کراچی پورٹ گراؤنڈ میں سندھ کرافٹ فیسٹیول کا آغاز

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقرنے محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام پورٹ گراؤنڈ میں منعقد سندھ کرافٹ فیسٹیول کاافتتاح کردیا۔

ترجمان وزیر ثقافت جنیدعلی شاہ، وزیر تعلیم، وزیراطلاعات احمد شاہ نے وزیراعلی سندھ کا استقبال کیا، وزیراعلیٰ سندھ کوپھول،اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی گئی، فیسٹیول میں لگائے گئے مختلف سٹالز سمیت سندھی ثقافت کی عکاس "اوطاق "کادورہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے مختلف سٹالز پرشہریوں سے مصافحہ ،فیسٹیول متعلق پوچھا اورشہریوں کی تعریف کی، شہریوں نے وزیراعلیٰ کے ساتھ سیلفیاں لیں اورتصویریں بھی بنوائیں، جسٹس (ر) مقبول باقر نے فیسٹیول کے انعقاد کی کاوش پروزیر ثقافت کوسراہا۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ محکمہ ثقافت سندھ کا ہرسال سندھ کرافٹ فیسٹیول منعقد کرانا خوش آئند ہے، فیسٹیول سے سندھ کی روایت اورانکے کاریگروں کواپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے، حکومت سندھ کی مختلف ثقافتی اشیا ومصنوعات کومارکیٹ تک رسائی فراہم کرنا چاہتی ہے۔

سندھ کرافٹ فیسٹیول میں سندھ بھر سے 70 سے زائد فنکار اپنی دستکاری کی نمائش کر رہے ہیں، دستکاریوں میں اجرک، سندھی ٹوپی، کاسی، آٹا پیسنے والی جنڈی، کڑھائی ، کھجور کے پتوں سے بنی دستکاری، چمڑے کے جوتے، حیدرآبادی چوڑیاں ، گج، رلی، مٹی کے برتن، موہن جودڑو کے نقوش، کھیس، بُنائی کی دستکاری وغیرہ شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ زیادہ تر سٹالز خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے لگائے گئے ہیں، سندھ کی ثقافت کوفروغ دینے کیلئے لوک گلوکار ورقاصوں کی موسیقی نے فیسٹیول کو چار چاند لگائے ، شرکاء سندھ کی لوک موسیقی سے محظوظ ہوئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں