پابندی کے با وجود 16کمپنیوں کے مشروبات کی فروخت

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)موسم گرما کی آمد پر مضر صحت مشروبات اور جوسز کی فروخت میں اضافہ ہوگیا۔
جبکہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے 16ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مشروبات پر پابندی لگانے کے باوجود فروخت جاری جس پر فوڈ اتھارٹی نے ممنوعہ اور پابندی والے مشروبات کی فیکٹریوں کی چھان بین کا فیصلہ کرلیا اور غیر معیاری مشروبات تیار اور فروخت کرنے والے یونٹس کو سیل کیا جائے گا اور انہیں بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے ۔ فوڈ اتھارٹی ذرائع کے مطابق سینکڑوں مقامات پر گھروں کے اندر جعلی ٹریڈ مارک اور ناقص میٹریل استعمال کرکے مضر صحت جوس اور مشروبات کی تیاری کا دھندہ جاری ہوچکا ،بازاروں میں جعلی جوس فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جارہا ہے ، جعلی فوڈ کلر کے استعمال سے شہریوں میں بیماریاں پھیل سکتی ہیں جس کیلئے فوڈ اتھارٹی گوجرانوالہ نے ٹاؤن کی سطح پر فوڈ سیفٹی انسپکٹرز پر مشتمل چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جوس اور مشروبات تیار کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنیاں جعلی رنگ اور پیکنگ کرکے انسانی صحت کو نقصان پہنچارہی ہیں۔