دولت پور:بھتہ خوروں کا حملہ،فیکٹری کے 4سکیورٹی گارڈ ز زخمی
دولت پور،جیکب آباد (نمائندگان دنیا)النور ایم ڈی ایف بورڈ فیکٹری شاہپور جہانیاں میں فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے بھتہ نہ دینے پر ایک درجن سے زائد مسلح افراد نے فیکٹری کے مین گیٹ پر ڈیوٹی پر۔۔۔
مامور سیکورٹی گارڈز پر لوہے کی سلاخوں اور لاٹھیوں سے وار کرکے چیف سیکورٹی انچارج مشتاق سولنگی،گارڈ ز رحمت اللہ گورچانی،ثناء اللہ بگٹی اور عدنان جٹ کو شدید زخمی کردیا، زخمیوں کو رورل ہیلتھ سینٹر شاہپورجہانیاں منتقل کیا گیا جہاں مشتاق سولنگی اور رحمت اللہ گورچانی کی حالت تشویشناک ہونے پر زخمیوں کو پی ایم سی اسپتال نواب شاہ روانہ کردیا گیا۔دنیا نیوز کے رابطہ کرنے پر فیکٹری انتظامیہ کے جی ایم عارف خٹک نے بتایا کہ چند روز قبل فیکٹری انتظامیہ سے بھتہ مانگا گیا تھا ، بھتہ نہ دینے پر مبینہ بھتہ خوروں نے یونین رہنماؤں کے ساتھ ملکر حملہ کردیا۔ہم ڈی آئی جی پولیس شہید بے نظیر آباد سے واقعے کا نوٹس لینے کامطالبہ کرتے ہیں۔ جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے علاقے میرپوربرڑو میں ظالم شوہر نثار کھوسو نے غیرت کے نام پر بیوی جمیلہ کو ڈنڈوں سے مار کر قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق اطلاع پر پولیس پہنچی تو ملزم گھر خالی کرکے فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے مقتولہ کی لاش کو اسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی گئی۔ آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا جب کہ جیکب آباد میں کرنٹ لگنے سے 18سالہ علی نواز مغیری جاں بحق ہوگیا۔