ہمارے کچھ کھلاڑی کھیلتے کم اور بولتے زیادہ ہیں: یونس خان

کراچی: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ ہمارے کچھ کھلاڑی کھیلتے کم اور بولتے زیادہ ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کپتان یونس کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو چاہیے اپنے کھیل پر توجہ دیں، بابراعظم سے قوم کو زیادہ امیدیں ہیں، بابر اعظم صرف اس وجہ سے کپتان بنے تھے کہ وہ اچھا پرفارم کرتے تھے، قوم امید کرتی ہے بابراعظم ہر میچ میں سنچری سکور کریں ۔

انہوں نے کہا کہ بابر کو صرف ایک مشورہ ہے وہ کھیل پر توجہ دیں اور پرفارم کریں، یہ گیند اور بلے کی جنگ ہے، جب پرفام کریں تو سب بھول جائیں گے، یہ کبھی نہیں سوچنا چاہیے کہ کس نمبرپر کھیلنا ہے، بابراعظم پندرہ ہزار رنز بھی بنا سکتے ہیں۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کے سامنے ویرات کوہلی بطور مثال موجود ہے، بنگلہ دیش کی شکست کو بھول کر آئندہ میچز پر توجہ دیں ایسا نہ ہو کہ چھوٹی ٹیمیں آئیں ان سے بھی ہار جائیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ پی سی بی کو اپنی اہمیت کا اندازہ ہونا چاہئے، مجھے ایسا لگتا ہے پی سی بی میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو بورڈ کی اہمیت کا علم ہی نہیں، اچانک فیصلے ہوجاتے ہیں کوچز آجاتے ہیں، اب تو ہم سوچ رہے ہیں کہیں ہماری کرکٹ ختم ہی نہ ہوجائے، میں بڑا حیران ہوں سبزی والے کو بھی معلوم ہے کہ کرکٹ میں کس کو کہاں ہونا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو خودغرضی ختم کرنی چاہئے، کپتان صرف اس بنیاد پر نہیں بنانا چاہئے کہ وہ ہماری سنتا ہے، کسی کو اس بنیاد پر پر باہر نہیں کرنا چاہیے کہ یہ ہمیں اچھا نہیں لگتا۔

شہر قائد کی صورتحال سے متعلق بات کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ کراچی کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، کراچی ایسا نہیں تھا جیسا آج ہے، کراچی اب موہنجوداڑو لگتا ہے، ارباب اختیار سے کہتا ہوں آپ نے اللہ کو بھی جواب دینا ہے، کراچی روشنیوں کا شہر تھا یہاں کی سڑکیں ماضی میں بہت اچھی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کراچی میں ٹریفک کے نظام کا برا حال ہے، آج سڑک بنتی ہے اور پھر کھود دی جاتی ہے، شہری بھی اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتے، پان گٹکا کھاتے ہوئے سوچیں کہ آپ کے بچے آپ کو دیکھ رہے ہیں، کراچی کی اونر شپ ہم سب نے لینی ہے۔

یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ میں کراچی میں پیدا نہیں ہوا مگر اس شہر میں بڑا ہوا ہوں، کراچی کے لئے کچھ اچھا ہوگا تو ملک کے لئے بہتر ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں