ثناء جاوید اور عمیر جسوال میں علیحدگی کی افواہیں جنم لینے لگیں

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبصورت جوڑی اداکارہ ثناء جاوید اور گلوکار عمیر جسوال میں علیحدگی کی افواہیں سر گرم ہو گئیں۔

20 اکتوبر 2020ء کو ایک سادہ سی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی جوڑی ثناء جاوید اور عمیر جسوال سے متعلق گردش کرتی افواہوں نے مداحوں کے دل کھٹے کر دئیے۔

اس خوبصورت جوڑی کے اگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نظر دوڑائی جائے تو دونوں نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹس سے ایک دوسرے کے ہمراہ اپ لوڈ کی گئی سب ہی تصویریں اور ویڈیوز ہٹا دی ہیں۔

شہرت کی بلندیوں کو چھوتی یہ فنکار جوڑی اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں خوش اور کامیاب نظر آ رہی ہے مگر اس جوڑی نے حال ہی میں ایک دوسرے کے ساتھ نئی تصویریں بھی اپ لوڈ کرنا بند کر دی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں عمیر جسوال سعودی عرب میں اپنے ایک شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے دوست کی شادی میں تن تنہا شریک ہوئے تھے۔

بعد ازاں انہوں نے عمرہ بھی ادا کیا تھا، اس دوران بھی ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ ثناء جاوید کو نہیں دیکھا گیا تھا۔

عمیر اور ثناء کی جانب سے دئیے جانے والے اشاروں سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ اس جوڑی کے درمیان علیحدگی ہو گئی ہے۔

اس فنکار جوڑے نے تاحال پرستاروں کی جانب سے کی جانے والی قیاس آرائیوں کی کسی بھی قسم کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں