پنجاب کنگز نے آئی پی ایل میں نئی تاریخ رقم کردی

ملانپور: (ویب ڈیسک) پریتی زنٹا کی پنجاب کنگز نے آئی پی ایل 2025 میں نئی تاریخ رقم کر دی۔
گزشتہ روز پریتی زنٹا کی ٹیم پنجاب کنگز نے شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد نہ صرف شکست سے دوچار کیا بلکہ سب سے کم سکور کا کامیابی سے دفاع کرنے کا نیا ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف پریتی زنٹا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور 16 اوور میں 111 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، شاہ رخ خان کی ٹیم کے لئے بظاہر یہ ایک آسان ہدف تھا لیکن کنگز کے باؤلرز نے انتہائی شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے کمال کر دیا۔
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی پوری ٹیم 16 ویں اوور میں صرف 95 رنز پر آؤٹ ہو گئی، اس طرح یہ میچ پریتی زنٹا کی ٹیم نے 16 رنز سے جیت لیا اور پنجاب کنگز آئی پی ایل کی تاریخ میں کم ترین سکور کا کامیابی سے دفاع کرنے والی ٹیم بھی بن گئی۔
یاد رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اس سے قبل یہ ریکارڈ چنئی سپر کنگز کے پاس تھا جس نے 2009 میں پنجاب کے خلاف 116 رنز کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔