بینکوں کا ایڈوانس ٹو ڈپازٹ ریشو 10فیصد تک گرگیا

کراچی(بزنس رپورٹر)حکومت کی طرف سے زیادہ منافع کی پیشکش پر پاکستانی بینکوں کا ایڈوانس ٹو ڈپازٹ ریشو 10 فیصد تک گرگیا ۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستانی بینکوں کاایڈوانس ٹو ڈپازٹ ریشو دسمبر 2024 میں 52 فیصد کی بلند ترین سطح پر موجود تھا جو فروری 2025 میں 10 فیصد گراوٹ سے 42 فیصد پر آگیا ہے ۔دسمبر 24ء میں بینکوں کی جانب سے جاری قرضوں کا حجم 15.6 کھرب تھا جو فروری میں گھٹ کر14 کھرب رہ گیا ۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق بینکوں نے اپنی سرمایہ کاری قرضوں کے بجائے سرکاری سکیورٹیز یعنی ٹی بلز اور پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز میں منتقل کرنا شروع کردی ہے جسکے باعث بینک پبلک سیکٹر کو قرض فراہم کرنے سے ہچکچارہے ہیں ۔دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے حکومت کو قرض دینا بینک زیادہ محفوظ آپشن سمجھ رہے ہیں کیونکہ آئندہ دنوں میں حکومت گردشی قرضوں کے خاتمے کیلئے بینکوں سے بڑے پیمانے پر قرض لینے کا پروگرام بنا چکی ہے اور اسی سلسلے میں آئی ایم ایف کو بھی کسی حد تک راضی کیا جاچکا ہے ۔