وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا آئی سی یو کا دورہ

ملتان(لیڈی رپورٹر)وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے گزشتہ روز ہسپتال کے انٹینسیو کیئر یونٹ (آئی سی یو) کا دورہ کیا۔۔
اس دورے کے دوران وائس چانسلر نے آئی سی یو میں موجود تمام طبی آلات اور سہولیات کا بغور معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی حالت اور ان کے علاج کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں،وائس چانسلر نے آئی سی یو کے عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی ستھرائی اور انفیکشن کنٹرول کے انتظامات کا بھی مشاہدہ کیا ۔انہوں نے مریضوں کے علاج معالجے کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے اور ہم اس سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے آئی سی یو کے عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں ۔انہوں نے زور دیا کہ مریضوں کی خدمت کو اولین ترجیح دی جائے اور طبی سہولیات کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں۔