یورپی کمیشن: جی ایس پی پلس سے سب سے زیادہ مستفید ملک پاکستان قرار

برسلز: (دنیا نیوز) یورپی کمیشن کی تازہ جی ایس پی پلس رپورٹ میں پاکستان کو بدستور اس سکیم سے سب سے زیادہ مستفید ہونے والا ملک قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2024 میں پاکستان کی 7.5 ارب یورو مالیت کی برآمدات جی ایس پی پلس رعایتوں سے مستفید رہیں، پاکستان کو تقریباً 732 ملین یورو کی ٹیرف بچت حاصل ہوئی، جی ایس پی پلس سے استفادے کی شرح 95.1 فیصد تک پہنچ گئی۔

یورپی کمیشن کے مطابق 2024 میں یورپی یونین نے پاکستان کی مجموعی برآمدات کا 28 فیصد درآمد کیا جبکہ پاکستانی ملبوسات، ٹیکسٹائل، چمڑے، تیار خوراک اور دیگر مصنوعات نے رعایتی تجارتی سہولتوں سے نمایاں فائدہ اٹھایا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے جی ایس پی پلس سے متعلق تمام 27 بین الاقوامی کنونشنز کی توثیق برقرار رکھی اور یورپی یونین کے مانیٹرنگ عمل کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھا۔

یورپی کمیشن نے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو عالمی "اے سٹیٹس" کا حصول، قومی کمیشن برائے اقلیت کے قیام سے متعلق قانون سازی، انسداد تشدد قانون کے عملی قواعد، جیل اصلاحات، خواتین کے تحفظ، گھریلو تشدد اور کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون سازی کو اہم پیش رفت قرار دیا۔

رپورٹ میں محنت کشوں کے حقوق، جبری مشقت اور بچوں سے مشقت کے خاتمے، موسمیاتی پالیسی، کاربن مارکیٹ کے رہنما اصول، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، انسداد منشیات کے نئے قوانین اور ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ نظام میں پیش رفت کو بھی سراہا گیا۔

یورپی یونین نے پاکستان کے لیے 400 ملین یورو کے ترقیاتی اور اصلاحاتی تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...