سیاسی انتقام کے حامی نہیں اور نہ ہی بغاوت مقدمے سے تعلق ہے: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف اور لیگی ارکان کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کے معاملے پر وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ اس سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اہم معاملہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کے سامنے اٹھایا گیا اور اس پر بحث کی گئی۔ وزیراعظم نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاسی انتقام کی حامی ہے نہ ہی ن لیگی رہنماؤں کیخلاف بغاوت کی ایف آئی آر سے کوئی تعلق ہے۔
ذرائع کے مطابق دوران اجلاس وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ جب مجھے مقدمے کا علم ہوا، اس وقت میں سالگرہ کا کیک کاٹ رہا تھا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان کی ایف آئی آر معاملے میں مداخلت نہ کرنے کی تجویز دی تاہم شیریں مزاری اور فواد چودھری سمیت کئی وزرا نے مقدمے پر مختلف رائے دی۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ مقدمہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ مقدمے سے ہماری پارٹی کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔
جبکہ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ غداری جیسے مقدمات پارٹی پالیسی کیخلاف ہیں۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں موجود دو وفاقی وزرا نے بغاوت کا مقدمہ ختم کرنے کی مخالفت کی۔