ڈسکہ:بارشی پانی کے نکا س کیلئے منصوبہ تکمیل کے قریب
ڈسکہ(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ڈسکہ سٹی کے زون ون اور ٹو سے بارشی پانی کے نکاس کیلئے 77 کروڑ 24 لاکھ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ترقیاتی منصوبے پر 70 فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جاچکا ہے۔
یہ منصوبہ 15 مئی تک مکمل کرلیا جائے گا اس منصوبے کی تکمیل سے ڈسکہ سٹی میں بارشی پانی کا فوری نکاس ممکن ہوگا اور 3 لاکھ شہری منصوبے سے مستفید ہونگے ۔ یہ بات انہوں نے میونسپل کمیٹی ڈسکہ میں ڈسکہ سٹی میں مون سون کی ممکنہ بارشوں کے سلسلہ میں پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران کیا، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ الفت شہزاد، انجینئر صائم اور ڈاکٹر رومان عاشر میاں،محمدافضل منشاء، عظیم بٹ، سید داؤد شاہ بخاری اور انچارج سینی ٹیشن محمد یوسف بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈسکہ میں پنجاب حکومت اور ورلڈ بینک کے اشتراک سے پنجاب سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اربن ڈویلپمنٹ کے جامع منصوبے پر کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ ڈسکہ شہر کا دیرینہ مسئلہ نشیبی علاقوں سے پانی کا نکاس ہے جو ان منصوبوں کی تکمیل سے حل ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کے عوام کیلئے شہباز شریف تفریحی پارک کی توسیعی منصوبے پر بھی کام جاری ہے ۔