ٹوبہ :فاریسٹ پارک انتظامیہ کی غفلت کا شکار، سہولیات ناپید

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )فاریسٹ پارک بدستور انتظامیہ کی عدم تو جہی کا شکار، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ،کشتی رانی کیلئے بنی جھیل گندا جو ہڑ بن چکی ،چوری کی وارداتیں بھی نہ رک سکیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شہریو ں کو تفریحی سہو لیات کی فراہمی کیلئے جھنگ روڈ پر 55ایکڑ کے وسیع و عریض رقبہ پر 2004میں فاریسٹ پارک تعمیر کیا گیا تھا جو طویل عرصہ بعد آج بھی بنیادی سہو لتو ں سے محروم ہیں حالانکہ اصلاح احوال کیلئے متعدد بار میڈیا انتظامیہ کی توجہ بھی اس طرف مبذول کروا چکا لیکن متعلقہ حکام نے آج تک کوئی عملی اقدامات نہیں کئے حالانکہ محکمہ جنگلات نے فاریسٹ پارک میں پودو ں ،پھولوں کی دیکھ بھال اور پارک کی تزئین و آرائش کیلئے 8بیلدارو ں کو بطور ورک چارج ملازمین تعینات کیا، ایک فاریسٹ گارڈ اور ایک نرسری فاریسٹ گارڈ بھی وہاں مامور ہے لیکن ان ملازمین کی غفلت کے باعث پارک میں جا بجا گھنی وخود رو جھا ڑیو ں کی بہتات ہے ، پارک میں جرائم پیشہ اور نشہ کے عادی افراد نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ،جس سے یہاں وارداتیں معمول ہیں ، پارک میں بچوں اور بڑوں کو کشتی رانی سے لطف اندوز کرانے کیلئے بنائی گئی جھیل جو ہڑ بنی ہوئی ہے ،کشتیا ں بھی ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہو کر رہ گئیں ،صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام نہ ہو نے کی وجہ سے اکثر مقامات پر گندگی اور کو ڑا کر کٹ کے ڈھیر پڑے ہیں ، مختلف مقامات پر نصب پنجروں میں کو ئی جانور یا پرندہ نہیں ہے ۔عوامی حلقوں نے حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔