ورسٹائل اداکار جمیل فخری کو مداحوں سے بچھڑے 12 برس بیت گئے

لاہور: (دنیا نیوز) اداکاری میں کمال مہارت رکھنے والے ورسٹائل اداکار جمیل فخری کو مداحوں سے بچھڑے 12 برس بیت گئے۔

فن کی دنیا کا فخر اور ورسٹائل اداکار جمیل فخری 1946ء میں لاہور میں پیدا ہوئے، اپنے فنی سفر کا آغاز تھیٹر سے کیا، مرتے دم تک لوگوں میں خوشیاں بانٹتے رہے، جاندار مکالموں سے کردار کو امر کرنیوالے جمیل فخری کو ڈرامہ انڈسٹری میں منفرد مقام حاصل تھا۔

جمیل فخری کو پی ٹی وی کی مایہ ناز ڈرامہ سیریز ’’اندھیرا اجالا‘‘ نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، اندھیرا اجالا میں پولیس انسپکٹر جعفر حسین کے کردار نے انہیں امر کر دیا۔

اداکار نے 50 سے زائد فلموں اور ان گنت ڈراموں میں کام کیا، ’’دلدل‘‘،’’ تانے بانے‘‘، ’’وارث‘‘،’’ بندھن‘‘ اور ’’ ایک محبت سو افسانے‘‘ میں ان کے کردار سپر ہٹ رہے۔

جمیل فخری کو 1981ء میں فلم ’’یہ زمانہ اور ہے‘‘ میں بہترین مزاحیہ اداکاری پر نگار ایوارڈ سے نوازا گیا، 2002ء میں پرائیڈ آف پرفارمنس کے حق دار بھی ٹھہرے۔

فلم، سٹیج اور ٹی وی کا یہ بڑا فنکار دیار غیر میں جواں سال بیٹے کی موت کے بعد اندر سے ٹوٹ گیا اور 9 جون 2011ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں