آٹوپارٹس مقامی سطح پر تیار کیا جائے ،افتخار علی ملک

لاہور(اے پی پی)سارک چیمبر کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ آٹوموبائل کے پرزہ جات مقامی سطح پر تیار کرکے آٹو پارٹس کے سالانہ درآمدی بل میں 3بلین ڈالر کی کمی لائی جا سکتی ہے ۔
ایک بیان میں انہوں نے آٹو پارٹس کی مقامی مینوفیکچرنگ کو بہتر بنانے کے بارے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اسٹیل، پلاسٹک اور الیکٹرانکس کی ذیلی صنعتوں کو استحکام ملے گا، ان کی سپلائی چین مضبوط ہو گی اور پاکستان سستی گاڑیوں اور پرزوں کا علاقائی برآمدی مرکز بنے گا جس سے افریقہ، وسطی ایشیا اور مشرق وسطی کی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعتوں کو فروغ دے کر پاکستان غیر ملکی درآمدات پر انحصار کم اور اپنی معیشت کو مستحکم کر سکتا ہے ۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر کا فروغ ترقی اور روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پاکستان کو صنعتی معیشت کے طور پر شناخت دے سکتا ہے جس سے طویل مدتی خوشحالی کا حصول ممکن ہے۔