شہباز شریف کا غریب اور متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں بڑے اقدامات کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے غریب اور متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں بڑے اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے معاشی چیلنجز کے باوجود غریب اور متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں خصوصی اقدامات کی ہدایت کی ہے، انہوں نے موجودہ وسائل کو بہترین انداز میں بروئے کار لا کر زیادہ سے زیادہ عوامی ریلیف دینے اور کسانوں کو کھاد پر براہ راست سبسڈی پہنچانے کا دو ٹوک فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کی شرائط پوری کر دیں، امید ہے رواں ماہ معاہدہ ہو جائیگا، شہباز شریف

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کھاد پر سبسڈی براہ راست کسانوں تک پہنچانے کیلئے ایک جامع پلان تشکیل دے کر پیش کیا جائے، حکومت مستحق کسانوں کے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں معاونت فراہم کرے گی، ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن سے ایندھن کا درآمدی بل کم ہو گا اور کسانوں کی فی ایکڑ پیداواری لاگت کم ہو گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوتے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچایا جائے، انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر مستحق لوگوں کی شمولیت یقینی بنائی جائے، یقینی بنایا جائے کہ ملک بھر میں کوئی بھی مستحق بیوہ بی آئی ایس پی کے ڈیٹا سے باہر نہ رہے۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہو گئی: مریم نواز

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مستحق طلبا و طالبات کو وظائف سے اعلیٰ تعلیم و پیشہ ورانہ ہنر سے لیس کیا جائے گا، حکومت اس مقصد کیلئے پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا قیام یقینی بنا رہی ہے، ہم ہمیشہ کی طرح ملک کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، لیپ ٹاپس اور روزگار کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو عالمی معیار و عصری تقاضوں کے مطابق ہنر فراہم کرے گی، وزیر اعظم یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر نوجوانون کو آسان شرائط پر قرض سے کاروبار میں سہولت فراہم کی جائے گی، نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سہولیات فراہم کر کے ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھائی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: عدلیہ کے خلاف نہیں، کوئی غلطی کرتا ہے تو اس پر تنقید ہونی چاہیے: مولانا فضل الرحمان

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو فری لانسنگ اور پیشہ ورانہ تربیت سے لیس کر کے خود روزگاری میں سہولت فراہم کی جائے گی، گزشتہ حکومت کے 4 سالہ سیاہ دور میں نوجوانوں میں نفرت و انتشار کے جذبات، ڈنڈے اور پٹرول بم تھمائے گئے، ہم اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بہترین طریقے سے بروئے کار لا کر ملک و قوم کی ترقی یقینی بنائیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے چھوٹے کاروبار اور چھوٹے پیمانے کی صنعت کی ترقی کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں