مردوں میں ہارٹ اٹیک کی شرح بڑھتی جا رہی ہے ،ماہرین
کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ادارہ برائے امراض قلب میں روزانہ 40 سے 45 افراد ہارٹ اٹیک کا شکار ہو کر علاج کیلئے آتے ہیں جن میں سے 15 فیصد کی عمر 25 سے 40 سال کے درمیان ہوتی ہے ۔
پاکستانی مردوں میں کم عمری میں ہارٹ اٹیک کی شرح بڑھتی جا رہی ہے ، جس کی بنیادی وجہ موٹاپا، ورزش سے اجتناب اور غیر صحت مند غذا کا استعمال ہے ۔ان خیالات کا اظہار ماہرین صحت نے قومی ادارہ برائے امراض قلب (این ٓئی سی وی ڈی)اور ڈسکورنگ ہائپر ٹینشن کے تحت آرٹس کونسل کراچی میں بچوں اور نوجوانوں میں دل کی بیماریوں سے متعلق آگاہی پھیلانے کیلئے ’’اچھے بچے ‘‘ڈرامہ تھیٹر کا انعقاد کے بعد کیا۔قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر صغیر نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں میں دل کے امراض میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے ، اور اس کی سب سے بڑی وجہ غیر صحت مند طرز زندگی اور ورزش کی کمی ہے ۔آج کل کے نوجوان جسمانی سرگرمیوں سے دور ہوتے جا رہے ہیں، اسکولز میں کھیلنے کے میدان ختم ہو چکے ہیں، اور بچے گاڑیوں اور جدید سہولیات کی وجہ سے جسمانی مشقت سے دور ہو گئے ہیں۔ڈاکٹر طاہر صغر نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا میں شوگر کے نوجوان مریضوں کی سب سے بڑی تعداد والا ملک بن چکا ہے۔ڈاکٹر خاور کاظمی، سربراہ پری وینٹو کارڈیالوجی این آئی سی وی ڈی نے کہا کہ بچوں کو بچپن سے ہی دل کی بیماریوں سے بچنے کے لیے صحت مند عادات اپنانے کی ترغیب دینا ہوگی۔