جیکب آباد:خارانی برادری کا نوجوان اغوا،مشتعل افراد کادھرنا
جیکب آباد،اندرون سندھ(بیورورپورٹ، نمائندگان دنیا)جیکب آباد میں خارانی برادری کے نوجوان کو اغوا کرلیاگیا جس پر اہلخانہ نے کا قومی شاہراہ پر دھرنادیدیا۔
تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے تاجو دیرو تھانہ کی حدود سے خارانی برادری کے نوجوان صدام خارانی مبینہ طورپر اغوا ہوگیا، مغوی نوجوان کی گاڑی بیگاری کینال کے قریب کھائی سے برآمد ہوئی، نوجوان کے مبینہ اغوا کے خلاف خارانی برادری کے لوگوں نے بائی پاس پر زیرو پوائنٹ کے مقام پر دھرنا دیا، مشتعل مظاہرین نے ٹائروں کو نذر آتش کرکے بدامنی اور پولیس کے خلاف نعریبازی کی، دھرنے کے باعث کئی گھنٹوں تک سندھ بلوچستان کی طرف آنے جانے والی ٹریفک معطل رہی۔ میرپورماتھیلو میں شہید صحافی نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے لیے ہونے والے احتجاج پر شہید کے بھائی سمیت درجنوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا ۔ واضح رہے کہ دو روز قبل صحافی نصراللہ گڈانی کے بھائی یعقوب گڈانی کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے بعد مظاہرین پر ہونے والے حملے کے خلاف گڈانی برادری کی جانب سے قومی شاہراہ بلاک کرنے پر سرکار کی مدعیت میں مقتول صحافی کے بھائی یعقوب گڈانی سمیت پندرہ نامزد اور پچیس نامعلوم ملزمان کے خلاف بیلو میرپور تھانے پر مقدمہ درج کردیا گیا ہے ،درج کیے گئے مقدمے میں حملہ آور بھی شامل ہیں۔ سکھر پریس کلب کے سامنے کندھراکے نواحی گوٹھ دڑو کی رہائشی جاگیرانی برادری نے بااثر افراد کی مبینہ زیادتیو ں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعریبازی کی ۔اس موقع پر جاگیرانی برادری کے افراد مہران جاگیرانی،جاوید جاگیرانی،بلاول جاگیرانی ودیگر نے متعلقہ حکام سے نوٹس لیکر انصاف و تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔