مضر صحت جعلی مشروبات کی تیاری اور فروخت عروج پر، درجنوں فیکٹریاں قائم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) موسمی شدت کے پیش نظر شہر سمیت ضلع بھر میں مضر صحت جعلی مشروبات کی تیاری اور فروخت عروج پر پہنچ گئی، اور چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف انسانی جانوں سے کھیلا جا رہا ہے۔۔۔
بلکہ ٹیکس کی مد میں حکومتی خزانے کو بھی خطیر ٹیکہ لگایا جا رہا ہے ، ذرائع کے مطابق شہر سمیت ضلع کے مختلف مقامات پردرجنوں ایسی فیکٹریاں قائم ہیں جن میں مقامی سطح پر مشروبات تیار کیے جاتے ہیں مگر ان کی پیکنگ اورنام ملٹی نیشنل کمپنیوں سے ملتے جلتے ہیں’ ان کمپنیوں کے تیار کردہ آدھا لٹر’ لٹر’ ڈیڑھ لٹر اور 5 لٹر کی بوتلیں خوبصورت پیکنگ میں مارکیٹ میں موجود ہیں’ جو کہ مضر صحت پانی کے علاوہ سینس اور کیمیکل سے تیار کی گئی ہیں’ ان مشروبات کے استعمال سے جہاں گلے اور پیٹ کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں وہاں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ناموں سے ملتے جلتے یہ مشروبات تیار کرنے والی فیکٹریوں کے مالکان کی اکثریت ٹیکس کی مد میں حکومت کو کروڑوں روپے ماہانہ کا نقصان پہنچا رہے ہیں ، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گھروں میں قائم ان چھوٹی فیکٹریوں اور گوداموں سے سپلائی ہونیوالے مشروبات انتہائی مہلک اور تیزی سے بیماریاں پھیلا نے کا موجب بن سکتے ہیں ، شہریوں کا کہنا ہے کہ ارباب اختیار کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر بیماریاں بانٹنے والی ان غیر معیاری مشروبات تیار کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کریں ۔