کمالیہ میں قصابوں کیخلاف گرینڈ آپریشن،9دکانیں سیل

کمالیہ،جکھڑ(نمائندہ خصوصی،نمائندہ دنیا ،سٹی رپورٹر )اے سی کمالیہ اقراء ناصر کا مہنگا گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف گرینڈ آپریشن، 9 دکانیں سیل ، ایف آئی آر کے اندراج کیلئے استغاثہ پولیس سٹیشن بھجوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقرا ئناصر نے تحصیل بھر میں مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپورکاروائی کاآغازکر دیا ہے ، انہوں نے گزشتہ روز مختلف علاقوں میں قصابوں کی دکانوں پر اچانک چھاپے مارے اور سرکاری نرخ نامے سے ہٹ کرمہنگے داموں گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کر دیئے جبکہ دکانیں سیل کردیں،قصابوں کے خلاف آپریشن کے دوران متعدد دکانداروں کو وارننگ دی گئیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، عوام کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، عوامی مسائل کے حل کے لیے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ،شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔