ڈاکس میں ڈمپر نے 25سالہ راہگیر کو کچل دیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں مختلف حادثات میں بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے ۔سپر ہائی وے جمالی پل سے نیو سبزی منڈی جاتے ہوئے ۔۔
ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا،متوفی کی شناخت 25 سالہ احسان کے نام سے کی گئی جو موٹر سائیکل پر سوار تھا جب کہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے ۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے کے ڈی اے فلیٹ کے قریب رہائشی عمارت کی چوتھی منزل سے گر کر3 سالہ ریحان چل بسا۔دوسری جانب عوامی کالونی کے علاقے کورنگی نمبر 3 گراؤنڈ کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، جس کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی ۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ محمد سنی ولد محمد شہاب کے نام سے کی گئی ۔متوفی کورنگی کا رہائشی تھا ، حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے ٹریلر سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔اُدھر ڈاکس کے علاقے مولوی تمیز الدین خان روڈ بحریہ اسکول کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے 25 سالہ راہگیر جاں بحق ہوگیا ۔متوفی کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی ۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی فوری طور پر شناخت کی جا سکے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش سردخانے منتقل کر دی ۔