ایس ایم ایز کو ترقی دیکربرآمدات بڑھائی جاسکتی ،شاہد عمران

لاہور(اے پی پی)وفاقی چیمبرکی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ ایس ایم ایز کو ترقی دے کر پائیدار خوشحالی اور برآمدات میں30فیصد سے زیادہ اضافہ ممکن ہے ۔
اتوار کو یہاں میاں آفتاب ضیا کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اور ویتنام جیسے ممالک نے یہ ثابت کیا ہے کہ ایس ایم ای سپورٹ صنعتی انقلاب برپا کر سکتی ہے ۔ ٹارگٹڈ اقدامات کے ذریعے ایس ایم ای فنانسنگ کو اولیت دی جانی چاہیے ، رعایتی شرح پر خصوصی کریڈٹ اسکیموں، مائیکرو فنانس تک رسائی میں بہتری اور نجی بینکوں کو ایس ایم ایز کیلئے قرضوں کا پابند کر کے فنڈنگ کی کمی کو دور کیا جا سکتا ہے ۔ ٹیکس اور کاروبار کی رجسٹریشن کو آسان بنانے کیلئے ریگولیٹری اصلاحات سے آپریشنل بوجھ میں مزید کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 5.34ملین چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔