نہروں پر سیاست غلط، پی پی گھر کی لڑائی میڈیا پر نہ لڑے ،عظمیٰ
لاہور(اپنے نامہ نگار سے ،آن لائن)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نہروں پر سیاست کرنا سندھ کا کام ہے ۔
پی پی رہنما چودھری منظور کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں انہوں نے کہا سندھ والے کہتے ہمارا پانی ہے ، آپ کہتے یہ پنجاب کا پانی ہے ، پیپلزپارٹی پہلے آپس میں طے کرلے یہ کس کا پانی ہے ، آپ پنجاب میں رہ کر پنجاب کیخلاف لڑائی نہیں لڑ سکتے ؟ ، کسانوں کیساتھ کھڑے ہونے سے پہلے چیک کرلیں وہ آپکے ساتھ کھڑے ہیں یا نہیں، پنجاب نہ کسی کا حق چھینتا ہے نہ کسی کو اپنا حق کھانے دیتا ہے ۔ پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا رول ادا کیا، وزیراعلیٰ پنجاب سے سوال کی بجائے صدر مملکت سے پوچھ لیں تو بہتر ہوگا، پیپلزپارٹی گھر کی لڑائی میڈیا پر لڑنے کی کوشش نہ کرے ۔ عظمیٰ بخاری نے بجلی کی قیمتوں میں کمی پر اظہار تشکر کرتے کہا وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے اپنا وعدہ پورا کردیا، ن لیگ جب بھی اقتدار میں آئی ہمیشہ ملک و قوم کا سوچا ، ملک اور عوام نے ترقی کی، اب بھی ملک و عوام ترقی کی راہ پر گامزن ہیں، عوام کی حمایت سے اور نوازشریف کی زیرسرپرستی پارٹی عوامی امنگوں پر پورا اترے گی۔
صوبائی وزیرعظمیٰ بخاری نے رات گئے لاہور کے تھیٹرز پر اچانک چھاپے مارے ،محفل تھیٹر، پرنس تھیٹر اور تماثیل تھیٹر میں کیفے ٹیریا، ڈریسنگ رومز ، ہالز اور ماحول کا جائزہ لیا ، ناقص صفائی و انتظامی بدانتظامیوں پر برہمی کا اظہار کیا ،سٹیج ڈراموں میں غیر اخلاقی گانوں اور اداکارائوں کے نامناسب لباس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اورکہا پنجاب کے تھیٹرز میں کسی کوبے حیائی نہیں پھیلانے دینگے ۔اس موقع پر معروف اداکار ساجن عباس، اداکارہ نیلی، صائمہ خان، نایاب خان اور سونو بٹ کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ۔ وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ آئندہ کسی فنکار نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی توتاحیات پابندی لگادی جائیگی۔عظمیٰ بخاری نے آرٹس کونسل افسروں کے کام کے طریقہ کار پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیااورکہا تھیٹرز کے ماحول کو بہتر بنانے کیلئے تمام متعلقہ افراد کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا،تھیٹر مالکان اچھے موضوعات پر مبنی ڈرامے پیش کریں ۔