اسٹاک مارکیٹ میں تیزی،1ہزار 131 پوائنٹ کا اضافہ

کراچی (بزنس رپورٹر )پاکستان سٹاک ایکسچینج کی اوپننگ مایوس کن اور کلوزنگ شاندار رہی۔ امریکا کی عالمی ٹیرف پالیسی نے دنیا بھر کی سٹاک ایکسچینجز سمیت پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھی مندی میں مبتلا کردیا تھا۔۔۔
اور ہنڈرڈ انڈیکس گرتے گرتے 1 لاکھ 18 ہزار کی نفسیاتی حد سے 1 لاکھ 17 ہزار 500 پوائنٹس کی حد پر آگیا ۔ دوسری جانب سٹاک سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی امریکی فیصلے کے سبب زائل ہورہا تھا اور حصص کی قیمتیں فروخت کے دباؤ سے نیچے آگئی تھیں، دوران ٹریڈنگ ہنڈرڈ انڈیکس میں 260 پوائنٹس کی مندی بھی دیکھی گئی، تاہم جمعرات کی سہ پہر وزیر اعظم کی جانب سے ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی سستی کرنے کااعلان مارکیٹ کو پلس سے سرپلس اور ریکارڈ پلس کرگیا،انڈیکس 1 لاکھ 17 ہزار500پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے بڑھ کر 1 لاکھ 18 ہزار اور 1لاکھ 19 ہزار 100 پوائنٹس کی نفسیاتی حدوں کو عبور کرگیا۔ اسٹاک سرمایہ کاروں کا متزلزل اعتماد ایک بار پھر بحال ہوگیااورسرمایہ کاری کا رخ بلو چپ کمپنیوں میں بالخصوص آئل اینڈ گیس سیکٹر کی جانب ہوگیا، جس کے باعث سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ٹریڈنگ کا اختتام پہلی بار ریکارڈ سطح سے ہوا۔ ہنڈرڈ انڈیکس دوران ٹریڈنگ 1360 پوائنٹس بڑھا، تاہم معمولی نوعیت کی پرافٹ ٹیکنگ سے انڈیکس اختتامی لمحات میں 1 لاکھ 19 ہزار کی حد سے کم ہوکر 1131 پوائنٹس بڑھ کر ملکی تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 18 ہزار938پوائنٹس پر بند ہوا۔ دوسری جانب کے ایس ای 30 انڈیکس 401 پوائنٹس بڑھ کر 36 ہزار 756 پوائنٹس ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1729 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 84 ہزار 835 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 608 پوائنٹس اضافے سے 73 ہزار 949 پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 452 کمپنیوں کے حصص کا کاروبا ر ہوا، جس میں سے 247 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 154 میں کمی اور 51 میں استحکام رہا۔گزشتہ روز 32 کروڑ 99 لاکھ سے زائد مالیت شیئرز کا کاروباری حجم 28 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد رہا۔ اعداد و شمار کے مطابق سرمایہ کاری بڑھنے سے سٹاک کیپٹل 14 کھرب 37 ارب روپے سے بڑھ کر 14 کھرب 49 ارب روپے رہا۔ ماہرین کے مطابق مہنگائی بڑھنے کی رفتار میں 60 سالہ کمی کے شماریات اور گھریلو ، صنعتی اور کمرشل صارفین کیلئے بجلی سستی ہونے کا اعلان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے فروغ کا سبب ہوں گے ۔