نمرہ خان نے خود کیساتھ پیش آنیوالے خوفناک حادثے کی روداد سنا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) خوبرو پاکستانی اداکارہ نمرہ خان نے خود کیساتھ پیش آنیوالے خوفناک حادثے کی روداد سنا دی۔

حال ہی میں نمرہ خان نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی وہیں انہوں نے خود کیساتھ پیش آنیوالے حادثے کی کہانی بھی بیان کردی۔

نمرہ خان نے اعتراف کیا کہ میری ہی غلطی کی وجہ سے حادثہ ہوا، میں نے پیچھے سے فوجی گاڑی کو تیز رفتاری سے ٹکر ماری، گاڑی کا اسٹیئرنگ میرے سینے میں گھس گیا، جس نے اندر جاکر جگر کو سخت متاثر کیا جب کہ میرے دماغ پر بھی شدید چوٹیں آئیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری دائیں ٹانگ پانچ جگہ سے ٹوٹ گئی تھی جب کہ اس سے گوشت کا بہت بڑا ٹکڑا الگ ہوچکا تھا، خطرناک حادثے کے کچھ ہی دیر بعد میں بے ہوش ہوگئی تھی اور مجھے فوجی افسران نے ہسپتال پہنچایا، جن کی گاڑی کو میں نے ٹکر ماری تھی۔

نمرہ نے فوجی افسران کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ابتدائی طور پر فوجی افسران کو لگا کہ ان پر خودکش حملہ ہوا ہے لیکن بعد ازاں انہوں نے انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔

نمرہ خان نے نئی زندگی ملنے پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی دعاؤں اور فوجی افسران کی جانب سے بروقت طبی امداد کے لیے اچھے ہسپتال منتقل کیے جانے کی وجہ سے میری زندگی بچی۔

واضح رہے کہ نمرہ خان شوبز کیریئر کے آغاز پر 2014 میں اسلام آباد کے قریب خطرناک روڈ حادثے کا شکار بنی تھیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں