فہیم اشرف ایک بار پھر قومی ٹیم میں واپسی کے خواہاں

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے ایک بار پھر کارکردگی سے قومی ٹیم میں واپسی کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

چیمپئنز ون ڈے کپ میں ڈولفنز کی نمائندگی کرنے والے فہیم اشرف نے کہا ہے کہ بطور پلیئر میں اپنی کارکردگی سے کبھی بھی مطمئن ہو کر نہیں بیٹھتا، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ ہر بار پہلے سے بہتر کروں۔

فہیم اشرف نے کہا ہے کہ کوشش یہی ہوتی ہے جس ٹیم کیلئے کھیلوں اپنا بہترین دوں، جب تک دم ہے کرکٹ کھیل رہا ہوں، دم نہیں ہوگا تو کرکٹ چھوڑ دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام بہترین پلیئرز ہی چیمپئنز کپ میں شرکت کر رہے ہیں، ہمیشہ سب کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی سو فیصد پرفارمنس دیں، ہم سب کا کام پرفارم کرنا ہے، اس کے بعد جو ہونا ہے وہ ہمارے ہاتھ میں نہیں۔

فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ چیمپئنز کپ سے سیزن کا آغاز ہے، یہ ہر پلیئر کیلئے کافی اہم ٹورنامنٹ ہے، ہر پلیئر کی کوشش ہوگی کہ اس ٹورنامنٹ میں اچھی پرفارمنس دے، کوئی کم بیک کی کوشش کرے گا، کوئی اس ٹورنامنٹ سے جگہ پکی کرنے کی کوشش کرے گا، نوجوان پلیئرز کیلئے یہ بہت اہم موقع ہے تاکہ وہ یہاں پرفارم کرکے نظروں میں آئیں۔

اس کے علاوہ فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ خواہش اور کوشش ہمیشہ یہی ہوتی ہے کہ ہر میچ میں اچھا پرفارم کروں، کوشش ہو گی کہ یہاں اچھا پرفارم کر کے چیمپئنز ٹرافی کیلئے قومی ٹیم میں کم بیک کروں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں