حکومت نے سنجیدگی نہیں دکھائی، آٹا اور موت دونوں ساتھ چل رہے ہیں: سراج الحق

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت آٹے کو سستا کرے تاکہ ہر ایک کو ملے، اب تک ہماری حکومت نے کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی، پوری قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا، بیروزگاری، مہنگائی اور بد امنی میں اضافہ ہوا ہے۔

اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ انسان نے چاند پر قدم رکھا، ہماری حکومت لوگوں کو قطار میں کھڑا کرنے کی تربیت نہیں دے سکی، آٹا اور موت دونوں ساتھ ساتھ چل رہے ہیں، حکومت کو چاہیے تھا آٹے کے 3 تھیلوں کی قیمت عوام کے بینک اکاؤنٹ میں بھیج دے، پاکستان کی حکومت چاہتی ہے کہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کو یہ تصاویر دکھائے، یہ حکومت کی ناکامی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا وزیر اعظم کا کام آٹا تقسیم کرنا نہیں انتظام کرنا ہے، ویژن دینا ہے، ایک ایک جگہ جاکر تصویر بنوانا اور سفر کرنا عقل کا تقاضہ نہیں ہے، چترال سے لے کر کراچی تک پوری قوم ریوڑ کی طرح آٹے کے ٹرک کے پیچھے بھاگ رہی ہے، کروڑوں لوگوں کو آٹے کے تھیلے کیلئے کھڑا کر دیا ہے، حکومت ایک کو مفت آٹا دے رہی اور دوسرے کیلئے قیمت میں اضافہ کر رہی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں