نیشنل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں سینمیٹک آرٹ کی نمائش

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں وزارت قومی ورثہ کے تعاون سے سینمیٹک آرٹ کی نمائش ہوئی جس کا مقصد شعبے سے وابستہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور سینما کے شاندار ماضی کی یادیں تازہ کرنا تھا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کونسل آف آرٹس میں منعقدہ سینمیٹک آرٹ کی نمائش نے سینما کے عروج کی یادیں تازہ کر دیں، وزارت قومی ورثہ کے زیر اہتمام نمائش میں باکس آفس پر راج کرنے والی فلموں کے بورڈز رکھے گئے تھے جنہیں جس نے بھی دیکھا پاکستانی سینما کے شاندار ماضی کی یادوں میں کھو گیا۔

نمائش میں ملک کے مختلف شہروں سے نامور پینٹرز کا کام رکھا گیا، منتظمین کا کہنا تھا کہ نمائش کا مقصد سینمیٹک آرٹ کے فن کا احیا اور اس سے وابسطہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہے۔

شہریوں کی بڑی تعداد نے نمائش دیکھی اور خوب محظوظ ہوئے جبکہ آرٹسٹس کا کہنا تھا کہ سینما کے زوال نے انہیں معاشی طور پر بھی متاثر کیا ہے، فن کی تجدید اور ان کی حوصلہ افزائی کی یہ کاوش یقیناََ معاون ثابت ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں