع کرنا ہوگا۔کمپنی کیلئے یہ بھی لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ نومبر 2035ء تک مجوزہ مجموعی تعداد کے 10 فیصد، یعنی ایک لاکھ سیٹلائٹس، خلا میں بھیج دے، جبکہ نومبر 2038ء تک یہ تعداد 50 فیصد تک پہنچانا ہوگی۔تاہم اسپیس ایکس ان مقررہ اہداف سے پہلے ہی اپنا منصوبہ مکمل کرنے کیلئے پرعزم دکھائی دیتی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ وہ اگلے ہی سال اپنا پہلا ''اسٹار مائنڈ‘‘ سیٹلائٹ خلا میں بھیجنا چاہتی ہے۔
اسپیس ایکس اور اس کے اسٹار مائنڈ نیٹ ورک کے علاوہ گوگل بھی ''سن کیچر‘‘ (Suncatcher) کے خفیہ نام سے اپنے منصوبے پر کام کر رہا ہے، جبکہ جیف بیزوس کی کمپنی ''بلیو اوریجن‘‘ نے اپنے منصوبے ''پروجیکٹ سن رائز‘‘ کیلئے ایف سی سی کو درخواست جمع کرا دی ہے۔اس دوڑ میں کئی نئی ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی شامل ہیں، جن میں ''اسٹار کلاؤڈ‘‘ (Starcloud) نمایاں ہے۔ اس کمپنی نے 2025ء کے اواخر میں ایک سیٹلائٹ پر جدید کمپیوٹر پروسیسر، جسے جی پی یو کہا جاتا ہے، کامیابی سے چلا کر دکھایا تھا۔ گوگل نے بھی اکتوبر میں یہ سنگ میل عبور کیا۔اسپیس ایکس کو اس میدان میں ایک نمایاں برتری حاصل ہے، کیونکہ اس کے پاس اپنے تیار کردہ راکٹ موجود ہیں، جو اب تک سیکڑوں خلائی مشنز مکمل کر چکے ہیں۔
اگست میں ایلون مسک نے وعدہ کیا تھا کہ اسپیس ایکس 2027ء کی آخری سہ ماہی میں اپنا پہلا سیٹلائٹ مدار میں بھیجے گی، جبکہ 2028ء میں اس منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کر دی جائے گی۔کمپنی نے معروف ٹیکنالوجی ادارے این ویڈیا (Nvidia) کے ساتھ بھی معاہدہ کیا ہے، جو اسے اپنی جدید ترین نسل کے ''ویرا روبن‘‘ پروسیسرز فراہم کرے گا۔ یہ پروسیسرز خصوصی طور پر خلا میں کام کرنے کیلئے تیار کیے گئے ہیں۔ خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے بیشتر منصوبوں کا بنیادی ڈھانچا تقریباً یکساں ہے۔ ان میں زمین کے گرد نچلے مدار میں متعدد سیٹلائٹس کا ایک جال بچھایا جائے گا، جنہیں ایک دوسرے کے قریب رکھا جائے گا تاکہ ان کے درمیان رابطہ قابلِ اعتماد اور بلاتعطل رہے۔